زبور 7:27-10
زبور 7:27-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، میری آواز سن جب مَیں تجھے پکاروں، مجھ پر مہربانی کر کے میری سن۔ میرا دل تجھے یاد دلاتا ہے کہ تُو نے خود فرمایا، ”میرے چہرے کے طالب رہو!“ اے رب، مَیں تیرے ہی چہرے کا طالب رہا ہوں۔ اپنے چہرے کو مجھ سے چھپائے نہ رکھ، اپنے خادم کو غصے سے اپنے حضور سے نہ نکال۔ کیونکہ تُو ہی میرا سہارا رہا ہے۔ اے میری نجات کے خدا، مجھے نہ چھوڑ، مجھے ترک نہ کر۔ کیونکہ میرے ماں باپ نے مجھے ترک کر دیا ہے، لیکن رب مجھے قبول کر کے اپنے گھر میں لائے گا۔
زبور 7:27-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! میری آواز سُن۔ مَیں پُکارتا ہُوں۔ مُجھ پر رحم کر اور مُجھے جواب دے۔ جب تُو نے فرمایا کہ میرے دِیدار کے طالِب ہو تو میرے دِل نے تُجھ سے کہا اَے خُداوند مَیں تیرے دِیدار کا طالِب رہُوں گا۔ مُجھ سے رُوپوش نہ ہو۔ اپنے بندہ کو قہر سے نہ نِکال۔ تُو میرا مددگار رہا ہے۔ نہ مُجھے ترک کر نہ مُجھے چھوڑ اَے میرے نجات دینے والے خُدا! جب میرا باپ اور میری ماں مُجھے چھوڑ دیں تو خُداوند مُجھے سنبھال لے گا۔