YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:27-10

زبور 1:27-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُداوند میری رَوشنی اور میری نجات ہے۔ مُجھے کِس کی دہشت؟ خُداوند میری زِندگی کا پُشتہ ہے۔ مُجھے کِس کی ہَیبت؟ جب شریر یعنی میرے مُخالِف اور میرے دُشمن میرا گوشت کھانے کو مُجھ پر چڑھ آئے تُو وہ ٹھوکر کھا کر گِر پڑے۔ خواہ میرے خِلاف لشکر خَیمہ زن ہو میرا دِل نہیں ڈرے گا۔ خواہ میرے مُقابلہ میں جنگ برپا ہو تَو بھی مَیں خاطِر جمع رہُوں گا۔ مَیں نے خُداوند سے ایک درخواست کی ہے۔ مَیں اِسی کا طالِب رہُوں گا کہ مَیں عُمر بھر خُداوند کے گھر میں رہُوں تاکہ خُداوند کے جمال کو دیکھُوں اور اُس کی ہَیکل میں اِستِفسار کِیا کرُوں۔ کیونکہ مُصِیبت کے دِن وہ مُجھے اپنے شامیانہ میں پوشِیدہ رکھّے گا وہ مُجھے اپنے خَیمہ کے پردہ میں چِھپا لے گا۔ وہ مُجھے چٹان پر چڑھا دے گا۔ اب مَیں اپنے چاروں طرف کے دُشمنوں پر سرفراز کِیا جاؤُں گا۔ مَیں اُس کے خَیمہ میں خُوشی کی قُربانِیاں گُذرانُوں گا۔ مَیں گاؤُں گا۔ مَیں خُداوند کی مدح سرائی کرُوں گا۔ اَے خُداوند! میری آواز سُن۔ مَیں پُکارتا ہُوں۔ مُجھ پر رحم کر اور مُجھے جواب دے۔ جب تُو نے فرمایا کہ میرے دِیدار کے طالِب ہو تو میرے دِل نے تُجھ سے کہا اَے خُداوند مَیں تیرے دِیدار کا طالِب رہُوں گا۔ مُجھ سے رُوپوش نہ ہو۔ اپنے بندہ کو قہر سے نہ نِکال۔ تُو میرا مددگار رہا ہے۔ نہ مُجھے ترک کر نہ مُجھے چھوڑ اَے میرے نجات دینے والے خُدا! جب میرا باپ اور میری ماں مُجھے چھوڑ دیں تو خُداوند مُجھے سنبھال لے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 27

زبور 1:27-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

داؤد کا زبور۔ رب میری روشنی اور میری نجات ہے، مَیں کس سے ڈروں؟ رب میری جان کی پناہ گاہ ہے، مَیں کس سے دہشت کھاؤں؟ جب شریر مجھ پر حملہ کریں تاکہ مجھے ہڑپ کر لیں، جب میرے مخالف اور دشمن مجھ پر ٹوٹ پڑیں تو وہ ٹھوکر کھا کر گر جائیں گے۔ گو فوج مجھے گھیر لے میرا دل خوف نہیں کھائے گا، گو میرے خلاف جنگ چھڑ جائے میرا بھروسا قائم رہے گا۔ رب سے میری ایک گزارش ہے، مَیں ایک ہی بات چاہتا ہوں۔ یہ کہ جیتے جی رب کے گھر میں رہ کر اُس کی شفقت سے لطف اندوز ہو سکوں، کہ اُس کی سکونت گاہ میں ٹھہر کر محوِ خیال رہ سکوں۔ کیونکہ مصیبت کے دن وہ مجھے اپنی سکونت گاہ میں پناہ دے گا، مجھے اپنے خیمے میں چھپا لے گا، مجھے اُٹھا کر اونچی چٹان پر رکھے گا۔ اب مَیں اپنے دشمنوں پر سربلند ہوں گا، اگرچہ اُنہوں نے مجھے گھیر رکھا ہے۔ مَیں اُس کے خیمے میں خوشی کے نعرے لگا کر قربانیاں پیش کروں گا، ساز بجا کر رب کی مدح سرائی کروں گا۔ اے رب، میری آواز سن جب مَیں تجھے پکاروں، مجھ پر مہربانی کر کے میری سن۔ میرا دل تجھے یاد دلاتا ہے کہ تُو نے خود فرمایا، ”میرے چہرے کے طالب رہو!“ اے رب، مَیں تیرے ہی چہرے کا طالب رہا ہوں۔ اپنے چہرے کو مجھ سے چھپائے نہ رکھ، اپنے خادم کو غصے سے اپنے حضور سے نہ نکال۔ کیونکہ تُو ہی میرا سہارا رہا ہے۔ اے میری نجات کے خدا، مجھے نہ چھوڑ، مجھے ترک نہ کر۔ کیونکہ میرے ماں باپ نے مجھے ترک کر دیا ہے، لیکن رب مجھے قبول کر کے اپنے گھر میں لائے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 27