YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:84-12

زبور 1:84-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے قادرمُطلق یَاہوِہ، آپ کی قِیام گاہ کیا ہی دلکش ہے۔ میری جان یَاہوِہ کی بارگاہوں کے لیٔے تڑپتی ہے بَلکہ بےچین ہو جاتی ہے، میرا دِل اَور میرا جِسم زندہ خُدا کے لیٔے خُوشی سے للکارتے ہیں۔ اَے قادرمُطلق یَاہوِہ، میرے بادشاہ اَور میرے خُدا! آپ کے مذبح کے نزدیک، چڑیا نے بھی اَپنا آشیانہ پایا، اَور ابابیل نے اَپنے لیٔے گھونسلہ، جہاں وہ اَپنے بچّے رکھ سکے۔ مُبارک ہیں وہ جو آپ کے گھر میں بستے ہیں؛ وہ ہمیشہ آپ کی سِتائش کرتے رہیں گے۔ مُبارک ہیں وہ آدمی جو آپ سے قُوّت پاتے ہیں، جِن کے دِل میں کوہِ صِیّونؔ کی زیارت کا جذبہ موجزن ہے۔ وہ وادی بُکا میں سے گزرتے ہُوئے، اُسے چشموں کا مقام بنا دیتے ہیں؛ اَور موسمِ خزاں کی برسات بھی اُس میں پانی کے کیٔی گڑھے بنا دیتی ہے۔ پہلی بارش اُس علاقہ کو برکتوں سے معموُر کردیتی ہے۔ وہ طاقت پر طاقت پاتے جاتے ہیں، یہاں تک کہ ہر ایک صِیّونؔ میں خُدا کے حُضُور مَیں حاضِر ہو جاتے ہیں۔ اَے یَاہوِہ، قادرمُطلق خُدا! میری دعا سُنیں؛ اَے یعقوب کے خُدا! میری طرف کان لگائیں۔ اَے خُدا، ہماری سِپر پر نظر کریں؛ اَپنے ممسوح بادشاہ پر آپ کی نظرِ التفات ہو۔ آپ کی بارگاہ میں ایک دِن کسی اَور جگہ کے ہزار دِنوں سے بہتر ہے؛ میں اَپنے خُدا کے گھر کا دربان ہونا بدکار لوگوں کے خیموں میں بسنے سے زِیادہ پسند کروں گا۔ کیونکہ یَاہوِہ خُدا آفتاب اَور سِپر ہیں؛ یَاہوِہ فضل اَور جلال بخشتے ہیں؛ اَور جِن کی روِش بے اِلزام ہو اُنہیں کسی نِعمت سے محروم نہیں رکھتے۔ اَے قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا! مُبارک ہے وہ آدمی جو آپ پر توکّل رکھتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 84

زبور 1:84-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

قورح خاندان کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ طرز: گتّیت۔ اے رب الافواج، تیری سکونت گاہ کتنی پیاری ہے! میری جان رب کی بارگاہوں کے لئے تڑپتی ہوئی نڈھال ہے۔ میرا دل بلکہ پورا جسم زندہ خدا کو زور سے پکار رہا ہے۔ اے رب الافواج، اے میرے بادشاہ اور خدا، تیری قربان گاہوں کے پاس پرندے کو بھی گھر مل گیا، ابابیل کو بھی اپنے بچوں کو پالنے کا گھونسلا مل گیا ہے۔ مبارک ہیں وہ جو تیرے گھر میں بستے ہیں، وہ ہمیشہ ہی تیری ستائش کریں گے۔ (سِلاہ) مبارک ہیں وہ جو تجھ میں اپنی طاقت پاتے، جو دل سے تیری راہوں میں چلتے ہیں۔ وہ بکا کی خشک وادی میں سے گزرتے ہوئے اُسے شاداب جگہ بنا لیتے ہیں، اور بارشیں اُسے برکتوں سے ڈھانپ دیتی ہیں۔ وہ قدم بہ قدم تقویت پاتے ہوئے آگے بڑھتے، سب کوہِ صیون پر اللہ کے سامنے حاضر ہو جاتے ہیں۔ اے رب، اے لشکروں کے خدا، میری دعا سن! اے یعقوب کے خدا، دھیان دے! (سِلاہ) اے اللہ، ہماری ڈھال پر کرم کی نگاہ ڈال۔ اپنے مسح کئے ہوئے خادم کے چہرے پر نظر کر۔ تیری بارگاہوں میں ایک دن کسی اَور جگہ پر ہزار دنوں سے بہتر ہے۔ مجھے اپنے خدا کے گھر کے دروازے پر حاضر رہنا بےدینوں کے گھروں میں بسنے سے کہیں زیادہ پسند ہے۔ کیونکہ رب خدا آفتاب اور ڈھال ہے، وہی ہمیں فضل اور عزت سے نوازتا ہے۔ جو دیانت داری سے چلیں اُنہیں وہ کسی بھی اچھی چیز سے محروم نہیں رکھتا۔ اے رب الافواج، مبارک ہے وہ جو تجھ پر بھروسا رکھتا ہے!

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 84

زبور 1:84-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے لشکروں کے خُداوند! تیرے مسکن کیا ہی دِلکش ہیں! میری جان خُداوند کی بارگاہوں کی مُشتاق ہے بلکہ گُداز ہو چلی۔ میرا دِل اور میرا جِسم زِندہ خُدا کے لِئے خُوشی سے للکارتے ہیں۔ اَے لشکروں کے خُداوند! اَے میرے بادشاہ اور میرے خُدا! تیرے مذبحوں کے پاس گورَیّا نے اپنا آشیانہ اور ابابِیل نے اپنے لِئے گھونسلا بنا لِیا جہاں وہ اپنے بچّوں کو رکھّے۔ مُبارک ہیں وہ جو تیرے گھر میں رہتے ہیں۔ وہ سدا تیری تعرِیف کریں گے۔ (سِلاہ) مُبارک ہے وہ آدمی جِس کی قُوّت تُجھ سے ہے۔ جِس کے دِل میں صِیُّوؔن کی شاہراہیں ہیں۔ وہ وادیِ بُکا سے گُذر کر اُسے چشموں کی جگہ بنا لیتے ہیں۔ بلکہ پہلی بارِش اُسے برکتوں سے معمُور کر دیتی ہے۔ وہ طاقت پر طاقت پاتے ہیں۔ اُن میں سے ہر ایک صِیُّون میں خُدا کے حضُور حاضِر ہوتا ہے۔ اَے خُداوند لشکروں کے خُدا! میری دُعا سُن۔ اَے یعقُوب کے خُدا! کان لگا۔ (سِلاہ) اَے خُدا! اَے ہماری سِپر! دیکھ اور اپنے ممسُوح کے چِہرہ پر نظر کر۔ کیونکہ تیری بارگاہوں میں ایک دِن ہزار سے بِہتر ہے۔ مَیں اپنے خُدا کے گھر کا دربان ہونا شرارت کے خَیموں میں بسنے سے زِیادہ پسند کرُوں گا۔ کیونکہ خُداوند خُدا آفتاب اور سِپر ہے۔ خُداوند فضل اور جلال بخشے گا۔ وہ راست رَو سے کوئی نِعمت باز نہ رکھّے گا۔ اَے لشکروں کے خُداوند! مُبارک ہے وہ آدمی جِس کا توکُّل تُجھ پر ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 84