زبور 1:27-5
زبور 1:27-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ رب میری روشنی اور میری نجات ہے، مَیں کس سے ڈروں؟ رب میری جان کی پناہ گاہ ہے، مَیں کس سے دہشت کھاؤں؟ جب شریر مجھ پر حملہ کریں تاکہ مجھے ہڑپ کر لیں، جب میرے مخالف اور دشمن مجھ پر ٹوٹ پڑیں تو وہ ٹھوکر کھا کر گر جائیں گے۔ گو فوج مجھے گھیر لے میرا دل خوف نہیں کھائے گا، گو میرے خلاف جنگ چھڑ جائے میرا بھروسا قائم رہے گا۔ رب سے میری ایک گزارش ہے، مَیں ایک ہی بات چاہتا ہوں۔ یہ کہ جیتے جی رب کے گھر میں رہ کر اُس کی شفقت سے لطف اندوز ہو سکوں، کہ اُس کی سکونت گاہ میں ٹھہر کر محوِ خیال رہ سکوں۔ کیونکہ مصیبت کے دن وہ مجھے اپنی سکونت گاہ میں پناہ دے گا، مجھے اپنے خیمے میں چھپا لے گا، مجھے اُٹھا کر اونچی چٹان پر رکھے گا۔
زبور 1:27-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند میری رَوشنی اور میری نجات ہے۔ مُجھے کِس کی دہشت؟ خُداوند میری زِندگی کا پُشتہ ہے۔ مُجھے کِس کی ہَیبت؟ جب شریر یعنی میرے مُخالِف اور میرے دُشمن میرا گوشت کھانے کو مُجھ پر چڑھ آئے تُو وہ ٹھوکر کھا کر گِر پڑے۔ خواہ میرے خِلاف لشکر خَیمہ زن ہو میرا دِل نہیں ڈرے گا۔ خواہ میرے مُقابلہ میں جنگ برپا ہو تَو بھی مَیں خاطِر جمع رہُوں گا۔ مَیں نے خُداوند سے ایک درخواست کی ہے۔ مَیں اِسی کا طالِب رہُوں گا کہ مَیں عُمر بھر خُداوند کے گھر میں رہُوں تاکہ خُداوند کے جمال کو دیکھُوں اور اُس کی ہَیکل میں اِستِفسار کِیا کرُوں۔ کیونکہ مُصِیبت کے دِن وہ مُجھے اپنے شامیانہ میں پوشِیدہ رکھّے گا وہ مُجھے اپنے خَیمہ کے پردہ میں چِھپا لے گا۔ وہ مُجھے چٹان پر چڑھا دے گا۔