YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:35-28

زبور 1:35-28 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے خُداوند! جو مُجھ سے جھگڑتے ہیں تُو اُن سے جھگڑ۔ جو مُجھ سے لڑتے ہیں تُو اُن سے لڑ۔ ڈھال اور سِپر لے کر میری کُمک کے لِئے کھڑا ہو۔ بھالا بھی نِکال اور میرا پِیچھا کرنے والوں کا راستہ بند کر دے۔ میری جان سے کہہ مَیں تیری نجات ہُوں۔ جو میری جان کے خواہاں ہیں وہ شرمِندہ اور رُسوا ہوں۔ جو میرے نُقصان کا منصُوبہ باندھتے ہیں وہ پسپا اور پریشان ہوں۔ وہ اَیسے ہو جائیں جَیسے ہوا کے آگے بُھوسا اور خُداوند کا فرِشتہ اُن کو ہانکتا رہے۔ اُن کی راہ اندھیری اور پِھسلنی ہو جائے۔ اور خُداوند کا فرِشتہ اُن کو رگیدتا جائے۔ کیونکہ اُنہوں نے بے سبب میرے لِئے گڑھے میں جال بِچھایا اور ناحق میری جان کے لِئے گڑھا کھودا ہے۔ اُس پر ناگہان تباہی آ پڑے اور جِس جال کو اُس نے بِچھایا ہے اُس میں آپ ہی پھنسے اور اُسی ہلاکت میں گرِفتار ہو۔ لیکن میری جان خُداوند میں خُوش رہے گی اور اُس کی نجات سے شادمان ہو گی۔ میری سب ہڈِّیاں کہیں گی اَے خُداوند! تُجھ سا کَون ہے جو غرِیب کو اُس کے ہاتھ سے جو اُس سے زورآور ہے اور مسکِین و مُحتاج کو غارت گر سے چُھڑاتا ہے؟ جُھوٹے گواہ اُٹھتے ہیں اور جو باتیں مَیں نہیں جانتا وہ مُجھ سے پُوچھتے ہیں۔ وہ مُجھ سے نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ میری جان بیکس ہو جاتی ہے۔ لیکن مَیں نے تو اُن کی بِیماری میں جب وہ بِیمار تھے ٹاٹ اوڑھا اور روزے رکھ رکھ کر اپنی جان کو دُکھ دِیا اور میری دُعا میرے ہی سِینہ میں واپس آئی۔ مَیں نے تو اَیسا کِیا گویا وہ میرا دوست یا میرا بھائی تھا۔ مَیں نے سر جُھکا کر غم کِیا جَیسے کوئی اپنی ماں کے لِئے ماتم کرتا ہو۔ پر جب مَیں لنگڑانے لگا تو وہ خُوش ہو کر اِکٹّھے ہو گئے۔ کمِینے میرے خِلاف اِکٹّھے ہُوئے اور مُجھے معلُوم نہ تھا۔ اُنہوں نے مُجھے پھاڑا اور باز نہ آئے۔ ضِیافتوں کے بدتمِیز مسخروں کی طرح اُنہوں نے مُجھ پر دانت پِیسے۔ اَے خُداوند! تُو کب تک دیکھتا رہے گا؟ میری جان کو اُن کی غارت گری سے۔ میری جان کو شیروں سے چُھڑا۔ مَیں بڑے مجمع میں تیری شُکرگُذاری کرُوں گا۔ مَیں بُہت سے لوگوں میں تیری سِتایش کرُوں گا۔ جو ناحق میرے دُشمن ہیں مُجھ پر شادیانہ نہ بجائیں اور جو مُجھ سے بے سبب عداوت رکھتے ہیں چشمک زنی نہ کریں۔ کیونکہ وہ سلامتی کی باتیں نہیں کرتے۔ بلکہ مُلک کے امن پسند لوگوں کے خِلاف مکر کے منصُوبے باندھتے ہیں۔ یہاں تک کہ اُنہوں نے خُوب مُنہ پھاڑا اور کہا اہا ہاہا! ہم نے اپنی آنکھ سے دیکھ لِیا ہے۔ اَے خُداوند! تُو نے خُود یہ دیکھا ہے۔ خاموش نہ رہ۔ اَے خُداوند! مُجھ سے دُور نہ رہ۔ اُٹھ! میرے اِنصاف کے لِئے جاگ اور میرے مُعاملہ کے لِئے اَے میرے خُدا! اَے میرے خُداوند! اپنی صداقت کے مُطابِق میری عدالت کر۔ اَے خُداوند میرے خُدا! اور اُن کو مُجھ پر شادیانہ بجانے نہ دے۔ وہ اپنے دِل میں یہ نہ کہنے پائیں اہا! ہم تو یہی چاہتے تھے۔ وہ یہ نہ کہیں کہ ہم اُسے نِگل گئے۔ جو میرے نُقصان سے خُوش ہوتے ہیں وہ باہم شرمِندہ اور پریشان ہوں۔ جو میرے مُقابلہ میں تکبُّر کرتے ہیں وہ شرمِندگی اور رُسوائی سے مُلبّس ہوں۔ جو میرے سچّے مُعاملہ کی تائِید کرتے ہیں وہ خُوشی سے للکاریں اور شاد ہوں۔ وہ سدا یہ کہیں خُداوند کی تمجِید ہو جِس کی خُوشنُودی اپنے بندہ کی اِقبال مندی میں ہے۔ تب میری زُبان سے تیری صداقت کا ذِکر ہو گا اور دِن بھر تیری تعرِیف ہو گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 35

زبور 1:35-28 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے یَاہوِہ، جو مُجھ سے جھگڑتے ہیں آپ اُن سے جھگڑیں؛ اَورجو مُجھ سے لڑتے ہیں آپ اُن سے لڑیں۔ سِپر اَور ڈھال لے کر؛ کھڑا ہو اَور میری مدد کے لیٔے آجائیے۔ میرا تعاقب کرنے والوں کے راستہ میں نیزہ لے کر کھڑا ہو جائیے۔ میری جان سے کہو، ”مَیں آپ کی نَجات ہُوں۔“ جو میری جان کے خواہاں ہیں وہ رُسوا اَور شرمندہ ہُوں؛ جو میری بربادی کا منصُوبہ باندھتے ہیں وہ دہشت زدہ ہوکر پسپا کئے جایٔیں۔ وہ اَیسے ہو جایٔیں جَیسے ہَوا کے آگے بھُوسی، اَور یَاہوِہ کا فرشتہ اُنہیں ہانکتا رہے؛ اُن کی راہ تاریک اَور پھسلنی ہو جائے، اَور یَاہوِہ کا فرشتہ اُن کو رگیدتا چلا جائے۔ کیونکہ اُنہُوں نے بلاوجہ میرے لیٔے جال بچھایا ہے اَور ناحق میرے لیٔے گڑھا کھودا ہے، اُن پر ناگہاں تباہی آ جائے، اَورجو جال اُنہُوں نے بچھایا ہے اُس میں وہ خُود ہی جا پھنسیں، وہ گڑھے میں گِر جایٔیں اَور تباہ ہوں۔ تَب میری جان یَاہوِہ میں خُوش ہوگی اَور اُن کی نَجات سے شادمان ہوگی۔ میرا کُل وُجُود یہ کہے گا، ”اَے یَاہوِہ، آپ کی مانند کون ہے؟ آپ غریبوں کو اُن کے ہاتھ سے جو زِیادہ زورآور ہیں، اَور مسکینوں اَور مُحتاجوں کو غارت گروں سے چُھڑاتے ہیں۔“ سنگدل گواہ میرے خِلاف اُٹھ کھڑے ہوتے ہیں؛ اَور مُجھ سے اَیسی باتوں کے متعلّق پُوچھتے ہیں جنہیں میں نہیں جانتا۔ وہ مُجھ سے نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں اَور میری جان کو لاچار کر دیتے ہیں۔ تو بھی جَب وہ بیمار تھے تو مَیں نے ٹاٹ اوڑھا اَور روزے رکھ کر نَفس کُشی کی۔ جَب میری نامقبُول دعائیں میرے پاس لَوٹ آئیں۔ تو میں ماتم کرنے لگا گویا اَپنے دوست یا بھایٔی کے لیٔے ہی کر رہا ہُوں۔ اَور غم کے مارے میرا سَر جھُک گیا گویا میں اَپنی ماں کے لیٔے رو رہا ہُوں۔ لیکن جَب مَیں لڑکھڑایا تو وہ خُوش ہوکر اِکٹھّے ہو گئے؛ حملہ آور میرے خِلاف جمع ہو گئے اَور مُجھے اُس کا علم بھی نہ تھا۔ اَور مُجھ پر بہتان باندھنے سے باز نہ آئے۔ بےدینوں کی طرح اُنہُوں نے عداوت سے میرا مضحکہ اُڑایا؛ اَور مُجھ پر دانت پیسے۔ اَے خُداوؔند، آپ کب تک دیکھتے رہیں گے؟ میری جان کو اُن کی غارت گری سے، ہاں، میری قیمتی جان اُن دُشمنوں سے چھُڑا لے جو مُجھ پر شیروں کی مانند حملہ کرتے ہیں۔ مَیں بڑے اِسرائیلی مجمع میں آپ کا شکریہ اَدا کروں گا؛ مَیں لوگوں کے ہُجوم میں آپ کی سِتائش کروں گا؛ جو لوگ ناحق میرے دُشمن بَن گیٔے ہیں وہ مُجھ پر شادیانے نہ بجائیں؛ جو بلاوجہ مُجھ سے کینہ رکھتے ہیں وہ چشمک زنی نہ کریں۔ کیونکہ وہ صُلح کی باتیں نہیں کرتے، بَلکہ مُلک کے اَمن پسندوں کے خِلاف بھی جھُوٹے اِلزام لگاتے ہیں۔ وہ میرے، سامنے مُنہ پھاڑ پھاڑ کر کہتے ہیں، ”آہ! آہ! ہم نے تو اَپنی آنکھوں سے دیکھ لیا۔“ اَے یَاہوِہ، آپ نے تو خُود یہ دیکھاہے؛ لہٰذا خاموش نہ رہیں۔ اَے خُداوؔند، مُجھ سے دُور نہ ہو۔ جاگیں اَور میرے بچاؤ کے لیٔے اُٹھیں! اَے میرے خُدا اَور میرے خُداوؔند! میری عدالت کریں۔ اَے یَاہوِہ، میرے خُدا! اَپنی صداقت کے مُطابق میرا اِنصاف کر؛ اُنہیں مُجھ پر شادمان نہ ہونے دیں۔ اُنہیں یہ سوچنے کا موقع نہ دے کہ آہا، ”یہی تو ہم چاہتے تھے!“ اَور نہ یہ کہنے کا، ”کہ ہم اُسے نگل گیٔے ہیں۔“ جو میری بربادی پر خُوش ہوتے ہیں وہ شرمندہ اَور پریشان ہو جایٔیں؛ جو میرے مُقابلہ میں اَپنی بڑائی کی ڈینگیں مارتے ہیں، وہ شرم اَور رُسوائی سے مُلبّس ہُوں۔ جو میرے بَری ہو جانے کے حق میں ہیں وہ خُوشی اَور شادمانی سے للکاریں؛ اَور وہ ہمیشہ یہ کہیں، ”کہ یَاہوِہ کی تمجید ہو، جو اَپنے خادِم کی سلامتی پر خُوش ہوتاہے۔“ میری زبان آپ کی راستبازی کا ذِکر کرےگی وہ دِن بھر آپ کی سِتائش کرتی رہے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 35

زبور 1:35-28 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

داؤد کا زبور۔ اے رب، اُن سے جھگڑ جو میرے ساتھ جھگڑتے ہیں، اُن سے لڑ جو میرے ساتھ لڑتے ہیں۔ لمبی اور چھوٹی ڈھال پکڑ لے اور اُٹھ کر میری مدد کرنے آ۔ نیزے اور برچھی کو نکال کر اُنہیں روک دے جو میرا تعاقب کر رہے ہیں! میری جان سے فرما، ”مَیں تیری نجات ہوں!“ جو میری جان کے لئے کوشاں ہیں اُن کا منہ کالا ہو جائے، وہ رُسوا ہو جائیں۔ جو مجھے مصیبت میں ڈالنے کے منصوبے باندھ رہے ہیں وہ پیچھے ہٹ کر شرمندہ ہوں۔ وہ ہَوا میں بھوسے کی طرح اُڑ جائیں جب رب کا فرشتہ اُنہیں بھگا دے۔ اُن کا راستہ تاریک اور پھسلنا ہو جب رب کا فرشتہ اُن کے پیچھے پڑ جائے۔ کیونکہ اُنہوں نے بےسبب اور چپکے سے میرے راستے میں جال بچھایا، بلاوجہ مجھے پکڑنے کا گڑھا کھودا ہے۔ اِس لئے تباہی اچانک ہی اُن پر آ پڑے، پہلے اُنہیں پتا ہی نہ چلے۔ جو جال اُنہوں نے چپکے سے بچھایا اُس میں وہ خود اُلجھ جائیں، جس گڑھے کو اُنہوں نے کھودا اُس میں وہ خود گر کر تباہ ہو جائیں۔ تب میری جان رب کی خوشی منائے گی اور اُس کی نجات کے باعث شادمان ہو گی۔ میرے تمام اعضا کہہ اُٹھیں گے، ”اے رب، کون تیری مانند ہے؟ کوئی بھی نہیں! کیونکہ تُو ہی مصیبت زدہ کو زبردست آدمی سے چھٹکارا دیتا، تُو ہی ناچار اور غریب کو لُوٹنے والے کے ہاتھ سے بچا لیتا ہے۔“ ظالم گواہ میرے خلاف اُٹھ کھڑے ہو رہے ہیں۔ وہ ایسی باتوں کے بارے میں میری پوچھ گچھ کر رہے ہیں جن سے مَیں واقف ہی نہیں۔ وہ میری نیکی کے عوض مجھے نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اب میری جان تن تنہا ہے۔ جب وہ بیمار ہوئے تو مَیں نے ٹاٹ اوڑھ کر اور روزہ رکھ کر اپنی جان کو دُکھ دیا۔ کاش میری دعا میری گود میں واپس آئے! مَیں نے یوں ماتم کیا جیسے میرا کوئی دوست یا بھائی ہو۔ مَیں ماتمی لباس پہن کر یوں خاک میں جھک گیا جیسے اپنی ماں کا جنازہ ہو۔ لیکن جب مَیں خود ٹھوکر کھانے لگا تو وہ خوش ہو کر میرے خلاف جمع ہوئے۔ وہ مجھ پر حملہ کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے، اور مجھے معلوم ہی نہیں تھا۔ وہ مجھے پھاڑتے رہے اور باز نہ آئے۔ مسلسل کفر بک بک کر وہ میرا مذاق اُڑاتے، میرے خلاف دانت پیستے تھے۔ اے رب، تُو کب تک خاموشی سے دیکھتا رہے گا؟ میری جان کو اُن کی تباہ کن حرکتوں سے بچا، میری زندگی کو جوان شیروں سے چھٹکارا دے۔ تب مَیں بڑی جماعت میں تیری ستائش اور بڑے ہجوم میں تیری تعریف کروں گا۔ اُنہیں مجھ پر بغلیں بجانے نہ دے جو بےسبب میرے دشمن ہیں۔ اُنہیں مجھ پر ناک بھوں چڑھانے نہ دے جو بلاوجہ مجھ سے کینہ رکھتے ہیں۔ کیونکہ وہ خیر اور سلامتی کی باتیں نہیں کرتے بلکہ اُن کے خلاف فریب دہ منصوبے باندھتے ہیں جو امن اور سکون سے ملک میں رہتے ہیں۔ وہ منہ پھاڑ کر کہتے ہیں، ”لو جی، ہم نے اپنی آنکھوں سے اُس کی حرکتیں دیکھی ہیں!“ اے رب، تجھے سب کچھ نظر آیا ہے۔ خاموش نہ رہ! اے رب، مجھ سے دُور نہ ہو۔ اے رب میرے خدا، جاگ اُٹھ! میرے دفاع میں اُٹھ کر اُن سے لڑ! اے رب میرے خدا، اپنی راستی کے مطابق میرا انصاف کر۔ اُنہیں مجھ پر بغلیں بجانے نہ دے۔ وہ دل میں نہ سوچیں، ”لو جی، ہمارا ارادہ پورا ہوا ہے!“ وہ نہ بولیں، ”ہم نے اُسے ہڑپ کر لیا ہے۔“ جو میرا نقصان دیکھ کر خوش ہوئے اُن سب کا منہ کالا ہو جائے، وہ شرمندہ ہو جائیں۔ جو مجھے دبا کر اپنے آپ پر فخر کرتے ہیں وہ شرمندگی اور رُسوائی سے ملبّس ہو جائیں۔ لیکن جو میرے انصاف کے آرزومند ہیں وہ خوش ہوں اور شادیانہ بجائیں۔ وہ کہیں، ”رب کی بڑی تعریف ہو، جو اپنے خادم کی خیریت چاہتا ہے۔“ تب میری زبان تیری راستی بیان کرے گی، وہ سارا دن تیری تمجید کرتی رہے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 35