زبور 1:50-6
زبور 1:50-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
رب خُداوند خُدا نے کلام کِیا اور مشرِق سے مغرِب تک دُنیا کو بُلایا۔ صِیُّون سے جو حُسن کا کمال ہے خُدا جلوہ گر ہُؤا ہے۔ ہمارا خُدا آئے گا اور خاموش نہیں رہے گا۔ آگ اُس کے آگے آگے بھسم کرتی جائے گی اور اُس کی چاروں طرف بڑی آندھی چلے گی۔ اپنی اُمّت کی عدالت کرنے کے لئے وہ آسمان و زمِین کو طلب کرے گا کہ میرے مُقدّسوں کو میرے حضُور جمع کرو جِنہوں نے قُربانی کے ذرِیعہ سے میرے ساتھ عہد باندھا ہے اور آسمان اُس کی صداقت بیان کریں گے کیونکہ خُدا آپ ہی اِنصاف کرنے والا ہے۔ (سِلاہ)
زبور 1:50-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
آسف کا زبور۔ رب قادرِ مطلق خدا بول اُٹھا ہے، اُس نے طلوعِ صبح سے لے کر غروبِ آفتاب تک پوری دنیا کو بُلایا ہے۔ اللہ کا نور صیون سے چمک اُٹھا ہے، اُس پہاڑ سے جو کامل حُسن کا اظہار ہے۔ ہمارا خدا آ رہا ہے، وہ خاموش نہیں رہے گا۔ اُس کے آگے آگے سب کچھ بھسم ہو رہا ہے، اُس کے ارد گرد تیز آندھی چل رہی ہے۔ وہ آسمان و زمین کو آواز دیتا ہے، ”اب مَیں اپنی قوم کی عدالت کروں گا۔ میرے ایمان داروں کو میرے حضور جمع کرو، اُنہیں جنہوں نے قربانیاں پیش کر کے میرے ساتھ عہد باندھا ہے۔“ آسمان اُس کی راستی کا اعلان کریں گے، کیونکہ اللہ خود انصاف کرنے والا ہے۔ (سِلاہ)