YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:46-11

زبور 1:46-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

قورح کی اولاد کا زبور۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ گیت کا طرز: کنواریاں۔ اللہ ہماری پناہ گاہ اور قوت ہے۔ مصیبت کے وقت وہ ہمارا مضبوط سہارا ثابت ہوا ہے۔ اِس لئے ہم خوف نہیں کھائیں گے، گو زمین لرز اُٹھے اور پہاڑ جھوم کر سمندر کی گہرائیوں میں گر جائیں، گو سمندر شور مچا کر ٹھاٹھیں مارے اور پہاڑ اُس کی دہاڑوں سے کانپ اُٹھیں۔ (سِلاہ) دریا کی شاخیں اللہ کے شہر کو خوش کرتی ہیں، اُس شہر کو جو اللہ تعالیٰ کی مُقدّس سکونت گاہ ہے۔ اللہ اُس کے بیچ میں ہے، اِس لئے شہر نہیں ڈگمگائے گا۔ صبح سویرے ہی اللہ اُس کی مدد کرے گا۔ قومیں شور مچانے، سلطنتیں لڑکھڑانے لگیں۔ اللہ نے آواز دی تو زمین لرز اُٹھی۔ رب الافواج ہمارے ساتھ ہے، یعقوب کا خدا ہمارا قلعہ ہے۔ (سِلاہ) آؤ، رب کے عظیم کاموں پر نظر ڈالو! اُسی نے زمین پر ہول ناک تباہی نازل کی ہے۔ وہی دنیا کی انتہا تک جنگیں روک دیتا، وہی کمان کو توڑ دیتا، نیزے کو ٹکڑے ٹکڑے کرتا اور ڈھال کو جلا دیتا ہے۔ وہ فرماتا ہے، ”اپنی حرکتوں سے باز آؤ! جان لو کہ مَیں خدا ہوں۔ مَیں اقوام میں سربلند اور دنیا میں سرفراز ہوں گا۔“ رب الافواج ہمارے ساتھ ہے۔ یعقوب کا خدا ہمارا قلعہ ہے۔ (سِلاہ)

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 46

زبور 1:46-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُدا ہماری پناہ اور قُوّت ہے۔ مُصِیبت میں مُستعِد مددگار۔ اِس لِئے ہم کو کُچھ خَوف نہیں خواہ زمِین اُلٹ جائے اور پہاڑ سمُندر کی تہہ میں ڈال دیئے جائیں۔ خواہ اُس کا پانی شور مچائے اور مَوجزن ہو اور پہاڑ اُس کی طُغیانی سے ہِل جائیں۔ (سِلاہ) ایک اَیسا دریا ہے جِس کی شاخوں سے خُدا کے شہر کو یعنی حق تعالیٰ کے مُقدّس مسکن کو فرحت ہوتی ہے۔ خُدا اُس میں ہے۔ اُسے کبھی جُنِبش نہ ہو گی۔ خُدا صُبح سویرے اُس کی کُمک کرے گا۔ قَومیں جُھنجلائِیں۔ سلطنتوں نے جُنبش کھائی۔ وہ بول اُٹھا۔ زمِین پِگھل گئی۔ لشکروں کا خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔ یعقُوب کا خُدا ہماری پناہ ہے۔ (سِلاہ) آؤ! خُداوند کے کاموں کو دیکھو کہ اُس نے زمِین پر کیا کیا وِیرانِیاں کی ہیں۔ وہ زمِین کی اِنتہا تک جنگ مَوقُوف کراتا ہے۔ وہ کمان کو توڑتا اور نیزے کے ٹُکڑے کر ڈالتا ہے۔ وہ رتھوں کو آگ سے جلا دیتا ہے۔ خاموش ہو جاؤ اور جان لو کہ مَیں خُدا ہُوں۔ مَیں قَوموں کے درمیان سربُلند ہُوں گا۔ مَیں ساری زمِین پر سربُلند ہُوں گا۔ لشکروں کا خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔ یعقُوب کا خُدا ہماری پناہ ہے۔ (سِلاہ)

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 46