YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:55-14

زبور 1:55-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے خُدا، میری دعا پر کان لگائیں، میری مِنّت کو نظرانداز نہ کریں؛ میری سُنیں اَور مُجھے جَواب دیں۔ میرے اَندیشے مُجھے پریشان کرتے ہیں اَور مَیں مُضطرب ہُوں میرے دُشمنوں کا کہرام، اَور بدکار لوگوں کے گھُورنے کے سبب سے؛ کیونکہ وہ مُجھے اَذیّت پہُنچاتے اَور غُصّہ میں بُرا بھلا کہتے ہیں۔ میرا دِل اَندر ہی اَندر بیتاب ہے؛ اَور موت کی ہیبت مُجھ پر طاری ہے۔ خوف اَور کپکپی نے مُجھے پکڑ لیا ہے؛ اَور دہشت سے میرے رونگٹے کھڑے ہو گئے ہیں۔ مَیں نے کہا: ”کاش کہ میرے کبُوتر کے سے پر ہوتے! تو میں اُڑ جاتا اَور آرام پاتا۔ میں اُڑتے اُڑتے دُور نکل جاتا، اَور بیابان میں بسیرا کرتا؛ اَور آندھی اَور طُوفان سے دُور، اَپنے لیٔے پناہ گاہ ڈھونڈ لیتا۔“ اَے خُداوؔند، بدکار لوگوں کو دَرہم برہم کر دیں اَور اُن کی زبان میں اِختلاف ڈال دیں، کیونکہ مَیں شہر میں ظُلم و فساد ہوتا دیکھ رہا ہُوں۔ وہ دِن رات اُس کی فصیلوں پر گشت لگاتے ہیں؛ کینہ، بدسلُوکی اُن کے اَندر ہے۔ شہر میں تخریبی عناصر کار فرما ہیں؛ دھمکیاں اَور فریب اُن کے کوچوں سے دُور نہیں ہوتے۔ اگر کویٔی دُشمن میری توہین کرتا، تو میں اُسے برداشت کر لیتا؛ اگر کویٔی حریف میرے خِلاف سَر اُٹھاتا، تو میں اُس سے چھُپ جاتا۔ لیکن وہ تو آپ ہی تھے میری طرح ایک اِنسان، میرے رفیق اَور میرے دِلی دوست، جِس کی شیریں گفتگو سے میں اُس وقت لُطف اَندوز ہوتا تھا جَب ہم ہُجوم کے ساتھ خُدا کے گھر میں پرستاروں کے ساتھ پھرتے تھے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 55

زبور 1:55-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

داؤد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ حکمت کا یہ گیت تاردار سازوں کے ساتھ گانا ہے۔ اے اللہ، میری دعا پر دھیان دے، اپنے آپ کو میری التجا سے چھپائے نہ رکھ۔ مجھ پر غور کر، میری سن۔ مَیں بےچینی سے اِدھر اُدھر گھومتے ہوئے آہیں بھر رہا ہوں۔ کیونکہ دشمن شور مچا رہا، بےدین مجھے تنگ کر رہا ہے۔ وہ مجھ پر آفت لانے پر تُلے ہوئے ہیں، غصے میں میری مخالفت کر رہے ہیں۔ میرا دل میرے اندر تڑپ رہا ہے، موت کی دہشت مجھ پر چھا گئی ہے۔ خوف اور لرزش مجھ پر طاری ہوئی، ہیبت مجھ پر غالب آ گئی ہے۔ مَیں بولا، ”کاش میرے کبوتر کے سے پَر ہوں تاکہ اُڑ کر آرام و سکون پا سکوں! تب مَیں دُور تک بھاگ کر ریگستان میں بسیرا کرتا، مَیں جلدی سے کہیں پناہ لیتا جہاں تیز آندھی اور طوفان سے محفوظ رہتا۔“ (سِلاہ) اے رب، اُن میں ابتری پیدا کر، اُن کی زبان میں اختلاف ڈال! کیونکہ مجھے شہر میں ہر طرف ظلم اور جھگڑے نظر آتے ہیں۔ دن رات وہ فصیل پر چکر کاٹتے ہیں، اور شہر فساد اور خرابی سے بھرا رہتا ہے۔ اُس کے بیچ میں تباہی کی حکومت ہے، اور ظلم اور فریب اُس کے چوک کو نہیں چھوڑتے۔ اگر کوئی دشمن میری رُسوائی کرتا تو قابلِ برداشت ہوتا۔ اگر مجھ سے نفرت کرنے والا مجھے دبا کر اپنے آپ کو سرفراز کرتا تو مَیں اُس سے چھپ جاتا۔ لیکن تُو ہی نے یہ کیا، تُو جو مجھ جیسا ہے، جو میرا قریبی دوست اور ہم راز ہے۔ میری تیرے ساتھ کتنی اچھی رفاقت تھی جب ہم ہجوم کے ساتھ اللہ کے گھر کی طرف چلتے گئے!

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 55

زبور 1:55-14 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے خُدا! میری دُعا پر کان لگا اور میری مِنّت سے مُنہ نہ پھیر۔ میری طرف مُتوجِّہ ہو اور مُجھے جواب دے۔ مَیں غم سے بے قرار ہو کر کراہتا ہُوں۔ دُشمن کے آوازہ سے اور شرِیر کے ظُلم کے باعِث کیونکہ وہ مُجھ پر بدی لادتے اور قہر میں مُجھے ستاتے ہیں۔ میرا دِل مُجھ میں بیتاب ہے اور مَوت کا ہول مُجھ پر چھا گیا ہے۔ خَوف اور کپکپی مُجھ پر طاری ہے۔ ہَیبت نے مُجھے دبا لِیا ہے اور مَیں نے کہا کاش کہ کبُوتر کی طرح میرے پَر ہوتے تو مَیں اُڑ جاتا اور آرام پاتا! پِھر تو مَیں دُور نِکل جاتا اور بیابان میں بسیرا کرتا۔ (سِلاہ) مَیں آندھی کے جھوکے اور طُوفان سے کِسی پناہ کی جگہ میں بھاگ جاتا۔ اَے خُداوند! اُن کو ہلاک کر اور اُن کی زُبان میں تفرقہ ڈال کیونکہ مَیں نے شہر میں ظُلم اور جھگڑا دیکھا ہے۔ دِن رات وہ اُس کی فصِیل پر گشت لگاتے ہیں۔ بدی اور فساد اُس کے اندر ہیں۔ شرارت اُس کے بِیچ میں بسی ہُوئی ہے۔ سِتم اور فریب اُس کے کُوچوں سے دُور نہیں ہوتے۔ جِس نے مُجھے ملامت کی وہ دُشمن نہ تھا ورنہ مَیں اُس کو برداشت کر لیتا اور جِس نے میرے خِلاف تکبُّر کِیا وہ مُجھ سے عداوت رکھنے والا نہ تھا نہیں تو مَیں اُس سے چِھپ جاتا بلکہ وہ تو تُو ہی تھا جو میرا ہمسر۔ میرا رفِیق اور دِلی دوست تھا۔ ہماری باہمی گُفتگُو شِیرین تھی اور ہجُوم کے ساتھ خُدا کے گھر میں پِھرتے تھے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 55