زبور 12:33-22
زبور 12:33-22 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
مُبارک ہے وہ قوم، جِس کا خُدا یَاہوِہ ہے، اَور وہ اُمّت، جسے اُنہُوں نے اَپنی مِیراث کے لیٔے چُن لیا۔ یَاہوِہ آسمان میں سے نیچے نگاہ کرتا ہے، اَور سَب بنی آدمؔ کو دیکھتا ہے؛ وہ اَپنی قِیام گاہ سے زمین کے سَب باشِندوں پر نظر رکھتے ہیں۔ وُہی ہیں جو سَب کے دِلوں کو بناتے ہیں، اَور اُن کے سَب کاموں کا خیال رکھتے ہیں۔ کویٔی بادشاہ اَپنی فَوج کی کثرت ہی کے باعث سلامت نہیں رہتا؛ اَور کسی سُورما کو اُس کی بڑی قُوّت بچا نہ سکے گی۔ فتح کے لئے گھوڑے پر اُمّید رکھنا فُضول ہے؛ اَپنی بڑی قُوّت کے باوُجُود وہ بچا نہیں سَکتا۔ دیکھو، یَاہوِہ کی آنکھیں اُس سے ڈرنے والوں پر، اَور اُن پر لگی رہتی ہیں جِن کی اُمّید اُس کی لافانی مَحَبّت پر ہے، تاکہ وہ اُنہیں موت سے چھُڑائے اَور قحط کے وقت صحیح و سالِم رکھے۔ ہم یَاہوِہ پر آس لگائے بیٹھے ہیں؛ وہ ہماری مدد اَور ہماری سِپر ہے۔ اُس میں ہمارے دِل شادمان ہیں، کیونکہ اُس کے پاک نام پر ہمارا توکّل ہے۔ اَے یَاہوِہ، آپ کی لافانی مَحَبّت ہم پر ہو، ہماری آپ ہی پر آس ہے۔
زبور 12:33-22 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مبارک ہے وہ قوم جس کا خدا رب ہے، وہ قوم جسے اُس نے چن کر اپنی میراث بنا لیا ہے۔ رب آسمان سے نظر ڈال کر تمام انسانوں کا ملاحظہ کرتا ہے۔ اپنے تخت سے وہ زمین کے تمام باشندوں کا معائنہ کرتا ہے۔ جس نے اُن سب کے دلوں کو تشکیل دیا وہ اُن کے تمام کاموں پر دھیان دیتا ہے۔ بادشاہ کی بڑی فوج اُسے نہیں چھڑاتی، اور سورمے کی بڑی طاقت اُسے نہیں بچاتی۔ گھوڑا بھی مدد نہیں کر سکتا۔ جو اُس پر اُمید رکھے وہ دھوکا کھائے گا۔ اُس کی بڑی طاقت چھٹکارا نہیں دیتی۔ یقیناً رب کی آنکھ اُن پر لگی رہتی ہے جو اُس کا خوف مانتے اور اُس کی مہربانی کے انتظار میں رہتے ہیں، کہ وہ اُن کی جان موت سے بچائے اور کال میں محفوظ رکھے۔ ہماری جان رب کے انتظار میں ہے۔ وہی ہمارا سہارا، ہماری ڈھال ہے۔ ہمارا دل اُس میں خوش ہے، کیونکہ ہم اُس کے مُقدّس نام پر بھروسا رکھتے ہیں۔ اے رب، تیری مہربانی ہم پر رہے، کیونکہ ہم تجھ پر اُمید رکھتے ہیں۔
زبور 12:33-22 کِتابِ مُقادّس (URD)
مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا خُدا خُداوند ہے اور وہ اُمّت جِس کو اُس نے اپنی ہی مِیراث کے لِئے برگُزِیدہ کِیا۔ خُداوند آسمان پر سے دیکھتا ہے۔ سب بنی آدمؔ پر اُس کی نِگاہ ہے اپنی سکُونت گاہ سے وہ زمِین کے سب باشِندوں کو دیکھتا ہے۔ وُہی ہے جو اُن سب کے دِلوں کو بناتا اور اُن کے سب کاموں کا خیال رکھتا ہے۔ کِسی بادشاہ کو فَوج کی کثرت نہ بچائے گی اور کِسی زبردست آدمی کو اُس کی بڑی طاقت رہائی نہ دے گی۔ بچ نِکلنے کے لِئے گھوڑا بیکار ہے۔ وہ اپنی شہہ زوری سے کِسی کو نہ بچائے گا دیکھو! خُداوند کی نِگاہ اُن پر ہے جو اُس سے ڈرتے ہیں۔ جو اُس کی شفقت کے اُمیدوار ہیں تاکہ اُن کی جان مَوت سے بچائے اور قحط میں اُن کو جِیتا رکھّے۔ ہماری جان کو خُداوند کی آس ہے۔ وُہی ہماری کُمک اور ہماری سِپر ہے۔ ہمارا دِل اُس میں شادمان رہے گا کیونکہ ہم نے اُس کے پاک نام پر توکُّل کِیا ہے۔ اَے خُداوند! جَیسی تُجھ پر ہماری آس ہے وَیسی ہی تیری رحمت ہم پر ہو!