زبور 1:44-8
زبور 1:44-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُدا! ہم نے اپنے کانوں سے سُنا۔ ہمارے باپ دادا نے ہم سے بیان کِیا کہ تُو نے اُن کے دِنوں میں قدِیم زمانہ میں کیا کیا کام کِئے۔ تُو نے قَوموں کو اپنے ہاتھ سے نِکال دِیا اور اِن کو بسایا۔ تُو نے اُمّتوں کو تباہ کِیا اور اِن کو چاروں طرف پَھیلایا۔ کیونکہ نہ تو یہ اپنی تلوار سے اِس مُلک پر قابِض ہُوئے اور نہ اِن کے بازُو نے اِن کو بچایا بلکہ تیرے دہنے ہاتھ اور تیرے بازُو اور تیرے چہرے کے نُور نے اِن کو فتح بخشی کیونکہ تُو اِن سے خُوشنُود تھا۔ اَے خُدا! تُو میرا بادشاہ ہے۔ یعقُوبؔ کے حق میں نجات کا حُکم صادِر فرما۔ تیری بَدولت ہم اپنے مُخالِفوں کو گِرا دیں گے۔ تیرے نام سے ہم اپنے خِلاف اُٹھنے والوں کو پامال کریں گے۔ کیونکہ نہ تو مَیں اپنی کمان پر بھروسا کرُوں گا اور نہ میری تلوار مُجھے بچائے گی۔ لیکن تُو نے ہم کو ہمارے مُخالِفوں سے بچایا ہے اور ہم سے عداوت رکھنے والوں کو شرمِندہ کِیا۔ ہم دِن بھر خُدا پر فخر کرتے رہے ہیں اور ہمیشہ ہم تیرے ہی نام کا شُکریہ ادا کرتے رہیں گے۔ (سِلاؔہ)
زبور 1:44-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے خُدا، ہم نے اَپنے کانوں سے سُنا، اَور ہمارے آباؤاَجداد نے ہم سے کہا، کہ آپ نے اُن کے دِنوں میں، قدیم زمانہ میں آپ نے کیا کیا کام کیٔے۔ آپ نے اَپنے ہاتھ سے قوموں کو بے دخل کر دیا اَور ہمارے آباؤاَجداد کو آباد کیا؛ آپ نے مُختلف اُمّتوں کو تباہ کر دیا اَور ہمارے آباؤاَجداد کو آسُودہ کر دیا۔ کیونکہ آپ کے لوگ نہ تو اَپنی تلوار کے بَل پر اُس مُلک پر قابض ہُوئے، اَور نہ اُن کے بازو کی طاقت ہی نے اُنہیں فتح بخشی؛ بَلکہ وہ آپ کے داہنے ہاتھ، آپ کے بازو کی طاقت، اَور آپ کے چہرہ کے نُور سے فتحیاب ہُوئے، کیونکہ آپ کو اُن سے مَحَبّت تھی۔ کیونکہ آپ میرے بادشاہ اَور میرے خُدا ہیں، جو یعقوب کے حق میں نَجات کا حُکم صادر فرماتے ہیں۔ آپ کی بدولت ہم اَپنے دُشمنوں کو پیچھے دھکیلتے ہیں؛ اَور آپ کے نام کی بدولت ہم اَپنے مُخالفوں کو پامال کرتے ہیں۔ مُجھے اَپنی کمان پر اِعتماد نہیں، اَور میری تلوار مُجھے فتح نہیں دیتی؛ لیکن آپ ہمیں اَپنے دُشمنوں پر فتحیاب کرتے ہیں، اَور ہمارے مُخالفوں کو شرمندہ کرتے ہیں۔ ہم دِن بھر خُدا پر فخر کرتے ہیں، اَور ہم ہمیشہ آپ کے نام کی سِتائش کریں گے۔
زبور 1:44-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
قورح کی اولاد کا زبور۔ حکمت کا گیت۔ موسیقی کے راہنما کے لئے۔ اے اللہ، جو کچھ تُو نے ہمارے باپ دادا کے ایام میں یعنی قدیم زمانے میں کیا وہ ہم نے اپنے کانوں سے اُن سے سنا ہے۔ تُو نے خود اپنے ہاتھ سے دیگر قوموں کو نکال کر ہمارے باپ دادا کو ملک میں پودے کی طرح لگا دیا۔ تُو نے خود دیگر اُمّتوں کو شکست دے کر ہمارے باپ دادا کو ملک میں پھلنے پھولنے دیا۔ اُنہوں نے اپنی ہی تلوار کے ذریعے ملک پر قبضہ نہیں کیا، اپنے ہی بازو سے فتح نہیں پائی بلکہ تیرے دہنے ہاتھ، تیرے بازو اور تیرے چہرے کے نور نے یہ سب کچھ کیا۔ کیونکہ وہ تجھے پسند تھے۔ تُو میرا بادشاہ، میرا خدا ہے۔ تیرے ہی حکم پر یعقوب کو مدد حاصل ہوتی ہے۔ تیری مدد سے ہم اپنے دشمنوں کو زمین پر پٹخ دیتے، تیرا نام لے کر اپنے مخالفوں کو کچل دیتے ہیں۔ کیونکہ مَیں اپنی کمان پر اعتماد نہیں کرتا، اور میری تلوار مجھے نہیں بچائے گی بلکہ تُو ہی ہمیں دشمن سے بچاتا، تُو ہی اُنہیں شرمندہ ہونے دیتا ہے جو ہم سے نفرت کرتے ہیں۔ پورا دن ہم اللہ پر فخر کرتے ہیں، اور ہم ہمیشہ تک تیرے نام کی تمجید کریں گے۔ (سِلاہ)