زبور 19:31-24
زبور 19:31-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
آپ نے اَپنے ڈرنے والوں کے لیٔے، کتنی بڑی نِعمت رکھ چھوڑی ہے، جسے آپ بنی آدمؔ کے سامنے اُنہیں عطا کرتے ہیں جو آپ میں پناہ لیتے ہیں۔ آپ اُنہیں لوگوں کی سازشوں سے اَپنی حُضُوری کی پناہ گاہ میں چُھپائے رکھتے ہیں اَور اَپنے مَسکن میں اُنہیں اِلزام تراش زبانوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ یَاہوِہ کی سِتائش ہو! کیونکہ جَب مَیں اَیسے شہر میں تھا جسے دُشمنوں نے گھیر رکھا تھا تو اُنہُوں نے مُجھے اَپنی عجِیب شفقت و مَحَبّت دِکھائی۔ مَیں نے گھبرا کر عجلت میں کہہ دیا تھا، ”مَیں آپ کے سامنے سے کاٹ ڈالا گیا ہُوں!“ لیکن جَب مَیں نے آپ سے فریاد کی تَب آپ نے میری رحم کی اِلتجا کو سُن لیا۔ یَاہوِہ سے مَحَبّت رکھو، اَے اُن کے سَب وفادار مُقدّسین! یَاہوِہ سچّے مُومِنین کو سلامت رکھتے ہیں، لیکن مغروُروں کو خُوب بدلہ دیتے ہیں۔ لہٰذا تُم سَب جو یَاہوِہ پر آس رکھتے ہو، مضبُوط ہو جاؤ اَور ہمّت باندھو!
زبور 19:31-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تیری بھلائی کتنی عظیم ہے! تُو اُسے اُن کے لئے تیار رکھتا ہے جو تیرا خوف مانتے ہیں، اُسے اُنہیں دکھاتا ہے جو انسانوں کے سامنے سے تجھ میں پناہ لیتے ہیں۔ تُو اُنہیں اپنے چہرے کی آڑ میں لوگوں کے حملوں سے چھپا لیتا، اُنہیں خیمے میں لا کر الزام تراش زبانوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ رب کی تمجید ہو، کیونکہ جب شہر کا محاصرہ ہو رہا تھا تو اُس نے معجزانہ طور پر مجھ پر مہربانی کی۔ اُس وقت مَیں گھبرا کر بولا، ”ہائے، مَیں تیرے حضور سے منقطع ہو گیا ہوں!“ لیکن جب مَیں نے چیختے چلّاتے ہوئے تجھ سے مدد مانگی تو تُو نے میری التجا سن لی۔ اے رب کے تمام ایمان دارو، اُس سے محبت رکھو! رب وفاداروں کو محفوظ رکھتا، لیکن مغروروں کو اُن کے رویے کا پورا اجر دے گا۔ چنانچہ مضبوط اور دلیر ہو، تم سب جو رب کے انتظار میں ہو۔
زبور 19:31-24 کِتابِ مُقادّس (URD)
آہ! تُو نے اپنے ڈرنے والوں کے لِئے کَیسی بڑی نِعمت رکھ چھوڑی ہے۔ جِسے تُو نے بنی آدمؔ کے سامنے اپنے توکُّل کرنے والوں کے لِئے تیّار کِیا۔ تُو اُن کو اِنسان کی بندِشوں سے اپنی حضُوری کے پردہ میں چِھپا لے گا۔ تُو اُن کو زُبان کے جھگڑوں سے شامیانہ میں پوشِیدہ رکھّے گا۔ خُداوند مُبارک ہو۔ کیونکہ اُس نے مُجھ کو مُحکم شہر میں اپنی عجِیب شفقت دِکھائی۔ مَیں نے تو جلد بازی سے کہا تھا کہ مَیں تیرے سامنے سے کاٹ ڈالا گیا۔ تَو بھی جب مَیں نے تُجھ سے فریاد کی تو تُو نے میری مِنّت کی آواز سُن لی خُداوند سے مُحبّت رکھّو اَے اُس کے سب مُقدّسو! خُداوند اِیمان داروں کو سلامت رکھتا ہے اور مغرُوروں کو خُوب ہی بدلہ دیتا ہے۔ اَے خُداوند پر آس رکھنے والو! سب مضبُوط ہو اور تُمہارا دِل قوی رہے۔