زبور 9:90-17

زبور 9:90-17 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

ہمارے زندگی کے تمام دِن آپ کے غضب میں بیت جاتے ہیں؛ اَور ہم اَپنے سال آہ کی طرح گزارتے ہیں۔ ہماری عمر کی میعاد محض ستّر بَرس ہے، اَور اگر ہم میں قُوّت ہو تو اسّی بَرس؛ لیکن یہ عرصہ محض مشقّت اَور رنج و غم میں گزر جاتا ہے، کیونکہ یہ دِن جلد چلے جاتے ہیں اَور ہم رخصت ہو جاتے ہیں۔ آپ کے قہر کی شِدّت کو کون جانتا ہے؟ کیونکہ آپ کے غضب اَور آپ کے خوف کی شِدّت یکساں ہے۔ ہمیں صحیح طور سے اَپنی زندگی کے دِن گننا سکھائیں، تاکہ ہمارے دِل کو دانائی حاصل ہو۔ اَے یَاہوِہ! ترس کھایٔیں، آخِر یہ کب تک ہوتا رہے گا؟ اَپنے خادِموں پر رحم فرمائیں۔ صُبح کو ہمیں اَپنی لافانی مَحَبّت سے آسُودہ کریں، تاکہ ہم خُوشی سے گائیں اَور عمر بھر شادمان رہیں۔ جتنے دِن آپ نے ہمیں دُکھ دیا اَور جتنے سال ہم مُصیبت میں رہے، اُتنے ہی عرصہ تک ہمیں خُوشی عنایت فرمائیں۔ آپ کے کارنامے آپ کے خادِموں پر، اَور آپ کی شوکت اُن کی اَولاد پر ظاہر ہو۔ ہمارے خُداوؔند خُدا کا لُطف و کرم ہم پر بنا رہے؛ ہمارے ہاتھوں کے کام ہمارے لیٔے کامیابی لائیں۔ آپ ہمارے ہاتھوں کے کام کو ترقّی بخشیں۔

زبور 9:90-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

چنانچہ ہمارے تمام دن تیرے قہر کے تحت گھٹتے گھٹتے ختم ہو جاتے ہیں۔ جب ہم اپنے سالوں کے اختتام پر پہنچتے ہیں تو زندگی سرد آہ کے برابر ہی ہوتی ہے۔ ہماری عمر 70 سال یا اگر زیادہ طاقت ہو تو 80 سال تک پہنچتی ہے، اور جو دن فخر کا باعث تھے وہ بھی تکلیف دہ اور بےکار ہیں۔ جلد ہی وہ گزر جاتے ہیں، اور ہم پرندوں کی طرح اُڑ کر چلے جاتے ہیں۔ کون تیرے غضب کی پوری شدت جانتا ہے؟ کون سمجھتا ہے کہ تیرا قہر ہماری خدا ترسی کی کمی کے مطابق ہی ہے؟ چنانچہ ہمیں ہمارے دنوں کا صحیح حساب کرنا سکھا تاکہ ہمارے دل دانش مند ہو جائیں۔ اے رب، دوبارہ ہماری طرف رجوع فرما! تُو کب تک دُور رہے گا؟ اپنے خادموں پر ترس کھا! صبح کو ہمیں اپنی شفقت سے سیر کر! تب ہم زندگی بھر باغ باغ ہوں گے اور خوشی منائیں گے۔ ہمیں اُتنے ہی دن خوشی دلا جتنے تُو نے ہمیں پست کیا ہے، اُتنے ہی سال جتنے ہمیں دُکھ سہنا پڑا ہے۔ اپنے خادموں پر اپنے کام اور اُن کی اولاد پر اپنی عظمت ظاہر کر۔ رب ہمارا خدا ہمیں اپنی مہربانی دکھائے۔ ہمارے ہاتھوں کا کام مضبوط کر، ہاں ہمارے ہاتھوں کا کام مضبوط کر!