زبور 1:7-9
زبور 1:7-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! مَیں آپ میں پناہ لیتا ہُوں؛ اِن سَب سے جو میرا تعاقب کرتے ہیں مُجھے بچائیں اَور رِہائی بخشیں، کہیں اَیسا نہ ہو کہ شیر کی مانند وہ میری جان کو پھاڑ کر میرے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالیں، اَور میرا چھُڑانے والا کویٔی نہ ہو۔ اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! اگر مَیں نے اَیسا کام کیا ہے، اَور میرے ہاتھ گُناہ آلُود ہیں، اگر مَیں نے اَپنے رفیق کے ساتھ بُرائی کی ہے، یا بلاوجہ اَپنے حریف کو لُوٹا ہے، تو میرا دُشمن تعاقب کرکے مُجھے آ پکڑے؛ اَور میری زندگی کو زمین پر پامال کر دے اَور مُجھے خاک میں مِلا دے۔ اَے یَاہوِہ، اَپنے قہر میں اُٹھیں؛ اَور میرے دُشمنوں کے غیظ و غضب کے خِلاف کھڑے ہو جائیں۔ جاگیں، اَے میرے خُدا! اَور اِنصاف کا حُکم دیں۔ آپ کے اِردگرد مُختلف مُلکوں کی قوموں کی جماعت ہو اَور عالمِ بالا سے آپ اُن پر حُکومت کریں؛ یَاہوِہ ہی قوموں کا قاضی ہیں، اَے یَاہوِہ، میری راستی کے مُطابق، اَور اَے خُداتعالیٰ، میری دیانتداری کے مُطابق میرا اِنصاف کریں۔ بدکار لوگوں کی بدی کا خاتِمہ کر دیں اَور راستبازوں کو قِیام بخشیں۔ آپ ہی واحد خُدا ہیں۔ جو دِلوں اَور دماغوں کو جانچتے ہیں۔
زبور 1:7-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا وہ ماتمی گیت جو اُس نے کوش بن یمینی کی باتوں پر رب کی تمجید میں گایا۔ اے رب میرے خدا، مَیں تجھ میں پناہ لیتا ہوں۔ مجھے اُن سب سے بچا کر چھٹکارا دے جو میرا تعاقب کر رہے ہیں، ورنہ وہ شیرببر کی طرح مجھے پھاڑ کر ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے، اور بچانے والا کوئی نہیں ہو گا۔ اے رب میرے خدا، اگر مجھ سے یہ کچھ سرزد ہوا اور میرے ہاتھ قصوروار ہوں، اگر مَیں نے اُس سے بُرا سلوک کیا جس کا میرے ساتھ جھگڑا نہیں تھا یا اپنے دشمن کو خواہ مخواہ لُوٹ لیا ہو تو پھر میرا دشمن میرے پیچھے پڑ کر مجھے پکڑ لے۔ وہ میری جان کو مٹی میں کچل دے، میری عزت کو خاک میں ملائے۔ (سِلاہ) اے رب، اُٹھ اور اپنا غضب دکھا! میرے دشمنوں کے طیش کے خلاف کھڑا ہو جا۔ میری مدد کرنے کے لئے جاگ اُٹھ! تُو نے خود عدالت کا حکم دیا ہے۔ اقوام تیرے ارد گرد جمع ہو جائیں جب تُو اُن کے اوپر بلندیوں پر تخت نشین ہو جائے۔ رب اقوام کی عدالت کرتا ہے۔ اے رب، میری راست بازی اور بےگناہی کا لحاظ کر کے میرا انصاف کر۔ اے راست خدا، جو دل کی گہرائیوں کو تہہ تک جانچ لیتا ہے، بےدینوں کی شرارتیں ختم کر اور راست باز کو قائم رکھ۔
زبور 1:7-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند میرے خُدا! میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔ سب پِیچھا کرنے والوں سے مُجھے بچا اور چُھڑا۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ شیرِ بَبر کی طرح میری جان کو پھاڑے۔ وہ اُسے ٹُکڑے ٹُکڑے کر دے اور کوئی چُھڑانے والا نہ ہو۔ اَے خُداوند میرے خُدا! اگر مَیں نے یہ کِیا ہو۔ اگر میرے ہاتھوں سے بدی ہُوئی ہو۔ اگر مَیں نے اپنے میل رکھنے والے سے بھلائی کے بدلے بُرائی کی ہو (بلکہ مَیں نے تو اُسے جو ناحق میرا مُخالِف تھا بچایا ہے) تو دُشمن میری جان کا پِیچھا کر کے اُسے آ پکڑے بلکہ وہ میری زِندگی کو پامال کر کے مِٹّی میں اور میری عِزّت کو خاک میں مِلا دے۔ (سِلاہ) اَے خُداوند! اپنے قہر میں اُٹھ۔ میرے مُخالِفوں کے غضب کے مُقابلہ میں تُو کھڑا ہو جا اور میرے لِئے جاگ۔ تُو نے اِنصاف کا حُکم تو دے دِیا ہے۔ تیرے چَوگِرد قَوموں کا اِجتماع ہو اور تُو اُن کے اُوپر عالمِ بالا کو لَوٹ جا۔ خُداوند قَوموں کا اِنصاف کرتا ہے۔ اَے خُداوند! اُس صداقت و راستی کے مُطابِق جو مُجھ میں ہے میری عدالت کر۔ کاش کہ شرِیروں کی بدی کا خاتِمہ ہو جائے پر صادِق کو تُو قیام بخش کیونکہ خُدایِ صادِق دِلوں اور گُردوں کو جانچتا ہے۔