YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:57-11

زبور 1:57-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

مُجھ پر رحم کریں اَے خُدا، مُجھ پر رحم کریں، کیونکہ آپ میں میری جان پناہ لیتی ہے۔ جَب تک آفت ٹل نہ جائے مَیں آپ کے پروں کے سایہ میں پناہ لُوں گا۔ مَیں خُداتعالیٰ سے فریاد کرتا ہُوں، اُس خُدا سے جو مُجھے بے قُصُور ٹھہراتا ہے۔ وہ آسمان سے جَواب دیں گے اَور مُجھے بچا لیں گے، اَورجو مُجھے ستاتے ہیں اُنہیں تنبیہ کرتے ہیں؛ خُدا اَپنی شفقت و مَحَبّت اَور صداقت بھیجتے ہیں۔ میں شیر ببروں کے درمیان ہُوں، میں بھُوکے درندوں کے درمیان پڑا ہُوا ہُوں۔ یعنی اَیسے اِنسانوں کے درمیان جِن کے دانت گویا نیزے اَور تیر ہیں، اَور جِن کی زبانیں تیز تلواروں کی مانند ہیں۔ اَے خُدا آپ آسمان کے اُوپر سرفراز ہوں؛ آپ کا جلال ساری زمین پر ہو۔ میرے دُشمنوں نے میرے پاؤں کے لیٔے جال پھیلایا ہے۔ میری کمر درد کے مارے جھُک گئی ہے۔ اُنہُوں نے میری راہ میں گڑھا کھودا تھا، لیکن وہ خُود اُس میں گِر گیٔے۔ میرا دِل ثابت قدم ہے اَے خُدا، میرا دِل ثابت قدم ہے؛ میں گاؤں گا اَور نغمہ سرائی کروں گا۔ اَے میری جان بیدار ہو! اَے بربط اَور سِتار بیدار ہو! میں صُبح کو بیدار کر دُوں گا۔ اَے خُداوؔند، میں قوموں میں آپ کی سِتائش کروں گا؛ اَور مُختلف مُلکوں میں آپ کی حَمد کروں گا۔ کیونکہ آپ کی شفقت و مَحَبّت آسمانوں سے بھی بُلند ہے؛ اَور آپ کی صداقت فَضا تک پہُنچتی ہے۔ اَے خُدا آپ آسمان کے اُوپر سرفراز ہوں؛ اَور آپ کا جلال ساری زمین پر ہو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 57

زبور 1:57-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ طرز: تباہ نہ کر۔ یہ سنہرا گیت اُس وقت سے متعلق ہے جب وہ ساؤل سے بھاگ کر غار میں چھپ گیا۔ اے اللہ، مجھ پر مہربانی کر، مجھ پر مہربانی کر! کیونکہ میری جان تجھ میں پناہ لیتی ہے۔ جب تک آفت مجھ پر سے گزر نہ جائے مَیں تیرے پَروں کے سائے میں پناہ لوں گا۔ مَیں اللہ تعالیٰ کو پکارتا ہوں، اللہ سے جو میرا معاملہ ٹھیک کرے گا۔ وہ آسمان سے مدد بھیج کر مجھے چھٹکارا دے گا اور اُن کی رُسوائی کرے گا جو مجھے تنگ کر رہے ہیں۔ (سِلاہ) اللہ اپنا کرم اور وفاداری بھیجے گا۔ مَیں انسان کو ہڑپ کرنے والے شیرببروں کے بیچ میں لیٹا ہوا ہوں، اُن کے درمیان جن کے دانت نیزے اور تیر ہیں اور جن کی زبان تیز تلوار ہے۔ اے اللہ، آسمان پر سربلند ہو جا! تیرا جلال پوری دنیا پر چھا جائے! اُنہوں نے میرے قدموں کے آگے پھندا بچھا دیا، اور میری جان خاک میں دب گئی ہے۔ اُنہوں نے میرے سامنے گڑھا کھود لیا، لیکن وہ خود اُس میں گر گئے ہیں۔ (سِلاہ) اے اللہ، میرا دل مضبوط، میرا دل ثابت قدم ہے۔ مَیں ساز بجا کر تیری مدح سرائی کروں گا۔ اے میری جان، جاگ اُٹھ! اے ستار اور سرود، جاگ اُٹھو! آؤ، مَیں طلوعِ صبح کو جگاؤں۔ اے رب، قوموں میں مَیں تیری ستائش، اُمّتوں میں تیری مدح سرائی کروں گا۔ کیونکہ تیری عظیم شفقت آسمان جتنی بلند ہے، تیری وفاداری بادلوں تک پہنچتی ہے۔ اے اللہ، آسمان پر سرفراز ہو! تیرا جلال پوری دنیا پر چھا جائے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 57

زبور 1:57-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

مُجھ پر رحم کر اَے خُدا! مُجھ پر رحم کر کیونکہ میری جان تیری پناہ لیتی ہے۔ مَیں تیرے پروں کے سایہ میں پناہ لُوں گا جب تک یہ آفتیں گُذر نہ جائیں۔ مَیں خُدا تعالیٰ سے فریاد کرُوں گا۔ خُدا سے جو میرے لِئے سب کُچھ کرتا ہے۔ وہ میری نجات کے لِئے آسمان سے بھیجے گا۔ جب وہ جو مُجھے نِگلنا چاہتا ہے ملامت کرتا ہو۔ (سِلاہ) خُدا اپنی شفقت اور سچّائی کو بھیجے گا۔ میری جان بَبروں کے درمیان ہے۔ مَیں آتش مِزاج لوگوں میں پڑا ہُوں۔ یعنی اَیسے لوگوں میں جِن کے دانت برچِھیاں اور تِیر ہیں۔ جِن کی زُبان تیز تلوار ہے۔ اَے خُدا تُو آسمان پر سرفراز ہو! تیرا جلال ساری زمِین پر ہو! اُنہوں نے میرے پاؤں کے لِئے جال لگایا ہے۔ میری جان عاجِز آ گئی۔ اُنہوں نے میرے آگے گڑھا کھودا۔ وہ خُود اُس میں گِر پڑے۔ (سِلاہ) میرا دِل قائِم ہے۔ اَے خُدا! میرا دِل قائِم ہے۔ مَیں گاؤُں گا بلکہ مَیں مدح سرائی کرُوں گا۔ اَے میری شَوکت! بیدار ہو۔ اَے بربط اور سِتار جاگو۔ مَیں خُود صُبح سویرے جاگ اُٹُھوں گا۔ اَے خُداوند! مَیں لوگوں میں تیرا شُکر کرُوں گا۔ مَیں اُمّتوں میں تیری مدح سرائی کرُوں گا۔ کیونکہ تیری شفقت آسمان کے اور تیری سچّائی افلاک کے برابر بُلند ہے۔ اَے خُدا تُو آسمان پر سرفراز ہو! تیرا جلال ساری زمِین پر ہو!

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 57