زبور 17:71-24
زبور 17:71-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے خُدا، لڑکپن ہی سے آپ مُجھے سِکھاتے آئے ہیں، اَور آج کے دِن تک مَیں آپ کے عجِیب کارناموں کا ذِکر کرتا آیا ہُوں۔ اِس لیٔے اَے خُدا، جَب مَیں ضعیف ہو جاؤں اَور میرے بال سفید ہو جایٔیں، مُجھے ترک نہ کردینا، جَب تک کہ مَیں آپ کی قُدرت آئندہ پُشت پر، اَور آپ کی عظمت ہر آنے والے پر ظاہر نہ کر دُوں۔ اَے خُدا، آپ کی راستبازی آسمان تک پہُنچتی ہے، آپ نے عظیم کارنامے کئے ہیں۔ اَے خُدا، آپ کی مانند کون ہے؟ حالانکہ آپ نے مُجھے بہت سِی مُصیبتیں دیکھنے پر مجبُور کیا ہے، تو بھی آپ میری زندگی کو بحال کریں گے؛ اَور زمین کی گہرائیوں میں سے مُجھے پھر اُوپر لے آئیں گے۔ آپ میری عزّت بڑھائیں گے اَور مُجھے پھر سے تسلّی دیں گے۔ اَے میرے خُدا! آپ کی سچّائی کی خاطِر میں سِتار بجا کر آپ کی مدح سرائی کروں گا؛ اَے اِسرائیل کے مُقدّس خُدا! میں بربط کے ساتھ آپ کی حَمد کروں گا۔ جَب مَیں، جِس کا آپ نے فدیہ دیا آپ کی مدح سرائی کروں۔ تو میرے لب خُوشی سے للکاریں گے۔ میری زبان دِن بھر آپ کی راستی کے کاموں کا ذِکر کرتی رہے گی۔ کیونکہ میرے بد خواہ شرمندہ اَور رُسوا ہو چُکے ہیں۔
زبور 17:71-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے اللہ، تُو میری جوانی سے مجھے تعلیم دیتا رہا ہے، اور آج تک مَیں تیرے معجزات کا اعلان کرتا آیا ہوں۔ اے اللہ، خواہ مَیں بوڑھا ہو جاؤں اور میرے بال سفید ہو جائیں مجھے ترک نہ کر جب تک مَیں آنے والی پشت کے تمام لوگوں کو تیری قوت اور قدرت کے بارے میں بتا نہ لوں۔ اے اللہ، تیری راستی آسمان سے باتیں کرتی ہے۔ اے اللہ، تجھ جیسا کون ہے جس نے اِتنے عظیم کام کئے ہیں؟ تُو نے مجھے متعدد تلخ تجربوں میں سے گزرنے دیا ہے، لیکن تُو مجھے دوبارہ زندہ بھی کرے گا، تُو مجھے زمین کی گہرائیوں میں سے واپس لائے گا۔ میرا رُتبہ بڑھا دے، مجھے دوبارہ تسلی دے۔ اے میرے خدا، مَیں ستار بجا کر تیری ستائش اور تیری وفاداری کی تمجید کروں گا۔ اے اسرائیل کے قدوس، مَیں سرود بجا کر تیری تعریف میں گیت گاؤں گا۔ جب مَیں تیری مدح سرائی کروں گا تو میرے ہونٹ خوشی کے نعرے لگائیں گے، اور میری جان جسے تُو نے فدیہ دے کر چھڑایا ہے شادیانہ بجائے گی۔ میری زبان بھی دن بھر تیری راستی بیان کرے گی، کیونکہ جو مجھے نقصان پہنچانا چاہتے تھے وہ شرم سار اور رُسوا ہو گئے ہیں۔
زبور 17:71-24 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُدا! تُو مُجھے بچپن سے سِکھاتا آیا ہے اور مَیں اب تک تیرے عجائِب کا بیان کرتا رہا ہُوں۔ اَے خُدا! جب مَیں بُڈھا اور سر سفید ہو جاؤُں تو مُجھے ترک نہ کرنا جب تک کہ مَیں تیری قُدرت آیندہ پُشت پر اور تیرا زور ہر آنے والے پر ظاہِر نہ کر دُوں۔ اَے خُدا! تیری صداقت بھی بُہت بُلند ہے۔ اَے خُدا! تیری مانِند کَون ہے جِس نے بڑے بڑے کام کِئے ہیں؟ تُو جِس نے ہم کو بُہت اور سخت تکلِیفیں دِکھائی ہیں پِھر ہم کو زِندہ کرے گا اور زمِین کے اسفل سے ہمیں پِھر اُوپر لے آئے گا۔ تُو میری عظمت کو بڑھا اور پِھر کر مُجھے تسلّی دے۔ اَے میرے خُدا! مَیں بربط پر تیری ہاں تیری سچّائی کی حمد کرُوں گا۔ اَے اِسرائیل کے قدُّوس! مَیں سِتار کے ساتھ تیری مدح سرائی کرُوں گا۔ جب مَیں تیری مدح سرائی کرُوں گا تو میرے ہونٹ نہایت شادمان ہوں گے اور میری جان بھی جِس کا تُو نے فِدیہ دِیا ہے اور میری زُبان دِن بھر تیری صداقت کا ذِکر کرے گی کیونکہ میرا نُقصان چاہنے والے شرمِندہ اور پشیمان ہُوئے ہیں۔