زبور 1:78-39
زبور 1:78-39 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے میری اُمّت! میری تعلیم سُنو؛ میرے مُنہ کے کلام پر کان لگاؤ۔ میں تمثیلوں کے لیٔے اَپنا مُنہ کھولوں گا، میں قدیم زمانہ کی پوشیدہ باتیں بتاؤں گا۔ جنہیں ہم نے سُنا اَور جان لیا، اَور جنہیں ہمارے آباؤاَجداد نے ہمیں بتایا۔ ہم اُنہیں اُن کی اَولاد سے پوشیدہ نہ رکھیں گے؛ بَلکہ آنے والی نَسل کو یَاہوِہ کے قابل تعریف کارناموں، اُن کی قُدرت اَور اُن کے کئے ہُوئے عجِیب کارناموں کے متعلّق سَب کچھ بتا دیں گے۔ اُنہُوں نے یعقوب میں قوانین کی گواہی قائِم کی اَور اِسرائیل میں شَریعت مُقرّر کی، جِن کے متعلّق ہمارے آباؤاَجداد کو حُکم دیا کہ وہ اَپنی اَولاد کو اُن کی تعلیم دیں، لہٰذا اگلی پُشت اُنہیں جانے گی، اَور وہ فرزند بھی جانیں گے جو ابھی پیدا ہونے والے ہیں، اَور وہ اُنہیں اَپنی اَولاد کو بتائیں گے۔ تَب وہ خُدا پر ایمان لائیں گے اَور اُن کے کارناموں کو فراموش نہ کریں گے، بَلکہ اُن کے اَحکام پر عَمل کریں گے۔ وہ اَپنے آباؤاَجداد کی مانند نہ ہوں گے۔ جو ایک ضِدّی اَور باغی پُشت ہے، جِن کا دِل ہی خُدا کا وفادار نہ رہا، اَور نہ اُن کی رُوح۔ اِفرائیمؔ کے سپاہیوں نے کمانوں سے مُسلّح ہوتے ہُوئے بھی، لڑائی کے دِن پیٹھ دِکھا دی؛ اُنہُوں نے خُدا کے عہد کو قائِم نہ رکھا اَور اُن کے آئین پر چلنے سے اِنکار کیا۔ اُنہُوں نے اُن کے حیرت اَنگیز کاموں کو، جو اُنہیں دِکھائے گیٔے تھے، فراموش کر دیا۔ اُنہُوں نے اُن کے آباؤاَجداد کی نگاہوں کے سامنے مُلک مِصر اَور ضعنؔ کے علاقے میں عجِیب و غریب کارنامے کئے۔ اُنہُوں نے سمُندر کے دو حِصّے کئے اَور اُنہیں پار اُتارا؛ اَور پانی کو دیوار کی مانند کھڑا کر دیا۔ اُنہُوں نے دِن کے وقت بادل کے ذریعہ اَور رات کو آگ کی رَوشنی سے اُن کی رہنمائی کی۔ اُنہُوں نے بیابان میں چٹّانوں کو چاک کیا اَور اُنہیں سمُندر کی طرح بہتات سے پانی دیا۔ اُنہُوں نے چٹّان والی گھاٹی میں ندیاں جاری کیں اَور دریاؤں کی طرح پانی بہایا۔ لیکن عِبرانی لوگ اُن کے خِلاف گُناہ کرتے ہی گیٔے، اَور بیابان میں خُداتعالیٰ سے بغاوت کرتے رہے۔ اُنہُوں نے اَپنی پسند کی خُوراک مانگ کر جان بوجھ کر خُدا کو آزمایا۔ اُنہُوں نے یہ کہتے ہُوئے خُدا کے خِلاف بدگوئی کی؛ کیا خُدا، ”بیابان میں دسترخوان بچھانے پر قادر ہے؟ جَب اُنہُوں نے چٹّان کو مارا تو پانی پھوٹ نِکلا، اَور ندیاں کثرت سے بہہ نکلیں۔ لیکن کیا وہ ہمیں روٹی بھی دے سکتے ہیں؟ کیا وہ اَپنے لوگوں کے لیٔے گوشت مہیا کر سکتے ہیں؟“ جَب یَاہوِہ نے اُن کی باتیں سُنیں تو وہ نہایت غضبناک ہُوئے؛ لہٰذا یعقوب کے خِلاف اُن کے غُصّہ کی آگ بھڑک اُٹھی، اَور اِسرائیل پر اُن کا قہر ٹوٹ پڑا، کیونکہ وہ خُدا پر ایمان نہ لایٔے اَور اُن کی نَجات پر بھروسا نہ کیا۔ تو بھی اُنہُوں نے اُوپر افلاک کو حُکم دیا اَور آسمان کے دروازے کھول دئیے؛ اُنہُوں نے اُمّت کے کھانے کے لیٔے مَنّا برسایا، اَور اُنہیں آسمانی خُوراک عنایت فرمائی۔ اِنسانوں نے فرشتوں کی غِذا کھائی؛ اَور جِتنی رسد اُنہیں درکار تھی اُتنی بھیج دی۔ اُنہُوں نے آسمان میں مشرقی ہَوا چلائی اَور اَپنی قُدرت سے جُنوبی ہَوا چلائی۔ اُنہُوں نے خاک کی مانند اُن پر گوشت برسایا، اَور سمُندر کے کنارے کی ریت کی طرح بے شُمار پرندے بھیجے۔ خُدا نے اُنہیں اُن کی قِیام گاہ میں، اَور اُن کے خیموں کے اطراف گرا دیا۔ اُنہُوں نے جی بھرکے کھایا، کیونکہ اُنہُوں نے اُن کی دِلی تمنّا پُوری کی تھی۔ لیکن اِس سے پہلے کہ اُن کا دِل اِس غِذا سے بھرجاتا جِس کے لیٔے وہ ترستے تھے، اَور ابھی وہ اُن کے مُنہ میں ہی تھی، خُدا کا قہر اُن پر بھڑک اُٹھا؛ اَور خُدا نے اُن کے موٹے اَور بھاری بھر کم لوگوں کو موت کے گھاٹ اُتار دیا، اَور اِسرائیلی جَوانوں کو مار گرایا۔ اِس کے باوُجُود وہ گُناہ کرتے رہے؛ اَور اُن کے معجزوں کے باوُجُود وہ ایمان نہ لایٔے۔ اِس لیٔے خُدا نے اُن کے دِنوں کو رائگاں کر دیا اَور اُن کے سالوں کو دہشت میں گزر جانے دیا۔ جَب کبھی خُدا اُنہیں قتل کرتے، وہ خُدا کے طالب ہوتے؛ اَور دِل و جان سے دوبارہ اُن کی طرف رُجُوع کرتے۔ اَور اُنہیں یاد آتا کہ خُدا اُن کی چٹّان ہیں، اَور خُداتعالیٰ اُن کے نَجات دِہندہ ہیں۔ لیکن تَب وہ اَپنے مُنہ سے اُن کی جھُوٹی خُوشامد کرتے، اَور اَپنی زبان سے اُن سے جھُوٹ بولتے؛ اُن کے دِل میں اُن کے لیٔے خُلوص نہ تھا، اَور نہ وہ اُن کے عہد ہی کے وفادار نکلے۔ تو بھی خُدا نے رحم کیا، خُدا نے اُن کی بدکاریاں بخش دیں اَور اُنہیں ہلاک نہیں کیا۔ بارہا خُدا نے اَپنے قہر کو روکا اَور اَپنے غضب کو پُورے طور پر بھڑکنے نہ دیا۔ خُدا کو یاد تھا کہ وہ محض بشر ہیں، اَور ہَوا کا جھونکا جو واپس نہیں آتا۔
زبور 1:78-39 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
آسف کا زبور۔ حکمت کا گیت۔ اے میری قوم، میری ہدایت پر دھیان دے، میرے منہ کی باتوں پر کان لگا۔ مَیں تمثیلوں میں بات کروں گا، قدیم زمانے کے معمے بیان کروں گا۔ جو کچھ ہم نے سن لیا اور ہمیں معلوم ہوا ہے، جو کچھ ہمارے باپ دادا نے ہمیں سنایا ہے اُسے ہم اُن کی اولاد سے نہیں چھپائیں گے۔ ہم آنے والی پشت کو رب کے قابلِ تعریف کام بتائیں گے، اُس کی قدرت اور معجزات بیان کریں گے۔ کیونکہ اُس نے یعقوب کی اولاد کو شریعت دی، اسرائیل میں احکام قائم کئے۔ اُس نے فرمایا کہ ہمارے باپ دادا یہ احکام اپنی اولاد کو سکھائیں تاکہ آنے والی پشت بھی اُنہیں اپنائے، وہ بچے جو ابھی پیدا نہیں ہوئے تھے۔ پھر اُنہیں بھی اپنے بچوں کو سنانا تھا۔ کیونکہ اللہ کی مرضی ہے کہ اِس طرح ہر پشت اللہ پر اعتماد رکھ کر اُس کے عظیم کام نہ بھولے بلکہ اُس کے احکام پر عمل کرے۔ وہ نہیں چاہتا کہ وہ اپنے باپ دادا کی مانند ہوں جو ضدی اور سرکش نسل تھے، ایسی نسل جس کا دل ثابت قدم نہیں تھا اور جس کی روح وفاداری سے اللہ سے لپٹی نہ رہی۔ چنانچہ افرائیم کے مرد گو کمانوں سے لیس تھے جنگ کے وقت فرار ہوئے۔ وہ اللہ کے عہد کے وفادار نہ رہے، اُس کی شریعت پر عمل کرنے کے لئے تیار نہیں تھے۔ جو کچھ اُس نے کیا تھا، جو معجزے اُس نے اُنہیں دکھائے تھے، افرائیمی وہ سب کچھ بھول گئے۔ ملکِ مصر کے علاقے ضُعن میں اُس نے اُن کے باپ دادا کے دیکھتے دیکھتے معجزے کئے تھے۔ سمندر کو چیر کر اُس نے اُنہیں اُس میں سے گزرنے دیا، اور دونوں طرف پانی مضبوط دیوار کی طرح کھڑا رہا۔ دن کو اُس نے بادل کے ذریعے اور رات بھر چمک دار آگ سے اُن کی قیادت کی۔ ریگستان میں اُس نے پتھروں کو چاک کر کے اُنہیں سمندر کی سی کثرت کا پانی پلایا۔ اُس نے ہونے دیا کہ چٹان سے ندیاں پھوٹ نکلیں اور پانی دریاؤں کی طرح بہنے لگے۔ لیکن وہ اُس کا گناہ کرنے سے باز نہ آئے بلکہ ریگستان میں اللہ تعالیٰ سے سرکش رہے۔ جان بوجھ کر اُنہوں نے اللہ کو آزما کر وہ خوراک مانگی جس کا لالچ کرتے تھے۔ اللہ کے خلاف کفر بک کر وہ بولے، ”کیا اللہ ریگستان میں ہمارے لئے میز بچھا سکتا ہے؟ بےشک جب اُس نے چٹان کو مارا تو پانی پھوٹ نکلا اور ندیاں بہنے لگیں۔ لیکن کیا وہ روٹی بھی دے سکتا ہے، اپنی قوم کو گوشت بھی مہیا کر سکتا ہے؟ یہ تو ناممکن ہے۔“ یہ سن کر رب طیش میں آ گیا۔ یعقوب کے خلاف آگ بھڑک اُٹھی، اور اُس کا غضب اسرائیل پر نازل ہوا۔ کیوں؟ اِس لئے کہ اُنہیں اللہ پر یقین نہیں تھا، وہ اُس کی نجات پر بھروسا نہیں رکھتے تھے۔ اِس کے باوجود اللہ نے اُن کے اوپر بادلوں کو حکم دے کر آسمان کے دروازے کھول دیئے۔ اُس نے کھانے کے لئے اُن پر مَن برسایا، اُنہیں آسمان سے روٹی کھلائی۔ ہر ایک نے فرشتوں کی یہ روٹی کھائی بلکہ اللہ نے اِتنا کھانا بھیجا کہ اُن کے پیٹ بھر گئے۔ پھر اُس نے آسمان پر مشرقی ہَوا چلائی اور اپنی قدرت سے جنوبی ہَوا پہنچائی۔ اُس نے گرد کی طرح اُن پر گوشت برسایا، سمندر کی ریت جیسے بےشمار پرندے اُن پر گرنے دیئے۔ خیمہ گاہ کے بیچ میں ہی وہ گر پڑے، اُن کے گھروں کے ارد گرد ہی زمین پر آ گرے۔ تب وہ کھا کھا کر خوب سیر ہو گئے، کیونکہ جس کا لالچ وہ کرتے تھے وہ اللہ نے اُنہیں مہیا کیا تھا۔ لیکن اُن کا لالچ ابھی پورا نہیں ہوا تھا اور گوشت ابھی اُن کے منہ میں تھا کہ اللہ کا غضب اُن پر نازل ہوا۔ قوم کے کھاتے پیتے لوگ ہلاک ہوئے، اسرائیل کے جوان خاک میں مل گئے۔ اِن تمام باتوں کے باوجود وہ اپنے گناہوں میں اضافہ کرتے گئے اور اُس کے معجزات پر ایمان نہ لائے۔ اِس لئے اُس نے اُن کے دن ناکامی میں گزرنے دیئے، اور اُن کے سال دہشت کی حالت میں اختتام پذیر ہوئے۔ جب کبھی اللہ نے اُن میں قتل و غارت ہونے دی تو وہ اُسے ڈھونڈنے لگے، وہ مُڑ کر اللہ کو تلاش کرنے لگے۔ تب اُنہیں یاد آیا کہ اللہ ہماری چٹان، اللہ تعالیٰ ہمارا چھڑانے والا ہے۔ لیکن وہ منہ سے اُسے دھوکا دیتے، زبان سے اُسے جھوٹ پیش کرتے تھے۔ نہ اُن کے دل ثابت قدمی سے اُس کے ساتھ لپٹے رہے، نہ وہ اُس کے عہد کے وفادار رہے۔ توبھی اللہ رحم دل رہا۔ اُس نے اُنہیں تباہ نہ کیا بلکہ اُن کا قصور معاف کرتا رہا۔ بار بار وہ اپنے غضب سے باز آیا، بار بار اپنا پورا قہر اُن پر اُتارنے سے گریز کیا۔ کیونکہ اُسے یاد رہا کہ وہ فانی انسان ہیں، ہَوا کا ایک جھونکا جو گزر کر کبھی واپس نہیں آتا۔
زبور 1:78-39 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میرے لوگو! میری شرِیعت کو سُنو۔ میرے مُنہ کی باتوں پر کان لگاؤ۔ مَیں تمثِیل میں کلام کرُوں گا اور قدِیم مُعمّے کہُوں گا۔ جِن کو ہم نے سُنا اور جان لِیا اور ہمارے باپ دادا نے ہم کو بتایا اور جِن کو ہم اُن کی اَولاد سے پوشِیدہ نہیں رکھّیں گے بلکہ آیندہ پُشت کو بھی خُداوند کی تعرِیف اور اُس کی قُدرت اور عجائِب جو اُس نے کِئے بتائیں گے۔ کیونکہ اُس نے یعقُوب میں ایک شہادت قائِم کی اور اِسرائیل میں شرِیعت مقرّر کی جِن کی بابت اُس نے ہمارے باپ دادا کو حُکم دِیا کہ وہ اپنی اَولاد کو اُن کی تعلِیم دیں۔ تاکہ آیندہ پُشت یعنی وہ فرزند جو پَیدا ہوں گے اُن کو جان لیں اور وہ بڑے ہو کر اپنی اَولاد کو سِکھائیں کہ وہ خُدا پر آس رکھّیں اور اُس کے کاموں کو بُھول نہ جائیں بلکہ اُس کے حُکموں پر عمل کریں اور اپنے باپ دادا کی طرح سرکش اور باغی نسل نہ بنیں۔ اَیسی نسل جِس نے اپنا دِل درُست نہ کِیا اور جِس کی رُوح خُدا کے حضُور وفادار نہ رہی۔ بنی اِفرائِیم مُسلّح ہو کر اور کمانیں رکھتے ہُوئے لڑائی کے دِن پِھر گئے۔ اُنہوں نے خُدا کے عہد کو قائِم نہ رکھّا اور اُس کی شرِیعت پر چلنے سے اِنکار کِیا اور اُس کے کاموں کو اور اُس کے عجائِب کو جو اُس نے اُن کو دِکھائے تھے بُھول گئے۔ اُس نے مُلکِ مِصرؔ میں۔ ضُعن کے عِلاقہ میں اُن کے باپ دادا کے سامنے عجِیب و غرِیب کام کِئے۔ اُس نے سمُندر کے دو حِصّے کر کے اُن کو پار اُتارا اور پانی کو تُودہ کی طرح کھڑا کر دِیا۔ اُس نے دِن کو بادل سے اُن کی راہبری کی اور رات بھر آگ کی رَوشنی سے۔ اُس نے بیابان میں چٹانوں کو چِیرا اور اُن کو گویا بحر سے خُوب پِلایا۔ اُس نے چٹان میں سے ندِیاں جاری کِیں اور دریاؤں کی طرح پانی بہایا۔ تَو بھی وہ اُس کے خِلاف گُناہ کرتے ہی گئے اور بیابان میں حق تعالیٰ سے سرکشی کرتے رہے اور اُنہوں نے اپنی خواہش کے مُطابِق کھانا مانگ کر اپنے دِل میں خُدا کو آزمایا بلکہ وہ خُدا کے خِلاف بکنے لگے اور کہا کیا خُدا بیابان میں دسترخوان بِچھا سکتا ہے؟ دیکھو! اُس نے چٹان کو مارا تو پانی پُھوٹ نِکلا اور ندِیاں بہنے لگِیں۔ کیا وہ روٹی بھی دے سکتا ہے؟ کیا وہ اپنے لوگوں کے لِئے گوشت مُہیّا کر دے گا؟ پس خُداوند سُن کر غضب ناک ہُؤا اور یعقُوب کے خِلاف آگ بھڑک اُٹھی اور اِسرائیل پر قہر ٹُوٹ پڑا۔ اِس لِئے کہ وہ خُدا پر اِیمان نہ لائے اور اُس کی نجات پر بھروسا نہ کِیا۔ تَو بھی اُس نے افلاک کو حُکم دِیا اور آسمان کے دروازے کھولے اور کھانے کے لِئے اُن پر مَنّ برسایا اور اُن کو آسمانی خُوراک بخشی۔ اِنسان نے فرِشتوں کی غِذا کھائی۔ اُس نے کھانا بھیج کر اُن کو آسُودہ کِیا۔ اُس نے آسمان میں پُروا چلائی اور اپنی قُدرت سے دکھنّا بہائی۔ اُس نے اُن پر گوشت کو خاک کی مانِند برسایا اور پرِندوں کو سمُندر کی ریت کی مانِند جِن کو اُس نے اُن کی خَیمہ گاہ میں اُن کے مسکنوں کے آس پاس گِرایا۔ پس وہ کھا کر خُوب سیر ہُوئے۔ اور اُس نے اُن کی خواہش پُوری کی۔ وہ اپنی خواہش سے باز نہ آئے اور اُن کا کھانا اُن کے مُنہ ہی میں تھا کہ خُدا کا غضب اُن پر ٹُوٹ پڑا اور اُن کے سب سے موٹے تازہ آدمی قتل کِئے اور اِسرائیلی جوانوں کو مار گِرایا۔ باوجُود اِن سب باتوں کے وہ گُناہ کرتے ہی رہے اور اُس کے عجِیب و غرِیب کاموں پر اِیمان نہ لائے۔ اِس لِئے اُس نے اُن کے دِنوں کو بطالت سے اور اُن کے برسوں کو دہشت سے تمام کر دِیا۔ جب وہ اُن کو قتل کرنے لگا تو وہ اُس کے طالِب ہُوئے اور رجُوع ہو کر دِل و جان سے خُدا کو ڈُھونڈنے لگے اور اُن کو یاد آیا کہ خُدا اُن کی چٹان اور حق تعالیٰ اُن کا فِدیہ دینے والا ہے۔ لیکن اُنہوں نے اپنے مُنہ سے اُس کی خُوشامد کی اور اپنی زُبان سے اُس سے جُھوٹ بولا کیونکہ اُن کا دِل اُس کے حضُور درُست نہ تھا اور وہ اُس کے عہد میں وفادار نہ نِکلے۔ لیکن وہ رحِیم ہو کر بدکاری مُعاف کرتا ہے اور ہلاک نہیں کرتا بلکہ بارہا اپنے قہر کو روک لیتا ہے اور اپنے پُورے غضب کو بھڑکنے نہیں دیتا اور اُسے یاد رہتا ہے کہ یہ محض بشر ہیں یعنی ہوا جو چلی جاتی ہے اور پِھر نہیں آتی۔