زبور 1:37-40
زبور 1:37-40 کِتابِ مُقادّس (URD)
تُو بدکرداروں کے سبب سے بیزار نہ ہو اور بدی کرنے والوں پر رشک نہ کر کیونکہ وہ گھاس کی طرح جلد کاٹ ڈالے جائیں گے اور سبزہ کی طرح مُرجھا جائیں گے۔ خُداوند پر توکُّل کر اور نیکی کر۔ مُلک میں آباد رہ اور اُس کی وفاداری سے پرورِش پا۔ خُداوند میں مسرُور رہ اور وہ تیرے دِل کی مُرادیں پُوری کرے گا۔ اپنی راہ خُداوند پر چھوڑ دے اور اُس پر توکُّل کر۔ وُہی سب کُچھ کرے گا۔ وہ تیری راست بازی کو نُور کی طرح اور تیرے حق کو دوپہر کی طرح رَوشن کرے گا۔ خُداوند میں مُطمِئن رہ اور صبر سے اُس کی آس رکھ۔ اُس آدمی کے سبب سے جو اپنی راہ میں کامیاب ہوتا اور بُرے منصُوبوں کو انجام دیتا ہے بیزار نہ ہو۔ قہر سے باز آ اور غضب کو چھوڑ دے۔ بیزار نہ ہو۔ اِس سے بُرائی ہی نِکلتی ہے۔ کیونکہ بدکردار کاٹ ڈالے جائیں گے لیکن جِن کو خُداوند کی آس ہے مُلک کے وارِث ہوں گے کیونکہ تھوڑی دیر میں شرِیر نابُود ہو جائے گا۔ تُو اُس کی جگہ کو غَور سے دیکھے گا پر وہ نہ ہو گا۔ لیکن حلِیم مُلک کے وارِث ہوں گے اور سلامتی کی فراوانی سے شادمان رہیں گے۔ شرِیر راست باز کے خِلاف بندِشیں باندھتا ہے اور اُس پر دانت پِیستا ہے۔ خُداوند اُس پر ہنسے گا کیونکہ وہ دیکھتا ہے کہ اُس کا دِن آتا ہے۔ شرِیروں نے تلوار نِکالی اور کمان کھینچی ہے تاکہ غرِیب اور مُحتاج کو گِرا دیں اور راست رَو کو قتل کریں۔ اُن کی تلوار اُن ہی کے دِل کو چھیدے گی اور اُن کی کمانیں توڑی جائیں گی صادِق کا تھوڑا سا مال بُہت سے شرِیروں کی دَولت سے بِہتر ہے کیونکہ شرِیروں کے بازُو توڑے جائیں گے لیکن خُداوند صادِقوں کو سنبھالتا ہے۔ کامِل لوگوں کے ایّام کو خُداوند جانتا ہے۔ اُن کی مِیراث ہمیشہ کے لِئے ہو گی۔ وہ آفت کے وقت شرمِندہ نہ ہوں گے۔ اور کال کے دِنوں میں آسُودہ رہیں گے۔ لیکن شرِیر ہلاک ہوں گے۔ خُداوند کے دُشمن چراگاہوں کی سرسبزی کی مانِند ہوں گے۔ وہ فنا ہو جائیں گے۔ وہ دُھوئیں کی طرح جاتے رہیں گے۔ شرِیر قرض لیتا ہے اور ادا نہیں کرتا لیکن صادِق رحم کرتا ہے اور دیتا ہے کیونکہ جِن کو وہ برکت دیتا ہے وہ زمِین کے وارِث ہوں گے اور جِن پر وہ لَعنت کرتا ہے وہ کاٹ ڈالے جائیں گے۔ اِنسان کی روِشیں خُداوند کی طرف سے قائِم ہیں اور وہ اُس کی راہ سے خُوش ہے۔ اگر وہ گِر بھی جائے تُو پڑا نہ رہے گا کیونکہ خُداوند اُسے اپنے ہاتھ سے سنبھالتا ہے۔ مَیں جوان تھا اور اب بُوڑھا ہُوں تَو بھی مَیں نے صادِق کو بیکس اور اُس کی اَولاد کو ٹُکڑے مانگتے نہیں دیکھا۔ وہ دِن بھر رحم کرتا ہے اور قرض دیتا ہے اور اُس کی اَولاد کو برکت مِلتی ہے۔ بدی کو چھوڑ دے اور نیکی کر اور ہمیشہ تک آباد رہ۔ کیونکہ خُداوند اِنصاف کو پسند کرتا ہے اور اپنے مُقدّسوں کو ترک نہیں کرتا۔ وہ ہمیشہ کے لِئے محفُوظ ہیں۔ پر شرِیروں کی نسل کاٹ ڈالی جائے گی۔ صادِق زمِین کے وارِث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔ صادِق کے مُنہ سے دانائی نِکلتی ہے اور اُس کی زُبان سے اِنصاف کی باتیں۔ اُس کے خُدا کی شرِیعت اُس کے دِل میں ہے۔ وہ اپنی روِش میں پِھسلے گا نہیں۔ شرِیر صادِق کی تاک میں رہتا ہے اور اُسے قتل کرنا چاہتا ہے۔ خُداوند اُسے اُس کے ہاتھ میں نہیں چھوڑے گا اور جب اُس کی عدالت ہو تو اُسے مُجرِم نہ ٹھہرائے گا۔ خُداوند کی آس رکھ اور اُسی کی راہ پر چلتا رہ اور وہ تُجھے سرفراز کر کے زمِین کا وارِث بنائے گا۔ جب شرِیر کاٹ ڈالے جائیں گے تو تُو دیکھے گا۔ مَیں نے شرِیر کو بڑے اِقتدار میں اور اَیسا پَھیلتے دیکھا جَیسے کوئی ہرا درخت اپنی اصلی زمِین میں پَھیلتا ہے۔ لیکن جب کوئی اُدھر سے گُذرا اور دیکھا تو وہ تھا ہی نہیں بلکہ مَیں نے اُسے ڈھُونڈا پر وہ نہ مِلا۔ کامِل آدمی پر نِگاہ کر اور راست باز کو دیکھ کیونکہ صُلح دوست آدمی کے لِئے اجر ہے۔ لیکن خطاکار اِکٹھے مَر مِٹیں گے۔ شرِیروں کا انجام ہلاکت ہے لیکن صادِقوں کی نجات خُداوند کی طرف سے ہے۔ مُصِیبت کے وقت وہ اُن کا مُحکم قلعہ ہے۔ اور خُداوند اُن کی مدد کرتا اور اُن کو بچاتا ہے۔ وہ اُن کو شرِیروں سے چُھڑاتا اور بچا لیتا ہے۔ اِس لِئے کہ اُنہوں نے اُس میں پناہ لی ہے۔
زبور 1:37-40 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
بدکرداروں کے باعث پریشان نہ ہو، اَور خطاکاروں پر رشک نہ کرو۔ کیونکہ وہ گھاس کی مانند جلد مُرجھا جایٔیں گے، اَور سبز پَودوں کی طرح جلد پژمردہ ہو جایٔیں گے۔ یَاہوِہ پر بھروسا رکھ اَور نیکی کرو؛ مُلک میں آباد رہ اَور محفوظ چراگاہ کا لُطف اُٹھا۔ یَاہوِہ میں مسرُور رہ اَور وہ تمہاری دِلی مُرادیں پُوری کریں گے۔ اَپنی راہ یَاہوِہ کے سُپرد کرو؛ اُن پر توکّل رکھ اَور وُہی سَب کچھ پُورا کریں گے: وہ تمہاری راستبازی کو سحر کی طرح، اَور تمہارے حق و اِنصاف کو دوپہر کی دھوپ کی مانند رَوشن کریں گے۔ یَاہوِہ کے سامنے خاموشی سے کھڑے رہو اَور صبر سے اُن کی آس رکھیں؛ جَب لوگ اَپنی روِشوں میں کامیاب ہُوں، اَور اَپنے بُرے منصُوبے پایۂ تکمیل تک پہُنچائیں، تَب آپ پریشان نہ ہوں۔ قہر سے باز آؤ اَور غضب کو چھوڑ دو؛ بے زار نہ ہو ورنہ آپ سے بدی سرزد ہوگی۔ بدکردار تو کاٹ ڈالے جایٔیں گے، لیکن جِن کا توکّل یَاہوِہ پر ہے وہ زمین کے وارِث ہوں گے۔ کچھ ہی دیر باقی ہے، پھر بدکار باقی نہ رہیں گے؛ تُم اُنہیں تلاش کروگے تو بھی اُنہیں نہ پاؤگے۔ لیکن حلیم مُلک کے وارِث ہوں گے اَور خُوب خُوشحالی اَور اِطمینان سے رہیں گے۔ بدکار لوگ راستبازوں کے خِلاف سازش کرتے ہیں اَور اُن پر دانت پیستے ہیں؛ لیکن خُداوؔند بدکار لوگوں پر ہنستے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اُن کی بربادی کا دِن (یعنی عدالت کا دِن) آ رہاہے۔ بدکار لوگ تلوار کھینچتے اَور کمان کو خم کرتے ہیں تاکہ غریبوں اَور مُحتاجوں کو گرا دیں، اَور سیدھی راہ پر چلنے والوں کو قتل کر دیں۔ لیکن اُن کی تلواریں اُن ہی کے دِلوں کو چھیدیں گی، اَور اُن کی کمانیں توڑ دی جایٔیں گی۔ راستبازوں کی تھوڑی سِی پُونجی بدکاروں کی بہت سِی دولت سے بہتر ہے؛ کیونکہ بدکاروں کی قُوّت توڑ دی جائے گی، لیکن یَاہوِہ راستبازوں کو سنبھالتا ہے۔ یَاہوِہ کامل لوگوں کی زندگی کے ایّام کو جانتے ہیں، اُن کی مِیراث ہمیشہ تک قائِم رہے گی۔ وہ آفت کے وقت مُرجھائیں گے نہیں؛ وہ قحط کے دِنوں میں بھی آسُودہ رہیں گے۔ لیکن بدکار نِیست و نابود ہو جایٔیں گے: یَاہوِہ کے دُشمن کھیتوں کی شادابی کی مانند ہوں گے، وہ دھوئیں جَیسے دفعتاً غائب ہو جایٔیں گے۔ بدکار قرض لیتے ہیں لیکن اَدا نہیں کرتے، لیکن راستباز فیّاضی سے دیتے ہیں؛ جنہیں یَاہوِہ برکت دیں گے وہ مُلک کے وارِث ہوں گے، لیکن جِن پر وہ لعنت کریں گے وہ ہلاک کر دیئے جایٔیں گے۔ اگر یَاہوِہ کسی اِنسان کی روِش سے خُوش ہوتے ہیں، تو اُسے ثابت قدم رکھتے ہیں؛ اگر وہ ٹھوکر بھی کھائے تو گرتا نہیں، کیونکہ یَاہوِہ اُسے اَپنے ہاتھ سے تھامے رہتے ہیں۔ میں جَوان تھا لیکن اَب ضعیف ہو چُکا ہُوں، تو بھی مَیں نے راستبازوں کو بے یارومددگار اَور اُن کی اَولاد کو بھیک مانگتے ہُوئے نہیں دیکھا۔ دیندار لوگ ہمیشہ فیّاضی سے پیش آتے ہیں اَور فراخدلی سے قرض دیتے ہیں، اَور اُن کی اَولاد برکت پایٔے گی۔ بدی سے باز رہو اَور نیکی کرو؛ تَب تُم مُلک میں ہمیشہ آباد رہوگے۔ کیونکہ یَاہوِہ صادقوں کی پسندوں کو عزیز رکھتے ہیں اَور وہ اَپنے وفادار بندوں کو ترک نہیں کریں گے۔ اُن کی ہمیشہ حِفاظت کی جائے گی، لیکن بدکار لوگوں کی اَولاد کاٹ ڈالی جائے گی؛ راستباز مُلک کے وارِث ہوں گے اَور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔ راستباز کے مُنہ سے دانائی کی باتیں نکلتی ہیں، اَور اُس کی زبان اِنصاف کی بولی بولتی ہے۔ اُس کے خُدا کے آئین اُس کے دِل میں ہے؛ اَور اُس کے پاؤں نہیں پھسلتے۔ بدکار راستبازوں کی تاک میں رہتے ہیں، اَور اُن کی جان کے درپے ہوتے ہیں؛ یَاہوِہ اُنہیں بُرے لوگوں کے ہاتھ میں نہیں چھوڑیں گے اَور جَب وہ عدالت میں پیش ہوں گے تو اُنہیں مُجرم نہیں ٹھہرائیں گے۔ یَاہوِہ کی آس رکھو اَور اُس کی راہ پر چلتے رہو۔ وہ تُمہیں سرفراز کریں گے تاکہ تُم زمین کا وارِث بنو؛ جَب بدکار کاٹ ڈالے جایٔیں گے تو تُم اَپنی آنکھوں سے دیکھوگے۔ مَیں نے ایک بدکار اَور سنگدل اِنسان کو اَیسے بڑے اقتدار میں دیکھا جَیسے کویٔی سرسبز درخت اَپنی اصلی زمین میں پھلتا پھُولتا ہے، لیکن جلد ہی جاتا رہا اَور باقی نہ رہا؛ مَیں نے اُسے تلاش کیا لیکن وہ مِلا ہی نہیں۔ مَرد کامل پر نگاہ کرو، راستباز کو دیکھو؛ اَمن پرست شخص کا مُستقبِل رَوشن ہوتاہے۔ لیکن سَب گُنہگار ہلاک کر دئیے جایٔیں گے؛ بدکار لوگوں کی نَسل کاٹ ڈالی جائے گی۔ راستبازوں کی نَجات یَاہوِہ کی طرف سے ہے؛ مُصیبت کے وقت وہ اُن کا محکم قلعہ ہیں۔ یَاہوِہ اُن کی مدد کرتے اَور اُنہیں رِہائی بخشتے ہیں؛ وہ اُنہیں بدکاروں سے چُھڑاتے اَور بچا لیتے ہیں، کیونکہ وہ لوگ اُن میں پناہ لیتے ہیں۔
زبور 1:37-40 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ شریروں کے باعث بےچین نہ ہو جا، بدکاروں پر رشک نہ کر۔ کیونکہ وہ گھاس کی طرح جلد ہی مُرجھا جائیں گے، ہریالی کی طرح جلد ہی سوکھ جائیں گے۔ رب پر بھروسا رکھ کر بھلائی کر، ملک میں رہ کر وفاداری کی پرورش کر۔ رب سے لطف اندوز ہو تو جو تیرا دل چاہے وہ تجھے دے گا۔ اپنی راہ رب کے سپرد کر۔ اُس پر بھروسا رکھ تو وہ تجھے کامیابی بخشے گا۔ تب وہ تیری راست بازی سورج کی طرح طلوع ہونے دے گا اور تیرا انصاف دوپہر کی روشنی کی طرح چمکنے دے گا۔ رب کے حضور چپ ہو کر صبر سے اُس کا انتظار کر۔ بےقرار نہ ہو اگر سازشیں کرنے والا کامیاب ہو۔ خفا ہونے سے باز آ، غصے کو چھوڑ دے۔ رنجیدہ نہ ہو، ورنہ بُرا ہی نتیجہ نکلے گا۔ کیونکہ شریر مٹ جائیں گے جبکہ رب سے اُمید رکھنے والے ملک کو میراث میں پائیں گے۔ مزید تھوڑی دیر صبر کر تو بےدین کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ تُو اُس کا کھوج لگائے گا، لیکن کہیں نہیں پائے گا۔ لیکن حلیم ملک کو میراث میں پا کر بڑے امن اور سکون سے لطف اندوز ہوں گے۔ بےشک بےدین دانت پیس پیس کر راست باز کے خلاف سازشیں کرتا رہے۔ لیکن رب اُس پر ہنستا ہے، کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اُس کا انجام قریب ہی ہے۔ بےدینوں نے تلوار کو کھینچا اور کمان کو تان لیا ہے تاکہ ناچاروں اور ضرورت مندوں کو گرا دیں اور سیدھی راہ پر چلنے والوں کو قتل کریں۔ لیکن اُن کی تلوار اُن کے اپنے دل میں گھونپی جائے گی، اُن کی کمان ٹوٹ جائے گی۔ راست باز کو جو تھوڑا بہت حاصل ہے وہ بہت بےدینوں کی دولت سے بہتر ہے۔ کیونکہ بےدینوں کا بازو ٹوٹ جائے گا جبکہ رب راست بازوں کو سنبھالتا ہے۔ رب بےالزاموں کے دن جانتا ہے، اور اُن کی موروثی ملکیت ہمیشہ کے لئے قائم رہے گی۔ مصیبت کے وقت وہ شرم سار نہیں ہوں گے، کال بھی پڑے تو سیر ہوں گے۔ لیکن بےدین ہلاک ہو جائیں گے، اور رب کے دشمن چراگاہوں کی شان کی طرح نیست ہو جائیں گے، دھوئیں کی طرح غائب ہو جائیں گے۔ بےدین قرض لیتا اور اُسے نہیں اُتارتا، لیکن راست باز مہربان ہے اور فیاضی سے دیتا ہے۔ کیونکہ جنہیں رب برکت دے وہ ملک کو میراث میں پائیں گے، لیکن جن پر وہ لعنت بھیجے اُن کا نام و نشان تک نہیں رہے گا۔ اگر کسی کے پاؤں جم جائیں تو یہ رب کی طرف سے ہے۔ ایسے شخص کی راہ کو وہ پسند کرتا ہے۔ اگر گر بھی جائے تو پڑا نہیں رہے گا، کیونکہ رب اُس کے ہاتھ کا سہارا بنا رہے گا۔ مَیں جوان تھا اور اب بوڑھا ہو گیا ہوں۔ لیکن مَیں نے کبھی نہیں دیکھا کہ راست باز کو ترک کیا گیا یا اُس کے بچوں کو بھیک مانگنی پڑی۔ وہ ہمیشہ مہربان اور قرض دینے کے لئے تیار ہے۔ اُس کی اولاد برکت کا باعث ہو گی۔ بُرائی سے باز آ کر بھلائی کر۔ تب تُو ہمیشہ کے لئے ملک میں آباد رہے گا، کیونکہ رب کو انصاف پیارا ہے، اور وہ اپنے ایمان داروں کو کبھی ترک نہیں کرے گا۔ وہ ابد تک محفوظ رہیں گے جبکہ بےدینوں کی اولاد کا نام و نشان تک نہیں رہے گا۔ راست باز ملک کو میراث میں پا کر اُس میں ہمیشہ بسیں گے۔ راست باز کا منہ حکمت بیان کرتا اور اُس کی زبان سے انصاف نکلتا ہے۔ اللہ کی شریعت اُس کے دل میں ہے، اور اُس کے قدم کبھی نہیں ڈگمگائیں گے۔ بےدین راست باز کی تاک میں بیٹھ کر اُسے مار ڈالنے کا موقع ڈھونڈتا ہے۔ لیکن رب راست باز کو اُس کے ہاتھ میں نہیں چھوڑے گا، وہ اُسے عدالت میں مجرم نہیں ٹھہرنے دے گا۔ رب کے انتظار میں رہ اور اُس کی راہ پر چلتا رہ۔ تب وہ تجھے سرفراز کر کے ملک کا وارث بنائے گا، اور تُو بےدینوں کی ہلاکت دیکھے گا۔ مَیں نے ایک بےدین اور ظالم آدمی کو دیکھا جو پھلتے پھولتے دیودار کے درخت کی طرح آسمان سے باتیں کرنے لگا۔ لیکن تھوڑی دیر کے بعد جب مَیں دوبارہ وہاں سے گزرا تو وہ تھا نہیں۔ مَیں نے اُس کا کھوج لگایا، لیکن کہیں نہ ملا۔ بےالزام پر دھیان دے اور دیانت دار پر غور کر، کیونکہ آخرکار اُسے امن اور سکون حاصل ہو گا۔ لیکن مجرم مل کر تباہ ہو جائیں گے، اور بےدینوں کو آخرکار رُوئے زمین پر سے مٹایا جائے گا۔ راست بازوں کی نجات رب کی طرف سے ہے، مصیبت کے وقت وہی اُن کا قلعہ ہے۔ رب ہی اُن کی مدد کر کے اُنہیں چھٹکارا دے گا، وہی اُنہیں بےدینوں سے بچا کر نجات دے گا۔ کیونکہ اُنہوں نے اُس میں پناہ لی ہے۔