YouVersion Logo
تلاش

زبور 11:50-23

زبور 11:50-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

مَیں پہاڑوں کے ہر پرندے کو جانتا ہوں، اور جو بھی میدانوں میں حرکت کرتا ہے وہ میرا ہے۔ اگر مجھے بھوک لگتی تو مَیں تجھے نہ بتاتا، کیونکہ زمین اور جو کچھ اُس پر ہے میرا ہے۔ کیا تُو سمجھتا ہے کہ مَیں سانڈوں کا گوشت کھانا یا بکروں کا خون پینا چاہتا ہوں؟ اللہ کو شکرگزاری کی قربانی پیش کر، اور وہ مَنت پوری کر جو تُو نے اللہ تعالیٰ کے حضور مانی ہے۔ مصیبت کے دن مجھے پکار۔ تب مَیں تجھے نجات دوں گا اور تُو میری تمجید کرے گا۔“ لیکن بےدین سے اللہ فرماتا ہے، ”میرے احکام سنانے اور میرے عہد کا ذکر کرنے کا تیرا کیا حق ہے؟ تُو تو تربیت سے نفرت کرتا اور میرے فرمان کچرے کی طرح اپنے پیچھے پھینک دیتا ہے۔ کسی چور کو دیکھتے ہی تُو اُس کا ساتھ دیتا ہے، تُو زناکاروں سے رفاقت رکھتا ہے۔ تُو اپنے منہ کو بُرے کام کے لئے استعمال کرتا، اپنی زبان کو دھوکا دینے کے لئے تیار رکھتا ہے۔ تُو دوسروں کے پاس بیٹھ کر اپنے بھائی کے خلاف بولتا ہے، اپنی ہی ماں کے بیٹے پر تہمت لگاتا ہے۔ یہ کچھ تُو نے کیا ہے، اور مَیں خاموش رہا۔ تب تُو سمجھا کہ مَیں بالکل تجھ جیسا ہوں۔ لیکن مَیں تجھے ملامت کروں گا، تیرے سامنے ہی معاملہ ترتیب سے سناؤں گا۔ تم جو اللہ کو بھولے ہوئے ہو، بات سمجھ لو، ورنہ مَیں تمہیں پھاڑ ڈالوں گا۔ اُس وقت کوئی نہیں ہو گا جو تمہیں بچائے۔ جو شکرگزاری کی قربانی پیش کرے وہ میری تعظیم کرتا ہے۔ جو مصمم ارادے سے ایسی راہ پر چلے اُسے مَیں اللہ کی نجات دکھاؤں گا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 50

زبور 11:50-23 کِتابِ مُقادّس (URD)

مَیں پہاڑوں کے سب پرِندوں کو جانتا ہُوں اور مَیدان کے درِندے میرے ہی ہیں۔ اگر مَیں بُھوکا ہوتا تو تُجھ سے نہ کہتا کیونکہ دُنیا اور اُس کی معمُوری میری ہی ہے۔ کیا مَیں سانڈوں کا گوشت کھاؤُں گا۔ یا بکروں کا خُون پِیؤُں گا؟ خُدا کے لِئے شُکرگُذاری کی قُربانی گُذران اور حق تعالیٰ کے لِئے اپنی مَنّتیں پُوری کر اور مُصِیبت کے دِن مُجھ سے فریاد کر۔ مَیں تُجھے چُھڑاؤُں گا اور تُو میری تمجِید کرے گا۔ لیکن خُدا شرِیر سے کہتا ہے تُجھے میرے آئِین بیان کرنے سے کیا واسطہ اور تُو میرے عہد کو اپنی زُبان پر کیوں لاتا ہے؟ جب کہ تُجھے تربِیّت سے عداوت ہے اور میری باتوں کو پِیٹھ پِیچھے پھینک دیتا ہے۔ تُو چور کو دیکھ کر اُس سے مِل گیا اور زانِیوں کا شرِیک رہا ہے۔ تیرے مُنہ سے بدی نِکلتی ہے اور تیری زُبان فریب گھڑتی ہے۔ تُو بَیٹھا بَیٹھا اپنے بھائی کی غِیبت کرتا ہے اور اپنی ہی ماں کے بیٹے پر تُہمت لگاتا ہے۔ تُو نے یہ کام کِئے اور مَیں خاموش رہا۔ تُو نے گُمان کِیا کہ مَیں بِالکل تُجھ ہی سا ہُوں لیکن مَیں تُجھے ملامت کر کے اِن کو تیری آنکھوں کے سامنے ترتِیب دُوں گا۔ اب اَے خُدا کو بُھولنے والو! اِسے سوچ لو۔ اَیسا نہ ہو کہ مَیں تُم کو پھاڑ ڈالُوں اور کوئی چُھڑانے والا نہ ہو۔ جو شُکرگُذاری کی قُربانی گُذرانتا ہے وہ میری تمجِید کرتا ہے اور جو اپنا چال چلن درُست رکھتا ہے اُس کو مَیں خُدا کی نجات دِکھاؤُں گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 50