زبور 5:51-19

زبور 5:51-19 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

یقیناً میں اَپنی پیدائش کے وقت سے گُناہ آلُودہ تھا، بَلکہ، اُس وقت سے، جَب مَیں اَپنی ماں کے رحم میں پڑا۔ یقیناً، آپ باطِن کی سچّائی کو پسند فرماتے ہیں؛ اَور مُجھے میرے باطِن ہی میں حِکمت سِکھاتے ہیں۔ زُوفے سے مُجھے صَاف کریں، تو میں پاک صَاف ہو جاؤں گا؛ مُجھے دھو ڈالیں، تو میں برف سے بھی زِیادہ سفید ہو جاؤں گا۔ مُجھے خُوشی اَور مسرّت کی خبر سُننے دیں؛ جو ہڈّیاں آپ نے کُچل دی ہیں وہ شاد ہُوں۔ میرے گُناہوں کی طرف سے چشم پوشی کریں اَور میری ساری بدی مٹا دیں۔ اَے خُدا، میرے اَندر پاک دِل پیدا کریں، اَور میرے باطِن میں اَز سرِ نَو مُستقیم رُوح ڈال دیں۔ مُجھے اَپنی حُضُوری سے خارج نہ کریں اَور اَپنی پاک رُوح مُجھ سے جُدا نہ کریں۔ اَپنی نَجات کی خُوشی مُجھے پھر سے عنایت کریں، اَور وہ مُستعد رُوح بخشیں جو مُجھے سنبھالے رہے۔ تَب میں مُجرموں کو آپ کی راہوں کی تعلیم سِکھاؤں گا، اَور گُنہگار آپ کی طرف رُجُوع کریں گے۔ اَے خُدا، اَے میرے مُنجّی خُدا، مُجھے خُون کے جُرم سے نَجات بخش دیں، اَور میری زبان آپ کی راستبازی کا نغمہ گائے گی۔ اَے خُداوؔند، میرے لبوں کو کھول دیں، اَور میرے مُنہ سے آپ کی سِتائش نکلے گی۔ قُربانی سے آپ خُوش نہیں ہوتے، ورنہ میں اُسے پیش کرتا، اَور سوختنی نذروں میں بھی آپ کی خُوشی نہیں ہوتی۔ شکستہ رُوح کی قُربانی آپ کی حُضُوری میں قابل قبُول ہے؛ شکستہ اَور تائب دِل کو، اَے خُدا، آپ حقیر نہ جانیں گے۔ اَپنے کرم کے مُطابق صِیّونؔ کو آسُودہ کریں، اَور یروشلیمؔ کی فصیلوں کی اَز سرِ نَو تعمیر کریں۔ تَب صداقت کی قُربانیاں آپ کو فرحت بخشنے کے لیٔے پُوری سوختنی نذریں پیش کی جایٔیں گی؛ اَور آپ کے مذبح پر بَیل چڑھائے جایٔیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 51

زبور 5:51-19 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یقیناً مَیں گناہ آلودہ حالت میں پیدا ہوا۔ جوں ہی مَیں ماں کے پیٹ میں وجود میں آیا تو گناہ گار تھا۔ یقیناً تُو باطن کی سچائی پسند کرتا اور پوشیدگی میں مجھے حکمت کی تعلیم دیتا ہے۔ زوفا لے کر مجھ سے گناہ دُور کر تاکہ پاک صاف ہو جاؤں۔ مجھے دھو دے تاکہ برف سے زیادہ سفید ہو جاؤں۔ مجھے دوبارہ خوشی اور شادمانی سننے دے تاکہ جن ہڈیوں کو تُو نے کچل دیا وہ شادیانہ بجائیں۔ اپنے چہرے کو میرے گناہوں سے پھیر لے، میرا تمام قصور مٹا دے۔ اے اللہ، میرے اندر پاک دل پیدا کر، مجھ میں نئے سرے سے ثابت قدم روح قائم کر۔ مجھے اپنے حضور سے خارج نہ کر، نہ اپنے مُقدّس روح کو مجھ سے دُور کر۔ مجھے دوبارہ اپنی نجات کی خوشی دلا، مجھے مستعد روح عطا کر کے سنبھالے رکھ۔ تب مَیں اُنہیں تیری راہوں کی تعلیم دوں گا جو تجھ سے بےوفا ہو گئے ہیں، اور گناہ گار تیرے پاس واپس آئیں گے۔ اے اللہ، میری نجات کے خدا، قتل کا قصور مجھ سے دُور کر کے مجھے بچا۔ تب میری زبان تیری راستی کی حمد و ثنا کرے گی۔ اے رب، میرے ہونٹوں کو کھول تاکہ میرا منہ تیری ستائش کرے۔ کیونکہ تُو ذبح کی قربانی نہیں چاہتا، ورنہ مَیں وہ پیش کرتا۔ بھسم ہونے والی قربانیاں تجھے پسند نہیں۔ اللہ کو منظور قربانی شکستہ روح ہے۔ اے اللہ، تُو شکستہ اور کچلے ہوئے دل کو حقیر نہیں جانے گا۔ اپنی مہربانی کا اظہار کر کے صیون کو خوش حالی بخش، یروشلم کی فصیل تعمیر کر۔ تب تجھے ہماری صحیح قربانیاں، ہماری بھسم ہونے والی اور مکمل قربانیاں پسند آئیں گی۔ تب تیری قربان گاہ پر بَیل چڑھائے جائیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 51

زبور 5:51-19 کِتابِ مُقادّس (URD)

دیکھ! مَیں نے بدی میں صُورت پکڑی اور مَیں گُناہ کی حالت میں ماں کے پیٹ میں پڑا۔ دیکھ تُو باطِن کی سچّائی پسند کرتا ہے اور باطِن ہی میں مُجھے دانائی سِکھائے گا۔ زُوفے سے مُجھے صاف کر تو مَیں پاک ہُوں گا۔ مُجھے دھو اور مَیں برف سے زِیادہ سفید ہُوں گا۔ مُجھے خُوشی اور خُرّمی کی خبر سُنا تاکہ وہ ہڈّیاں جو تُو نے توڑ ڈالی ہیں شادمان ہوں۔ میرے گُناہوں کی طرف سے اپنا مُنہ پھیر لے اور میری سب بدکاری مِٹا ڈال۔ اَے خُدا! میرے اندر پاک دِل پَیدا کر اور میرے باطِن میں ازسرِنو مُستقِیم رُوح ڈال۔ مُجھے اپنے حضُور سے خارِج نہ کر اور اپنی پاک رُوح کو مُجھ سے جُدا نہ کر۔ اپنی نجات کی شادمانی مُجھے پِھر عِنایت کر اور مُستعِد رُوح سے مُجھے سنبھال۔ تب مَیں خطاکاروں کو تیری راہیں سِکھاؤُں گا اور گُنہگار تیری طرف رجُوع کریں گے۔ اَے خُدا! اَے میرے نجات بخش خُدا مُجھے خُون کے جُرم سے چُھڑا تو میری زُبان تیری صداقت کا گِیت گائے گی۔ اَے خُداوند! میرے ہونٹوں کو کھول دے تو میرے مُنہ سے تیری سِتایش نِکلے گی کیونکہ قُربانی میں تیری خُوشنُودی نہیں ورنہ مَیں دیتا۔ سوختنی قُربانی سے تُجھے کُچھ خُوشی نہیں۔ شِکستہ رُوح خُدا کی قُربانی ہے۔ اَے خُدا تُو شِکستہ اور خستہ دِل کو حقِیر نہ جانے گا۔ اپنے کرم سے صِیُّون کے ساتھ بھلائی کر۔ یروشلِیم کی فصِیل کو تعمِیر کر۔ تب تُو صداقت کی قُربانیوں اور سوختنی قُربانی اور پُوری سوختنی قُربانی سے خُوش ہو گا اور وہ تیرے مذبح پر بچھڑے چڑھائیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 51