زبور 1:25-7
زبور 1:25-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! مَیں اپنی جان تیری طرف اُٹھاتا ہُوں۔ اَے میرے خُدا! مَیں نے تُجھ پر توکُّل کِیا ہے۔ مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔ میرے دُشمن مُجھ پر شادیانہ نہ بجائیں۔ بلکہ جو تیرے مُنتظِر ہیں اُن میں سے کوئی شرمِندہ نہ ہو گا۔ پر جو ناحق بے وفائی کرتے ہیں وُہی شرمِندہ ہوں گے۔ اَے خُداوند! اپنی راہیں مُجھے دِکھا۔ اپنے راستے مُجھے بتا دے۔ مُجھے اپنی سچّائی پر چلا اور تعلِیم دے۔ کیونکہ تُو میرا نجات دینے والا خُدا ہے۔ مَیں دِن بھر تیرا ہی مُنتظِر رہتا ہُوں۔ اَے خُداوند اپنی رحمتوں اور شفقتوں کو یاد فرما کیونکہ وہ ازل سے ہیں۔ میری جوانی کی خطاؤں اور میرے گُناہوں کو یاد نہ کر۔ اَے خُداوند! اپنی نیکی کی خاطِر اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھے یاد فرما۔
زبور 1:25-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ اے رب، مَیں تیرا آرزومند ہوں۔ اے میرے خدا، تجھ پر مَیں بھروسا رکھتا ہوں۔ مجھے شرمندہ نہ ہونے دے کہ میرے دشمن مجھ پر شادیانہ بجائیں۔ کیونکہ جو بھی تجھ پر اُمید رکھے وہ شرمندہ نہیں ہو گا جبکہ جو بلاوجہ بےوفا ہوتے ہیں وہی شرمندہ ہو جائیں گے۔ اے رب، اپنی راہیں مجھے دکھا، مجھے اپنے راستوں کی تعلیم دے۔ اپنی سچائی کے مطابق میری راہنمائی کر، مجھے تعلیم دے۔ کیونکہ تُو میری نجات کا خدا ہے۔ دن بھر مَیں تیرے انتظار میں رہتا ہوں۔ اے رب، اپنا وہ رحم اور مہربانی یاد کر جو تُو قدیم زمانے سے کرتا آیا ہے۔ اے رب، میری جوانی کے گناہوں اور میری بےوفا حرکتوں کو یاد نہ کر بلکہ اپنی بھلائی کی خاطر اور اپنی شفقت کے مطابق میرا خیال رکھ۔