زبور 1:71-8
زبور 1:71-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، مَیں نے تجھ میں پناہ لی ہے۔ مجھے کبھی شرمندہ نہ ہونے دے۔ اپنی راستی سے مجھے بچا کر چھٹکارا دے۔ اپنا کان میری طرف جھکا کر مجھے نجات دے۔ میرے لئے چٹان پر محفوظ گھر ہو جس میں مَیں ہر وقت پناہ لے سکوں۔ تُو نے فرمایا ہے کہ مجھے نجات دے گا، کیونکہ تُو ہی میری چٹان اور میرا قلعہ ہے۔ اے میرے خدا، مجھے بےدین کے ہاتھ سے بچا، اُس کے قبضے سے جو بےانصاف اور ظالم ہے۔ کیونکہ تُو ہی میری اُمید ہے۔ اے رب قادرِ مطلق، تُو میری جوانی ہی سے میرا بھروسا رہا ہے۔ پیدائش سے ہی مَیں نے تجھ پر تکیہ کیا ہے، ماں کے پیٹ سے تُو نے مجھے سنبھالا ہے۔ مَیں ہمیشہ تیری حمد و ثنا کروں گا۔ بہتوں کے نزدیک مَیں بدشگونی ہوں، لیکن تُو میری مضبوط پناہ گاہ ہے۔ دن بھر میرا منہ تیری تمجید اور تعظیم سے لبریز رہتا ہے۔
زبور 1:71-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند تُو ہی میری پناہ ہے۔ مُجھے کبھی شرمِندہ نہ ہونے دے۔ اپنی صداقت میں مُجھے رہائی دے اور چُھڑا۔ میری طرف کان لگا اور مُجھے بچا لے۔ تُو میرے لِئے سکُونت کی چٹان ہو جہاں مَیں برابر جا سکُوں۔ تُو نے میرے بچانے کا حُکم دے دیا ہے کیونکہ میری چٹان اور میرا قلعہ تُو ہی ہے۔ اَے میرے خُدا! مُجھے شرِیر کے ہاتھ سے۔ ناراست اور بے درد آدمی کے ہاتھ سے چُھڑا۔ کیونکہ اَے خُداوند خُدا! تُو ہی میری اُمّید ہے۔ لڑکپن سے میرا توکُّل تُجھ ہی پر ہے۔ تُو پَیدایش ہی سے مُجھے سنبھالتا آیا ہے۔ تُو میری ماں کے بطن ہی سے میرا شفِیق رہا ہے۔ سو مَیں سدا تیری سِتایش کرتا رہُوں گا۔ مَیں بُہتوں کے لِئے حیرت کا باعِث ہُوں لیکن تُو میری مُحکم پناہ گاہ ہے۔ میرا مُنہ تیری سِتایش سے اور تیری تعظِیم سے دِن بھر پُر رہے گا۔