زبور 9:44-26
زبور 9:44-26 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
لیکن اَب آپ نے ہمیں ترک کر دیا اَور ہمیں رُسوا کیا؛ اَور اَب آپ ہمارے لشکروں کے ساتھ نہیں جاتے۔ آپ نے ہمیں دُشمن کے سامنے سے پسپا کر دیا، اَور ہمارے مُخالفوں نے ہمیں لُوٹ لیا۔ آپ نے ہمیں بھیڑوں کی مانند ذبح ہونے کے لیٔے دے دیا اَور ہمیں مُختلف قوموں میں تِتّر بِتّر کر دیا۔ آپ نے اَپنی اُمّت کو بُلا قیمت بیچ ڈالا، اَور اُس سودے میں کچھ بھی منافع نہ کمایا۔ آپ نے ہمیں اَپنے ہمسایوں کی ملامت کا نِشانہ، اَور ہمارے اِردگرد کے لوگوں کی تضحیک و تحقیر اَور تمسخر کا باعث بنا دیا۔ آپ نے ہمیں قوموں کے درمیان ضرب المثل بنا دیا؛ مُختلف اُمّتوں کے لوگ ہمیں دیکھ کر سَر ہلاتے ہیں۔ میری رُسوائی دِن بھر میرے سامنے رہتی ہے، اَور میرے چہرہ پر شرم کا پردہ پڑا رہتاہے جو ملامت کرنے والوں اَور بُرا بھلا کہنے والوں کی طَعنہ زنی کے سبب سے ہے، اَور دُشمن کی وجہ سے ہے جو اِنتقام لینے پر آمادہ ہے۔ یہ سَب کچھ ہم پر واقع ہُوا، حالانکہ ہم نے آپ کو فراموش نہیں کیا تھا اَور نہ ہی آپ کے عہد کو جُھٹلایا تھا۔ ہمارے دِل برگشتہ نہ ہُوئے؛ اَور نہ ہمارے قدم آپ کی راہ سے بہکے۔ لیکن آپ نے ہمیں کُچل کر گیدڑوں کا ٹھکانا بنا دیا اَور ہمیں گہری تاریکی سے ڈھانک دیا۔ اگر ہم اَپنے خُدا کا نام فراموش کر چُکے ہوتے یا اَپنے ہاتھ کسی غَیر معبُود کے آگے دعا کے لئے پھیلائے ہوتے، تو کیا خُدا نے اُسے دریافت نہ کر لیا ہوتا، جَب کہ وہ دِل کے بھید جانتے ہیں؟ ہم تو آپ کی خاطِر سارا دِن موت کا سامنا کرتے رہتے ہیں؛ ہم ذبح ہونے والی بھیڑوں کی مانند سمجھے جاتے ہیں۔ جاگو، اَے خُداوؔند، آپ کیوں سوتے ہیں؟ اُٹھیں، ہمیں ہمیشہ کے لیٔے ترک نہ کریں۔ آپ اَپنا مُنہ کیوں چھپاتے ہیں اَور ہماری مُصیبت اَور مظلومی کو بھُول جاتے ہیں؟ ہم خاک میں مِلا دیئے گیٔے ہیں؛ اَور ہمارے جِسم زمین سے جا لگے ہیں۔ اُٹھیں اَور ہماری مدد کریں؛ اَور اَپنی لافانی مَحَبّت کے باعث ہمارا فدیہ دیں۔
زبور 9:44-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن اب تُو نے ہمیں رد کر دیا، ہمیں شرمندہ ہونے دیا ہے۔ جب ہماری فوجیں لڑنے کے لئے نکلتی ہیں تو تُو اُن کا ساتھ نہیں دیتا۔ تُو نے ہمیں دشمن کے سامنے پسپا ہونے دیا، اور جو ہم سے نفرت کرتے ہیں اُنہوں نے ہمیں لُوٹ لیا ہے۔ تُو نے ہمیں بھیڑبکریوں کی طرح قصاب کے ہاتھ میں چھوڑ دیا، ہمیں مختلف قوموں میں منتشر کر دیا ہے۔ تُو نے اپنی قوم کو خفیف سی رقم کے لئے بیچ ڈالا، اُسے فروخت کرنے سے نفع حاصل نہ ہوا۔ یہ تیری طرف سے ہوا کہ ہمارے پڑوسی ہمیں رُسوا کرتے، گرد و نواح کے لوگ ہمیں لعن طعن کرتے ہیں۔ ہم اقوام میں عبرت انگیز مثال بن گئے ہیں۔ لوگ ہمیں دیکھ کر توبہ توبہ کہتے ہیں۔ دن بھر میری رُسوائی میری آنکھوں کے سامنے رہتی ہے۔ میرا چہرہ شرم سار ہی رہتا ہے، کیونکہ مجھے اُن کی گالیاں اور کفر سننا پڑتا ہے، دشمن اور انتقام لینے پر تُلے ہوئے کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ یہ سب کچھ ہم پر آ گیا ہے، حالانکہ نہ ہم تجھے بھول گئے اور نہ تیرے عہد سے بےوفا ہوئے ہیں۔ نہ ہمارا دل باغی ہو گیا، نہ ہمارے قدم تیری راہ سے بھٹک گئے ہیں۔ تاہم تُو نے ہمیں چُور چُور کر کے گیدڑوں کے درمیان چھوڑ دیا، تُو نے ہمیں گہری تاریکی میں ڈوبنے دیا ہے۔ اگر ہم اپنے خدا کا نام بھول کر اپنے ہاتھ کسی اَور معبود کی طرف اُٹھاتے تو کیا اللہ کو یہ بات معلوم نہ ہو جاتی؟ ضرور! وہ تو دل کے رازوں سے واقف ہوتا ہے۔ لیکن تیری خاطر ہمیں دن بھر موت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لوگ ہمیں ذبح ہونے والی بھیڑوں کے برابر سمجھتے ہیں۔ اے رب، جاگ اُٹھ! تُو کیوں سویا ہوا ہے؟ ہمیں ہمیشہ کے لئے رد نہ کر بلکہ ہماری مدد کرنے کے لئے کھڑا ہو جا۔ تُو اپنا چہرہ ہم سے پوشیدہ کیوں رکھتا ہے، ہماری مصیبت اور ہم پر ہونے والے ظلم کو نظرانداز کیوں کرتا ہے؟ ہماری جان خاک میں دب گئی، ہمارا بدن مٹی سے چمٹ گیا ہے۔ اُٹھ کر ہماری مدد کر! اپنی شفقت کی خاطر فدیہ دے کر ہمیں چھڑا!
زبور 9:44-26 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن تُو نے تو اب ہم کو ترک کر دِیا اور ہم کو رُسوا کِیا اور ہمارے لشکروں کے ساتھ نہیں جاتا۔ تُو ہم کو مخالِف کے آگے پسپا کرتا ہے اور ہم سے عداوت رکھنے والے لُوٹ مار کرتے ہیں۔ تُو نے ہم کو ذبح ہونے والی بھیڑوں کی مانِند کر دِیا اور قَوموں کے درمیان ہم کو پراگندہ کِیا۔ تُو اپنے لوگوں کو مُفت بیچ ڈالتا ہے اور اُن کی قِیمت سے تیری دَولت نہیں بڑھتی۔ تُو ہم کو ہمارے پڑوسیوں کی ملامت کا نِشانہ اور ہمارے آس پاس کے لوگوں کے تمسخُر اور مذاق کا باعِث بناتا ہے۔ تُو ہم کو قَوموں کے درمیان ضربُ المثل اور اُمّتوں میں سر ہلانے کا باعِث ٹھہراتا ہے۔ میری رُسوائی دِن بھر میرے سامنے رہتی ہے اور میرے مُنہ پر شرمِندگی چھا گئی۔ ملامت کرنے والے اور کُفر بکنے والے کی باتوں کے سبب سے اور مُخالِف اور اِنتِقام لینے والے کے باعِث۔ یہ سب کُچھ ہم پر بِیتا تَو بھی ہم تُجھ کو نہیں بُھولے نہ تیرے عہد سے بے وفائی کی نہ ہمارے دِل برگشتہ ہُوئے نہ ہمارے قدم تیری راہ سے مُڑے جو تُو نے ہم کو گِیدڑوں کی جگہ میں خُوب کُچلا اور مَوت کے سایہ میں ہم کو چِھپایا۔ اگر ہم اپنے خُدا کے نام کو بُھولے یا ہم نے کِسی اجنبی معبُود کے آگے اپنے ہاتھ پَھیلائے ہوں تو کیا خُدا اِسے دریافت نہ کر لے گا؟ کیونکہ وہ دِلوں کے بھید جانتا ہے۔ بلکہ ہم تو دِن بھر تیری ہی خاطِر جان سے مارے جاتے ہیں اور گویا ذبح ہونے والی بھیڑیں سمجھے جاتے ہیں۔ اَے خُداوند! جاگ تُو کیوں سوتا ہے؟ اُٹھ! ہمیشہ کے لِئے ہم کو ترک نہ کر۔ تُو اپنا مُنہ کیوں چِھپاتا ہے اور ہماری مُصِیبت اور مظلُومی کو بُھولتا ہے؟ کیونکہ ہماری جان خاک میں مِل گئی۔ ہمارا جِسم مِٹّی ہو گیا۔ ہماری مدد کے لِئے اُٹھ۔ اور اپنی شفقت کی خاطِر ہمارا فِدیہ دے۔