زبور 1:86-17
زبور 1:86-17 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! اپنا کان جُھکا اور مُجھے جواب دے۔ کیونکہ مَیں مِسکِین اور مُحتاج ہُوں۔ میری جان کی حِفاظت کر کیونکہ مَیں دِین دار ہُوں۔ اَے میرے خُدا! اپنے بندہ کو جِس کا توکُّل تُجھ پر ہے بچا لے۔ یا رب! مُجھ پر رحم کر کیونکہ مَیں دِن بھر تُجھ سے فریاد کرتا ہُوں۔ یا رب! اپنے بندہ کی جان کو شاد کر دے کیونکہ مَیں اپنی جان تیری طرف اُٹھاتا ہُوں۔ اِس لِئے کہ تُو یا رب! نیک اور مُعاف کرنے کو تیّار ہے اور اپنے سب دُعا کرنے والوں پر شفقت میں غنی ہے۔ اَے خُداوند! میری دُعا پر کان لگا۔ اور میری مِنّت کی آواز پر توجُّہ فرما۔ مَیں اپنی مُصِیبت کے دِن تُجھ سے دُعا کرُوں گا۔ کیونکہ تُو مُجھے جواب دے گا۔ یا رب! معبُودوں میں تُجھ سا کوئی نہیں اور تیری صنعتیں بے مِثال ہیں۔ یا رب! سب قَومیں جِن کو تُو نے بنایا آ کر تیرے حضُور سِجدہ کریں گی اور تیرے نام کی تمجِید کریں گی۔ کیونکہ تُو بزُرگ ہے اور عجِیب و غرِیب کام کرتا ہے۔ تُو ہی واحِد خُدا ہے۔ اَے خُداوند! مُجھ کو اپنی راہ کی تعلِیم دے۔ مَیں تیری راستی میں چلُوں گا۔ میرے دِل کو یکسُوئی بخش تاکہ تیرے نام کا خَوف مانُوں۔ یا رب! میرے خُدا! مَیں پُورے دِل سے تیری تعرِیف کرُوں گا۔ مَیں ابد تک تیرے نام کی تمجِید کرُوں گا۔ کیونکہ مُجھ پر تیری بڑی شفقت ہے اور تُو نے میری جان کو پاتال کی تہہ سے نِکالا ہے۔ اَے خُدا! مغرُور میرے خِلاف اُٹھے ہیں اور تُند خُو جماعت میری جان کے پِیچھے پڑی ہے اور اُنہوں نے تُجھے اپنے سامنے نہیں رکھّا۔ لیکن تُو یا رب! رحِیم و کرِیم خُدا ہے۔ قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت و راستی میں غنی۔ میری طرف متوجُّہ ہو اور مُجھ پر رحم کر۔ اپنے بندہ کو اپنی قُوّت بخش اور اپنی لَونڈی کے بیٹے کو بچا لے۔ مُجھے بھلائی کا کوئی نِشان دِکھا۔ تاکہ مُجھ سے عداوت رکھنے والے اِسے دیکھ کر شرمِندہ ہوں۔ کیونکہ تُو نے اَے خُداوند! میری مدد کی اور مُجھے تسلّی دی ہے۔
زبور 1:86-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کی دعا۔ اے رب، اپنا کان جھکا کر میری سن، کیونکہ مَیں مصیبت زدہ اور محتاج ہوں۔ میری جان کو محفوظ رکھ، کیونکہ مَیں ایمان دار ہوں۔ اپنے خادم کو بچا جو تجھ پر بھروسا رکھتا ہے۔ تُو ہی میرا خدا ہے! اے رب، مجھ پر مہربانی کر، کیونکہ دن بھر مَیں تجھے پکارتا ہوں۔ اپنے خادم کی جان کو خوش کر، کیونکہ مَیں تیرا آرزومند ہوں۔ کیونکہ تُو اے رب بھلا ہے، تُو معاف کرنے کے لئے تیار ہے۔ جو بھی تجھے پکارتے ہیں اُن پر تُو بڑی شفقت کرتا ہے۔ اے رب، میری دعا سن، میری التجاؤں پر توجہ کر۔ مصیبت کے دن مَیں تجھے پکارتا ہوں، کیونکہ تُو میری سنتا ہے۔ اے رب، معبودوں میں سے کوئی تیری مانند نہیں ہے۔ جو کچھ تُو کرتا ہے کوئی اَور نہیں کر سکتا۔ اے رب، جتنی بھی قومیں تُو نے بنائیں وہ آ کر تیرے حضور سجدہ کریں گی اور تیرے نام کو جلال دیں گی۔ کیونکہ تُو ہی عظیم ہے اور معجزے کرتا ہے۔ تُو ہی خدا ہے۔ اے رب، مجھے اپنی راہ سکھا تاکہ تیری وفاداری میں چلوں۔ بخش دے کہ مَیں پورے دل سے تیرا خوف مانوں۔ اے رب میرے خدا، مَیں پورے دل سے تیرا شکر کروں گا، ہمیشہ تک تیرے نام کی تعظیم کروں گا۔ کیونکہ تیری مجھ پر شفقت عظیم ہے، تُو نے میری جان کو پاتال کی گہرائیوں سے چھڑایا ہے۔ اے اللہ، مغرور میرے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ظالموں کا جتھا میری جان لینے کے درپَے ہے۔ یہ لوگ تیرا لحاظ نہیں کرتے۔ لیکن تُو، اے رب، رحیم اور مہربان خدا ہے۔ تُو تحمل، شفقت اور وفا سے بھرپور ہے۔ میری طرف رجوع فرما، مجھ پر مہربانی کر! اپنے خادم کو اپنی قوت عطا کر، اپنی خادمہ کے بیٹے کو بچا۔ مجھے اپنی مہربانی کا کوئی نشان دکھا۔ مجھ سے نفرت کرنے والے یہ دیکھ کر شرمندہ ہو جائیں کہ تُو رب نے میری مدد کر کے مجھے تسلی دی ہے۔