زبور 7:9-12
زبور 7:9-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لیکن یَاہوِہ اَبد تک تخت نشین رہے گا؛ اُنہُوں نے اِنصاف کے لیٔے اَپنا تخت قائِم کیا ہے۔ وہ دُنیا پر حُکمرانی؛ اَور قوموں کا اِنصاف راستبازی سے کریں گے۔ یَاہوِہ مظلوموں کے لیٔے پناہ، اَور مُصیبت کے ایّام میں قلعہ ہے۔ جو آپ کا نام جانتے ہیں، آپ پر توکّل کریں گے، اَے یَاہوِہ، کیونکہ جنہوں نے آپ سے دعا کی، آپ نے اَپنے طالبوں کو کبھی نہیں چھوڑا۔ یَاہوِہ کی سِتائش کرو، جو صِیّونؔ میں تخت نشین ہے؛ اَور قوموں کے درمیان اُس کے کارناموں کا اعلان کرو۔ کیونکہ خُون کا اِنتقام لینے والا، اُن کو یاد رکھتا ہے؛ اَور وہ مُصیبت زدوں کی فریاد کو نظرانداز نہیں کرتا۔
زبور 7:9-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن رب ہمیشہ تک تخت نشین رہے گا، اور اُس نے اپنے تخت کو عدالت کرنے کے لئے کھڑا کیا ہے۔ وہ راستی سے دنیا کی عدالت کرے گا، انصاف سے اُمّتوں کا فیصلہ کرے گا۔ رب مظلوموں کی پناہ گاہ ہے، ایک قلعہ جس میں وہ مصیبت کے وقت محفوظ رہتے ہیں۔ اے رب، جو تیرا نام جانتے وہ تجھ پر بھروسا رکھتے ہیں۔ کیونکہ جو تیرے طالب ہیں اُنہیں تُو نے کبھی ترک نہیں کیا۔ رب کی تمجید میں گیت گاؤ جو صیون پہاڑ پر تخت نشین ہے، اُمّتوں میں وہ کچھ سناؤ جو اُس نے کیا ہے۔ کیونکہ جو مقتولوں کا انتقام لیتا ہے وہ مصیبت زدوں کی چیخیں نظرانداز نہیں کرتا۔
زبور 7:9-12 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن خُداوند ابد تک تخت نشِین ہے۔ اُس نے اِنصاف کے لِئے اپنا تخت تیّار کِیا ہے اور وُہی صداقت سے جہان کی عدالت کرے گا۔ وہ راستی سے قَوموں کا اِنصاف کرے گا۔ خُداوند مظلُوموں کے لِئے اُونچا بُرج ہو گا۔ مُصِیبت کے ایّام میں اُونچا بُرج اور وہ جو تیرا نام جانتے ہیں تُجھ پر توکُّل کریں گے کیونکہ اَے خُداوند! تُو نے اپنے طالِبوں کو ترک نہیں کِیا ہے۔ خُداوند کی سِتایش کرو جو صِیُّون میں رہتا ہے۔ لوگوں کے درمِیان اُس کے کاموں کو بیان کرو کیونکہ خُون کی پُرسِش کرنے والا اُن کو یاد رکھتا ہے۔ وہ غرِیبوں کی فریاد کو نہیں بُھولتا۔