YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:56-13

زبور 1:56-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ طرز: دُوردراز جزیروں کا کبوتر۔ یہ سنہرا گیت اُس وقت سے متعلق ہے جب فلستیوں نے اُسے جات میں پکڑ لیا۔ اے اللہ، مجھ پر مہربانی کر! کیونکہ لوگ مجھے تنگ کر رہے ہیں، لڑنے والا دن بھر مجھے ستا رہا ہے۔ دن بھر میرے دشمن میرے پیچھے لگے ہیں، کیونکہ وہ بہت ہیں اور غرور سے مجھ سے لڑ رہے ہیں۔ لیکن جب خوف مجھے اپنی گرفت میں لے لے تو مَیں تجھ پر ہی بھروسا رکھتا ہوں۔ اللہ کے کلام پر میرا فخر ہے، اللہ پر میرا بھروسا ہے۔ مَیں ڈروں گا نہیں، کیونکہ فانی انسان مجھے کیا نقصان پہنچا سکتا ہے؟ دن بھر وہ میرے الفاظ کو توڑ مروڑ کر غلط معنی نکالتے، اپنے تمام منصوبوں سے مجھے ضرر پہنچانا چاہتے ہیں۔ وہ حملہ آور ہو کر تاک میں بیٹھ جاتے اور میرے ہر قدم پر غور کرتے ہیں۔ کیونکہ وہ مجھے مار ڈالنے پر تُلے ہوئے ہیں۔ جو ایسی شریر حرکتیں کرتے ہیں، کیا اُنہیں بچنا چاہئے؟ ہرگز نہیں! اے اللہ، اقوام کو غصے میں خاک میں ملا دے۔ جتنے بھی دن مَیں بےگھر پھرا ہوں اُن کا تُو نے پورا حساب رکھا ہے۔ اے اللہ، میرے آنسو اپنے مشکیزے میں ڈال لے! کیا وہ پہلے سے تیری کتاب میں قلم بند نہیں ہیں؟ ضرور! پھر جب مَیں تجھے پکاروں گا تو میرے دشمن مجھ سے باز آئیں گے۔ یہ مَیں نے جان لیا ہے کہ اللہ میرے ساتھ ہے! اللہ کے کلام پر میرا فخر ہے، رب کے کلام پر میرا فخر ہے۔ اللہ پر میرا بھروسا ہے۔ مَیں ڈروں گا نہیں، کیونکہ فانی انسان مجھے کیا نقصان پہنچا سکتا ہے؟ اے اللہ، تیرے حضور مَیں نے مَنتیں مانی ہیں، اور اب مَیں تجھے شکرگزاری کی قربانیاں پیش کروں گا۔ کیونکہ تُو نے میری جان کو موت سے بچایا اور میرے پاؤں کو ٹھوکر کھانے سے محفوظ رکھا تاکہ زندگی کی روشنی میں اللہ کے حضور چلوں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 56

زبور 1:56-13 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے خُدا! مُجھ پر رحم فرما کیونکہ اِنسان مُجھے نِگلنا چاہتا ہے۔ وہ دِن بھر لڑ کر مُجھے ستاتا ہے۔ میرے دُشمن دِن بھر مُجھے نِگلنا چاہتے ہیں کیونکہ جو غرُور کر کے مُجھ سے لڑتے ہیں وہ بُہت ہیں۔ جِس وقت مُجھے ڈر لگے گا مَیں تُجھ پر توکُّل کرُوں گا۔ میرا فخر خُدا پر اور اُس کے کلام پر ہے۔ میرا توکُّل خُدا پر ہے۔ مَیں ڈرنے کا نہیں۔ بشر میرا کیا کر سکتا ہے؟ وہ دِن بھر میری باتوں کو مروڑتے رہتے ہیں۔ اُن کے خیال سراسر یِہی ہیں کہ مُجھ سے بدی کریں۔ وہ اِکٹّھے ہو کر چِھپ جاتے ہیں۔ وہ میرے نقشِ قدم کو دیکھتے بھالتے ہیں کیونکہ وہ میری جان کی گھات میں ہیں۔ کیا وہ بدکاری کر کے بچ جائیں گے؟ اَے خُدا قہر میں اُمّتوں کو گِرا دے۔ تُو میری آوارگی کا حِساب رکھتا ہے۔ میرے آنسُوؤں کو اپنے مشکِیزہ میں رکھ لے۔ کیا وہ تیری کِتاب میں مندرج نہیں ہیں؟ تب تو جِس دِن مَیں فریاد کرُوں گا میرے دُشمن پسپا ہوں گے۔ مُجھے یہ معلُوم ہے کہ خُدا میری طرف ہے۔ میرا فخر خُدا پر اور اُس کے کلام پر ہے۔ میرا فخر خُداوند پر اور اُس کے کلام پر ہے۔ میرا توکُّل خُدا پر ہے۔ مَیں ڈرنے کا نہیں۔ اِنسان میرا کیا کر سکتا ہے؟ اَے خُدا! تیری مَنّتیں مُجھ پر ہیں۔ مَیں تیرے حضُور شُکرگُذاری کی قُربانِیاں گُذرانوں گا۔ کیونکہ تُو نے میری جان کو مَوت سے چُھڑایا۔ کیا تُو نے میرے پاؤں کو پِھسلنے سے نہیں بچایا تاکہ مَیں خُدا کے سامنے زِندوں کے نُور میں چلُوں؟

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 56