YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:89-11

زبور 1:89-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں ہمیشہ خُداوند کی شفقت کے گِیت گاؤُں گا۔ مَیں پُشت در پُشت اپنے مُنہ سے تیری وفاداری کا اِعلان کرُوں گا۔ کیونکہ مَیں نے کہا کہ شفقت ابد تک بنی رہے گی۔ تُو اپنی وفاداری کو آسمان میں قائِم رکھّے گا۔ مَیں نے اپنے برگُزِیدہ کے ساتھ عہد باندھا ہے۔ مَیں نے اپنے بندہ داؤُد سے قَسم کھائی ہے۔ مَیں تیری نسل کو ہمیشہ کے لِئے قائِم کرُوں گا اور تیرے تخت کو پُشت در پُشت بنائے رکھُّوں گا۔ (سِلاہ) اَے خُداوند! آسمان تیرے عجائِب کی تعرِیف کرے گا۔ مُقدّسوں کے مجمع میں تیری وفاداری کی تعرِیف ہو گی کیونکہ افلاک پر خُداوند کا نظِیر کَون ہے؟ فرِشتگان میں کَون خُداوند کی مانِند ہے؟ اَیسا معبُود جو مُقدّسوں کی محفِل میں نہایت تعظِیم کے لائِق ہے اور اپنے سب اِردگِرد والوں سے زیادہ مُہِیب ہے۔ اَے خُداوند لشکروں کے خُدا! اَے یاہ! تُجھ سا زبردست کَون ہے؟ تیری وفاداری تیرے چَوگِرد ہے۔ سمُندر کے جوش و خروش پر تُو حُکمرانی کرتا ہے۔ تُو اُس کی اُٹھتی لہروں کو تھما دیتا ہے۔ تُو نے رہب کو مقتُول کی مانِند ٹُکڑے ٹُکڑے کِیا۔ تُو نے اپنے قوّی بازُو سے اپنے دُشمنوں کو پراگندہ کر دِیا۔ آسمان تیرا ہے۔ زمِین بھی تیری ہے۔ جہان اور اُس کی معمُوری کو تُو ہی نے قائِم کِیا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 89

زبور 1:89-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ایتان اِزراحی کا حکمت کا گیت۔ مَیں ابد تک رب کی مہربانیوں کی مدح سرائی کروں گا، پشت در پشت منہ سے تیری وفا کا اعلان کروں گا۔ کیونکہ مَیں بولا، ”تیری شفقت ہمیشہ تک قائم ہے، تُو نے اپنی وفا کی مضبوط بنیاد آسمان پر ہی رکھی ہے۔“ تُو نے فرمایا، ”مَیں نے اپنے چنے ہوئے بندے سے عہد باندھا، اپنے خادم داؤد سے قَسم کھا کر وعدہ کیا ہے، ’مَیں تیری نسل کو ہمیشہ تک قائم رکھوں گا، تیرا تخت ہمیشہ تک مضبوط رکھوں گا‘۔“ (سِلاہ) اے رب، آسمان تیرے معجزوں کی ستائش کریں گے، مُقدّسین کی جماعت میں ہی تیری وفاداری کی تمجید کریں گے۔ کیونکہ بادلوں میں کون رب کی مانند ہے؟ الٰہی ہستیوں میں سے کون رب کی مانند ہے؟ جو بھی مُقدّسین کی مجلس میں شامل ہیں وہ اللہ سے خوف کھاتے ہیں۔ جو بھی اُس کے ارد گرد ہوتے ہیں اُن پر اُس کی عظمت اور رُعب چھایا رہتا ہے۔ اے رب، اے لشکروں کے خدا، کون تیری مانند ہے؟ اے رب، تُو قوی اور اپنی وفا سے گھرا رہتا ہے۔ تُو ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر پر حکومت کرتا ہے۔ جب وہ موجزن ہو تو تُو اُسے تھما دیتا ہے۔ تُو نے سمندری اژدہے رہب کو کچل دیا، اور وہ مقتول کی مانند بن گیا۔ اپنے قوی بازو سے تُو نے اپنے دشمنوں کو تتر بتر کر دیا۔ آسمان و زمین تیرے ہی ہیں۔ دنیا اور جو کچھ اُس میں ہے تُو نے قائم کیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 89