زبور 1:71-16
زبور 1:71-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے یَاہوِہ، مَیں نے آپ میں پناہ لی ہے؛ مُجھے کبھی شرمندہ نہ ہونے دیں۔ اَے خُدا اَپنی راستبازی کی خاطِر مُجھے رِہائی بخشیں؛ اَپنا کان میری طرف لگائیں اَور مُجھے بچائیں۔ میری پناہ کی چٹّان بنیں، جہاں میں ہمیشہ محفوظ رہ سکوں؛ میری نَجات کا حُکم جاری کریں، کیونکہ آپ میری چٹّان اَور میرا قلعہ ہیں۔ اَے میرے خُدا! مُجھے بدکار لوگ کے ہاتھ سے، اَور بدکار اَور ستمگر لوگوں کی گرفت سے رِہائی بخشیں۔ کیونکہ اَے یَاہوِہ قادر! آپ ہی میری اُمّید ہیں، اَور لڑکپن سے آپ میرے راز داں رہے ہیں۔ پیدائش ہی سے مَیں آپ پر اِعتماد کرتا آیا ہُوں؛ آپ نے مُجھے میری ماں کے رحم سے بحِفاظت پیدا کیا۔ میں ہمیشہ آپ کی سِتائش کرتا رہُوں گا۔ میں بہُتوں کے لیٔے باعثِ حیرت ہُوں، لیکن آپ میری محکم پناہ گاہ ہیں۔ میرا مُنہ آپ کی سِتائش سے معموُر ہے، اَور وہ دِن بھر آپ کی شوکت بَیان کرتا ہے۔ جَب مَیں ضعیف ہو جاؤں تو مُجھے اَپنی نظر سے دُور نہ کردینا؛ اَور جَب مَیں اَپنی قُوّت کھو بیٹھوں تو مُجھے ترک نہ کرنا۔ کیونکہ میرے دُشمن میرے خِلاف باتیں کرتے ہیں؛ اَورجو میری جان کی گھات میں ہیں وہ مِل کر سازش کرتے ہیں۔ وہ ایک دُوسرے سے کہتے ہیں، ”خُدا نے اُسے ترک کر دیا ہے؛ تعاقب کرکے اُسے پکڑ لو، کیونکہ اُسے کویٔی نہیں چھُڑائے گا۔“ اَے خُدا، مُجھ سے دُور نہ رہیں؛ اَے میرے خُدا! میری مدد کے لیٔے جلد آئیں۔ مُجھ پر اِلزام لگانے والے شرمندہ ہوکر فنا ہو جایٔیں؛ جو مُجھے نُقصان پہُنچانا چاہتے ہیں؛ ذِلّت اَور رُسوائی کے شِکار ہوں۔ لیکن مَیں ہمیشہ اُمّید رکھوں گا؛ اَور آپ کی سِتائش زِیادہ سے زِیادہ کروں گا۔ میرا مُنہ آپ کی راستی، اَور نَجات کا تذکرہ دِن بھر کرتا رہے گا، لیکن کس حَد تک اُس کا مُجھے اَندازہ نہیں ہے۔ اَے یَاہوِہ قادر، مَیں آپ کے عظیم کارناموں کا ذِکر کروں گا؛ مَیں آپ کی اَور صِرف آپ کی ہی راستبازی کا اعلان کروں گا۔
زبور 1:71-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، مَیں نے تجھ میں پناہ لی ہے۔ مجھے کبھی شرمندہ نہ ہونے دے۔ اپنی راستی سے مجھے بچا کر چھٹکارا دے۔ اپنا کان میری طرف جھکا کر مجھے نجات دے۔ میرے لئے چٹان پر محفوظ گھر ہو جس میں مَیں ہر وقت پناہ لے سکوں۔ تُو نے فرمایا ہے کہ مجھے نجات دے گا، کیونکہ تُو ہی میری چٹان اور میرا قلعہ ہے۔ اے میرے خدا، مجھے بےدین کے ہاتھ سے بچا، اُس کے قبضے سے جو بےانصاف اور ظالم ہے۔ کیونکہ تُو ہی میری اُمید ہے۔ اے رب قادرِ مطلق، تُو میری جوانی ہی سے میرا بھروسا رہا ہے۔ پیدائش سے ہی مَیں نے تجھ پر تکیہ کیا ہے، ماں کے پیٹ سے تُو نے مجھے سنبھالا ہے۔ مَیں ہمیشہ تیری حمد و ثنا کروں گا۔ بہتوں کے نزدیک مَیں بدشگونی ہوں، لیکن تُو میری مضبوط پناہ گاہ ہے۔ دن بھر میرا منہ تیری تمجید اور تعظیم سے لبریز رہتا ہے۔ بُڑھاپے میں مجھے رد نہ کر، طاقت کے ختم ہونے پر مجھے ترک نہ کر۔ کیونکہ میرے دشمن میرے بارے میں باتیں کر رہے ہیں، جو میری جان کی تاک لگائے بیٹھے ہیں وہ ایک دوسرے سے صلاح مشورہ کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ”اللہ نے اُسے ترک کر دیا ہے۔ اُس کے پیچھے پڑ کر اُسے پکڑو، کیونکہ کوئی نہیں جو اُسے بچائے۔“ اے اللہ، مجھ سے دُور نہ ہو۔ اے میرے خدا، میری مدد کرنے میں جلدی کر۔ میرے حریف شرمندہ ہو کر فنا ہو جائیں، جو مجھے نقصان پہنچانے کے درپَے ہیں وہ لعن طعن اور رُسوائی تلے دب جائیں۔ لیکن مَیں ہمیشہ تیرے انتظار میں رہوں گا، ہمیشہ تیری ستائش کرتا رہوں گا۔ میرا منہ تیری راستی سناتا رہے گا، سارا دن تیرے نجات بخش کاموں کا ذکر کرتا رہے گا، گو مَیں اُن کی پوری تعداد گن بھی نہیں سکتا۔ مَیں رب قادرِ مطلق کے عظیم کام سناتے ہوئے آؤں گا، مَیں تیری، صرف تیری ہی راستی یاد کروں گا۔
زبور 1:71-16 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند تُو ہی میری پناہ ہے۔ مُجھے کبھی شرمِندہ نہ ہونے دے۔ اپنی صداقت میں مُجھے رہائی دے اور چُھڑا۔ میری طرف کان لگا اور مُجھے بچا لے۔ تُو میرے لِئے سکُونت کی چٹان ہو جہاں مَیں برابر جا سکُوں۔ تُو نے میرے بچانے کا حُکم دے دیا ہے کیونکہ میری چٹان اور میرا قلعہ تُو ہی ہے۔ اَے میرے خُدا! مُجھے شرِیر کے ہاتھ سے۔ ناراست اور بے درد آدمی کے ہاتھ سے چُھڑا۔ کیونکہ اَے خُداوند خُدا! تُو ہی میری اُمّید ہے۔ لڑکپن سے میرا توکُّل تُجھ ہی پر ہے۔ تُو پَیدایش ہی سے مُجھے سنبھالتا آیا ہے۔ تُو میری ماں کے بطن ہی سے میرا شفِیق رہا ہے۔ سو مَیں سدا تیری سِتایش کرتا رہُوں گا۔ مَیں بُہتوں کے لِئے حیرت کا باعِث ہُوں لیکن تُو میری مُحکم پناہ گاہ ہے۔ میرا مُنہ تیری سِتایش سے اور تیری تعظِیم سے دِن بھر پُر رہے گا۔ بڑھاپے کے وقت مُجھے ترک نہ کر۔ میری ضعِیفی میں مُجھے چھوڑ نہ دے۔ کیونکہ میرے دُشمن میرے بارے میں باتیں کرتے ہیں اور جو میری جان کی گھات میں ہیں وہ آپس میں مشوَرہ کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ خُدا نے اُسے چھوڑ دِیا ہے۔ اُس کا پِیچھا کرو اور پکڑ لو کیونکہ چُھڑانے والا کوئی نہیں۔ اَے خُدا مُجھ سے دُور نہ رہ! اَے میرے خُدا! میری مدد کے لِئے جلدی کر۔ میری جان کے مُخالِف شرمِندہ اور فنا ہو جائیں۔ میرا نُقصان چاہنے والے ملامت اور رُسوائی سے مُلبّس ہوں۔ لیکن مَیں ہمیشہ اُمّید رکھُّوں گا اور تیری تعرِیف اَور بھی زِیادہ کِیا کرُوں گا۔ میرا مُنہ تیری صداقت کا اور تیری نجات کا بیان دِن بھر کرے گا۔ کیونکہ مُجھے اُن کا شُمار معلُوم نہیں۔ مَیں خُداوند خُدا کی قُدرت کے کاموں کا اِظہار کرُوں گا۔ مَیں صِرف تیری ہی صداقت کا ذِکر کرُوں گا۔