زبور 1:6-10
زبور 1:6-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ تاردار سازوں کے ساتھ گانا ہے۔ اے رب، غصے میں مجھے سزا نہ دے، طیش میں مجھے تنبیہ نہ کر۔ اے رب، مجھ پر رحم کر، کیونکہ مَیں نڈھال ہوں۔ اے رب، مجھے شفا دے، کیونکہ میرے اعضا دہشت زدہ ہیں۔ میری جان نہایت خوف زدہ ہے۔ اے رب، تُو کب تک دیر کرے گا؟ اے رب، واپس آ کر میری جان کو بچا۔ اپنی شفقت کی خاطر مجھے چھٹکارا دے۔ کیونکہ مُردہ تجھے یاد نہیں کرتا۔ پاتال میں کون تیری ستائش کرے گا؟ مَیں کراہتے کراہتے تھک گیا ہوں۔ پوری رات رونے سے بستر بھیگ گیا ہے، میرے آنسوؤں سے پلنگ گل گیا ہے۔ غم کے مارے میری آنکھیں سوج گئی ہیں، میرے مخالفوں کے حملوں سے وہ ضائع ہوتی جا رہی ہیں۔ اے بدکارو، مجھ سے دُور ہو جاؤ، کیونکہ رب نے میری آہ و بکا سنی ہے۔ رب نے میری التجاؤں کو سن لیا ہے، میری دعا رب کو قبول ہے۔ میرے تمام دشمنوں کی رُسوائی ہو جائے گی، اور وہ سخت گھبرا جائیں گے۔ وہ مُڑ کر اچانک ہی شرمندہ ہو جائیں گے۔
زبور 1:6-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! تُو مُجھے اپنے قہر میں نہ جِھڑک اور اپنے غَیظ و غضب میں مُجھے تنبِیہ نہ دے۔ اَے خُداوند! مُجھ پر رحم کر کیونکہ مَیں پژمُردہ ہو گیا ہُوں۔ اَے خُداوند مُجھے شِفا دے کیونکہ میری ہڈِّیوں میں بے قراری ہے۔ میری جان بھی نِہایت بے قرار ہے اور تُو اَے خُداوند! کب تک؟ لَوٹ اَے خُداوند! میری جان کو چُھڑا۔ اپنی شفقت کی خاطِر مُجھے بچا لے۔ کیونکہ مَوت کے بعد تیری یاد نہیں ہوتی قبر میں کَون تیری شُکرگُذاری کرے گا؟ مَیں کراہتے کراہتے تھک گیا۔ مَیں اپنا پلنگ آنسُوؤں سے بِھگوتا ہُوں۔ ہر رات میرا بِستر تَیرتا ہے۔ میری آنکھ غم کے مارے بَیٹھی جاتی ہے اور میرے سب مُخالِفوں کے سبب سے دُھندلانے لگی۔ اَے سب بدکردارو! میرے پاس سے دُور ہو کیونکہ خُداوند نے میرے رونے کی آواز سُن لی ہے۔ خُداوند نے میری مِنّت سُن لی۔ خُداوند میری دُعا قبُول کرے گا۔ میرے سب دُشمن شرمِندہ اور نِہایت بے قرار ہوں گے۔ وہ لَوٹ جائیں گے۔ وہ دفعتہ شرمِندہ ہوں گے۔