زبور 28:18-35
زبور 28:18-35 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے یَاہوِہ، آپ میرے چراغ رَوشن رکھیں؛ میرے خُدا میری تاریکی کو نُور تبدیل کرتے ہیں۔ آپ کی مدد سے میں فَوج پر چڑھائی کر سَکتا ہُوں؛ اَور اَپنے خُدا کی بدولت میں دیوار پھاند سَکتا ہُوں۔ خُدا کی راہ پکّی ہے؛ یَاہوِہ کا کلام کامل ہے۔ وہ اُن سَب کی سِپر ہے جو اُن میں پناہ لیتے ہیں۔ کیونکہ یَاہوِہ کے علاوہ اَور کون خُدا ہے؟ اَور ہمارے خُدا کے سِوا اَور کون چٹّان ہے؟ خُدا ہی قُوّت سے مُجھے مُسلّح کرتے ہیں اَور میری راہ کو کامل کرتے ہیں۔ وہ میرے پاؤں کو ہِرنی کے پاؤں کی مانند بناتے ہیں؛ اَور مُجھے بُلندیوں پر کھڑا رہنے کے قابل بناتے ہیں۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتے ہیں؛ اَور یہاں تک کہ میرے بازو کانسے کی کمان کو جھُکا دیتے ہیں۔ آپ مُجھے اَپنی فتح کی سِپر دیتے ہیں، اَور آپ کا داہنا ہاتھ مُجھے سنبھالے ہُوئے ہے؛ آپ کی بندہ پروری نے مُجھے بڑا بنا دیا ہے۔
زبور 28:18-35 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، تُو ہی میرا چراغ جلاتا، میرا خدا ہی میرے اندھیرے کو روشن کرتا ہے۔ کیونکہ تیرے ساتھ مَیں فوجی دستے پر حملہ کر سکتا، اپنے خدا کے ساتھ دیوار کو پھلانگ سکتا ہوں۔ اللہ کی راہ کامل ہے، رب کا فرمان خالص ہے۔ جو بھی اُس میں پناہ لے اُس کی وہ ڈھال ہے۔ کیونکہ رب کے سوا کون خدا ہے؟ ہمارے خدا کے سوا کون چٹان ہے؟ اللہ مجھے قوت سے کمربستہ کرتا، وہ میری راہ کو کامل کر دیتا ہے۔ وہ میرے پاؤں کو ہرن کی سی پُھرتی عطا کرتا، مجھے مضبوطی سے میری بلندیوں پر کھڑا کرتا ہے۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنے کی تربیت دیتا ہے۔ اب میرے بازو پیتل کی کمان کو بھی تان لیتے ہیں۔ اے رب، تُو نے مجھے اپنی نجات کی ڈھال بخش دی ہے۔ تیرے دہنے ہاتھ نے مجھے قائم رکھا، تیری نرمی نے مجھے بڑا بنا دیا ہے۔
زبور 28:18-35 کِتابِ مُقادّس (URD)
اِس لِئے کہ تُو میرے چراغ کو رَوشن کرے گا۔ خُداوند میرا خُدا میرے اندھیرے کو اُجالا کر دے گا۔ کیونکہ تیری بدَولت مَیں فَوج پر دھاوا کرتا ہُوں اور اپنے خُدا کی بدَولت دِیوار پھاند جاتا ہُوں۔ لیکن خُدا کی راہ کامِل ہے۔ خُداوند کا کلام تایا ہُؤا ہے۔ وہ اُن سب کی سِپر ہے جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔ کیونکہ خُداوند کے سِوا اَور کَون خُدا ہے اور ہمارے خُدا کو چھوڑ کر اَور کَون چٹان ہے؟ خُدا ہی مُجھے قُوّت سے کمربستہ کرتا ہے اور میری راہ کو کامِل کرتا ہے۔ وُہی میرے پاؤں ہرنیوں کے سے بنا دیتا ہے اور مُجھے میری اُونچی جگہوں میں قائِم کرتا ہے۔ وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتا ہے یہاں تک کہ میرے بازُو پِیتل کی کمان کو جُھکا دیتے ہیں۔ تُو نے مُجھ کو اپنی نجات کی سِپر بخشی اور تیرے دہنے ہاتھ نے مُجھے سنبھالا اور تیری نرمی نے مُجھے بزُرگ بنایا ہے۔