زبور 1:64-7
زبور 1:64-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُدا! میری فریاد کی آواز سُن لے۔ میری جان کو دُشمن کے خَوف سے بچائے رکھ۔ شرِیروں کے خُفیہ مشوَرہ سے اور بدکرداروں کے ہنگامہ سے مُجھے چِھپا لے جِنہوں نے اپنی زُبان تلوار کی طرح تیز کی اور تلخ باتوں کے تِیروں کا نشانہ لِیا ہے تاکہ اُن کو خُفیہ مقاموں میں کامِل آدمی پر چلائیں۔ وہ اُن کو ناگہان اُس پر چلاتے ہیں اور ڈرتے نہیں۔ وہ بُرے کام کا مُصمّم اِرادہ کرتے ہیں۔ وہ پھندے لگانے کی صلاح کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ہم کو کَون دیکھے گا؟ وہ شرارتوں کو کھوج کھوج کر نِکالتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ہم نے خُوب کھوج لگایا۔ اُن میں سے ہر ایک کا باطِن اور دِل عمِیق ہے۔ لیکن خُدا اُن پر تِیر چلائے گا۔ وہ ناگہان تِیر سے زخمی ہو جائیں گے
زبور 1:64-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ اے اللہ، سن جب مَیں اپنی آہ و زاری پیش کرتا ہوں۔ میری زندگی دشمن کی دہشت سے محفوظ رکھ۔ مجھے بدمعاشوں کی سازشوں سے چھپائے رکھ، اُن کی ہل چل سے جو غلط کام کرتے ہیں۔ وہ اپنی زبان کو تلوار کی طرح تیز کرتے اور اپنے زہریلے الفاظ کو تیروں کی طرح تیار رکھتے ہیں تاکہ تاک میں بیٹھ کر اُنہیں بےقصور پر چلائیں۔ وہ اچانک اور بےباکی سے اُنہیں اُس پر برسا دیتے ہیں۔ وہ بُرا کام کرنے میں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرتے، ایک دوسرے سے مشورہ لیتے ہیں کہ ہم اپنے پھندے کس طرح چھپا کر لگائیں؟ وہ کہتے ہیں، ”یہ کسی کو بھی نظر نہیں آئیں گے۔“ وہ بڑی باریکی سے بُرے منصوبوں کی تیاریاں کرتے، پھر کہتے ہیں، ”چلو، بات بن گئی ہے، منصوبہ سوچ بچار کے بعد تیار ہوا ہے۔“ یقیناً انسان کے باطن اور دل کی تہہ تک پہنچنا مشکل ہی ہے۔ لیکن اللہ اُن پر تیر برسائے گا، اور اچانک ہی وہ زخمی ہو جائیں گے۔