زبور 1:33-9
زبور 1:33-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے راست بازو، رب کی خوشی مناؤ! کیونکہ مناسب ہے کہ سیدھی راہ پر چلنے والے اُس کی ستائش کریں۔ سرود بجا کر رب کی حمد و ثنا کرو۔ اُس کی تمجید میں دس تاروں والا ساز بجاؤ۔ اُس کی تمجید میں نیا گیت گاؤ، مہارت سے ساز بجا کر خوشی کے نعرے لگاؤ۔ کیونکہ رب کا کلام سچا ہے، اور وہ ہر کام وفاداری سے کرتا ہے۔ اُسے راست بازی اور انصاف پیارے ہیں، دنیا رب کی شفقت سے بھری ہوئی ہے۔ رب کے کہنے پر آسمان خلق ہوا، اُس کے منہ کے دم سے ستاروں کا پورا لشکر وجود میں آیا۔ وہ سمندر کے پانی کا بڑا ڈھیر جمع کرتا، پانی کی گہرائیوں کو گوداموں میں محفوظ رکھتا ہے۔ کُل دنیا رب کا خوف مانے، زمین کے تمام باشندے اُس سے دہشت کھائیں۔ کیونکہ اُس نے فرمایا تو فوراً وجود میں آیا، اُس نے حکم دیا تو اُسی وقت قائم ہوا۔
زبور 1:33-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے صادِقو! خُداوند میں شادمان رہو۔ حمد کرنا راست بازوں کو زیبا ہے۔ سِتار کے ساتھ خُداوند کا شُکر کرو۔ دس تار کی بربط کے ساتھ اُس کی سِتایش کرو۔ اُس کے لِئے نیا گِیت گاؤ۔ بُلند آواز کے ساتھ اچھّی طرح بجاؤ کیونکہ خُداوند کا کلام راست ہے اور اُس کے سب کام باوفا ہیں۔ وہ صداقت اور اِنصاف کو پسند کرتا ہے۔ زمِین خُداوند کی شفقت سے معمُور ہے۔ آسمان خُداوند کے کلام سے اور اُس کا سارا لشکر اُس کے مُنہ کے دَم سے بنا۔ وہ سمُندر کا پانی تُودے کی مانِند جمع کرتا ہے۔ وہ گہرے سمُندروں کو مخزنوں میں رکھتا ہے۔ ساری زمِین خُداوند سے ڈرے۔ جہان کے سب باشِندے اُس کا خَوف رکھّیں کیونکہ اُس نے فرمایا اور ہو گیا۔ اُس نے حُکم دِیا اور واقِع ہُؤا۔