YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:78-14

زبور 1:78-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

آسف کا زبور۔ حکمت کا گیت۔ اے میری قوم، میری ہدایت پر دھیان دے، میرے منہ کی باتوں پر کان لگا۔ مَیں تمثیلوں میں بات کروں گا، قدیم زمانے کے معمے بیان کروں گا۔ جو کچھ ہم نے سن لیا اور ہمیں معلوم ہوا ہے، جو کچھ ہمارے باپ دادا نے ہمیں سنایا ہے اُسے ہم اُن کی اولاد سے نہیں چھپائیں گے۔ ہم آنے والی پشت کو رب کے قابلِ تعریف کام بتائیں گے، اُس کی قدرت اور معجزات بیان کریں گے۔ کیونکہ اُس نے یعقوب کی اولاد کو شریعت دی، اسرائیل میں احکام قائم کئے۔ اُس نے فرمایا کہ ہمارے باپ دادا یہ احکام اپنی اولاد کو سکھائیں تاکہ آنے والی پشت بھی اُنہیں اپنائے، وہ بچے جو ابھی پیدا نہیں ہوئے تھے۔ پھر اُنہیں بھی اپنے بچوں کو سنانا تھا۔ کیونکہ اللہ کی مرضی ہے کہ اِس طرح ہر پشت اللہ پر اعتماد رکھ کر اُس کے عظیم کام نہ بھولے بلکہ اُس کے احکام پر عمل کرے۔ وہ نہیں چاہتا کہ وہ اپنے باپ دادا کی مانند ہوں جو ضدی اور سرکش نسل تھے، ایسی نسل جس کا دل ثابت قدم نہیں تھا اور جس کی روح وفاداری سے اللہ سے لپٹی نہ رہی۔ چنانچہ افرائیم کے مرد گو کمانوں سے لیس تھے جنگ کے وقت فرار ہوئے۔ وہ اللہ کے عہد کے وفادار نہ رہے، اُس کی شریعت پر عمل کرنے کے لئے تیار نہیں تھے۔ جو کچھ اُس نے کیا تھا، جو معجزے اُس نے اُنہیں دکھائے تھے، افرائیمی وہ سب کچھ بھول گئے۔ ملکِ مصر کے علاقے ضُعن میں اُس نے اُن کے باپ دادا کے دیکھتے دیکھتے معجزے کئے تھے۔ سمندر کو چیر کر اُس نے اُنہیں اُس میں سے گزرنے دیا، اور دونوں طرف پانی مضبوط دیوار کی طرح کھڑا رہا۔ دن کو اُس نے بادل کے ذریعے اور رات بھر چمک دار آگ سے اُن کی قیادت کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 78

زبور 1:78-14 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے میرے لوگو! میری شرِیعت کو سُنو۔ میرے مُنہ کی باتوں پر کان لگاؤ۔ مَیں تمثِیل میں کلام کرُوں گا اور قدِیم مُعمّے کہُوں گا۔ جِن کو ہم نے سُنا اور جان لِیا اور ہمارے باپ دادا نے ہم کو بتایا اور جِن کو ہم اُن کی اَولاد سے پوشِیدہ نہیں رکھّیں گے بلکہ آیندہ پُشت کو بھی خُداوند کی تعرِیف اور اُس کی قُدرت اور عجائِب جو اُس نے کِئے بتائیں گے۔ کیونکہ اُس نے یعقُوب میں ایک شہادت قائِم کی اور اِسرائیل میں شرِیعت مقرّر کی جِن کی بابت اُس نے ہمارے باپ دادا کو حُکم دِیا کہ وہ اپنی اَولاد کو اُن کی تعلِیم دیں۔ تاکہ آیندہ پُشت یعنی وہ فرزند جو پَیدا ہوں گے اُن کو جان لیں اور وہ بڑے ہو کر اپنی اَولاد کو سِکھائیں کہ وہ خُدا پر آس رکھّیں اور اُس کے کاموں کو بُھول نہ جائیں بلکہ اُس کے حُکموں پر عمل کریں اور اپنے باپ دادا کی طرح سرکش اور باغی نسل نہ بنیں۔ اَیسی نسل جِس نے اپنا دِل درُست نہ کِیا اور جِس کی رُوح خُدا کے حضُور وفادار نہ رہی۔ بنی اِفرائِیم مُسلّح ہو کر اور کمانیں رکھتے ہُوئے لڑائی کے دِن پِھر گئے۔ اُنہوں نے خُدا کے عہد کو قائِم نہ رکھّا اور اُس کی شرِیعت پر چلنے سے اِنکار کِیا اور اُس کے کاموں کو اور اُس کے عجائِب کو جو اُس نے اُن کو دِکھائے تھے بُھول گئے۔ اُس نے مُلکِ مِصرؔ میں۔ ضُعن کے عِلاقہ میں اُن کے باپ دادا کے سامنے عجِیب و غرِیب کام کِئے۔ اُس نے سمُندر کے دو حِصّے کر کے اُن کو پار اُتارا اور پانی کو تُودہ کی طرح کھڑا کر دِیا۔ اُس نے دِن کو بادل سے اُن کی راہبری کی اور رات بھر آگ کی رَوشنی سے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 78