YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:16-11

زبور 1:16-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

داؤد کا ایک سنہرا زبور۔ اے اللہ، مجھے محفوظ رکھ، کیونکہ تجھ میں مَیں پناہ لیتا ہوں۔ مَیں نے رب سے کہا، ”تُو میرا آقا ہے، تُو ہی میری خوش حالی کا واحد سرچشمہ ہے۔“ ملک میں جو مُقدّسین ہیں وہی میرے سورمے ہیں، اُن ہی کو مَیں پسند کرتا ہوں۔ لیکن جو دیگر معبودوں کے پیچھے بھاگے رہتے ہیں اُن کی تکلیف بڑھتی جائے گی۔ نہ مَیں اُن کی خون کی قربانیوں کو پیش کروں گا، نہ اُن کے ناموں کا ذکر تک کروں گا۔ اے رب، تُو میری میراث اور میرا حصہ ہے۔ میرا نصیب تیرے ہاتھ میں ہے۔ جب قرعہ ڈالا گیا تو مجھے خوش گوار زمین مل گئی۔ یقیناً میری میراث مجھے بہت پسند ہے۔ مَیں رب کی ستائش کروں گا جس نے مجھے مشورہ دیا ہے۔ رات کو بھی میرا دل میری ہدایت کرتا ہے۔ رب ہر وقت میری آنکھوں کے سامنے رہتا ہے۔ وہ میرے دہنے ہاتھ رہتا ہے، اِس لئے مَیں نہیں ڈگمگاؤں گا۔ اِس لئے میرا دل شادمان ہے، میری جان خوشی کے نعرے لگاتی ہے۔ ہاں، میرا بدن پُرسکون زندگی گزارے گا۔ کیونکہ تُو میری جان کو پاتال میں نہیں چھوڑے گا، اور نہ اپنے مُقدّس کو گلنے سڑنے کی نوبت تک پہنچنے دے گا۔ تُو مجھے زندگی کی راہ سے آگاہ کرتا ہے۔ تیرے حضور سے بھرپور خوشیاں، تیرے دہنے ہاتھ سے ابدی مسرتیں حاصل ہوتی ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 16

زبور 1:16-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے خُدا! میری حِفاظت کر کیونکہ مَیں تُجھ ہی میں پناہ لیتا ہُوں۔ مَیں نے خُداوند سے کہا ہے تُو ہی رب ہے۔ تیرے سِوا میری بھلائی نہیں۔ زمِین کے مُقدّس لوگ وہ برگُزیدہ ہیں جِن میں میری پُوری خُوشنُودی ہے۔ غَیر معبُودوں کے پِیچھے دَوڑنے والوں کا غَم بڑھ جائے گا۔ مَیں اُن کے سے خُون والے تپاون نہیں تپاؤُں گا اور اپنے ہونٹوں سے اُن کے نام نہیں لُوں گا۔ خُداوند ہی میری مِیراث اور میرے پیالے کا حِصّہ ہے۔ تُو میرے بخرے کا محافِظ ہے۔ جرِیب میرے لِئے دِل پسند جگہوں میں پڑی بلکہ میری مِیراث خُوب ہے! مَیں خُداوند کی حمد کرُوں گا جِس نے مُجھے نصِیحت دی ہے بلکہ میرا دِل رات کو میری تربیت کرتا ہے۔ مَیں نے خُداوند کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھّا ہے۔ چُونکہ وہ میرے دہنے ہاتھ ہے اِس لِئے مُجھے جُنبِش نہ ہو گی۔ اِسی سبب سے میرا دِل خُوش اور میری رُوح شادمان ہے۔ میرا جِسم بھی امن و امان میں رہے گا۔ کیونکہ تُو نہ میری جان کو پاتال میں رہنے دے گا نہ اپنے مُقدّس کو سڑنے دے گا۔ تُو مُجھے زِندگی کی راہ دِکھائے گا۔ تیرے حضُور میں کامِل شادمانی ہے۔ تیرے دہنے ہاتھ میں دائِمی خُوشی ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 16