زبور 1:141-10
زبور 1:141-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! مَیں نے تیری دُہائی دی ہے۔ میری طرف جلد آ۔ جب مَیں تُجھ سے دُعا کرُوں تُو میری آواز پر کان لگا۔ میری دُعا تیرے حضُور بخُور کی مانِند ہو اور میرا ہاتھ اُٹھانا شام کی قُربانی کی مانِند۔ اَے خُداوند! میرے مُنہ پر پہرا بِٹھا۔ میرے لبوں کے دروازہ کی نِگہبانی کر۔ میرے دِل کو کِسی بُری بات کی طرف مائِل نہ ہونے دے کہ بدکاروں کے ساتھ مِل کر شرارت کے کاموں میں مصرُوف ہو جائے اور مُجھے اُن کے نفِیس کھانے سے باز رکھ۔ صادِق مُجھے مارے تو مہربانی ہو گی۔ وہ مُجھے تنبِیہ کرے تو گویا سر پر رَوغن ہو گا۔ میرا سر اِس سے اِنکار نہ کرے کیونکہ اُن کی شرارت میں بھی مَیں دُعا کرتا رہُوں گا۔ اُن کے حاکِم چٹان کے کناروں پر سے گِرا دِئیے گئے ہیں اور وہ میری باتیں سُنیں گے کیونکہ یہ شِیرِین ہیں۔ جَیسے کوئی ہل چلا کر زمِین کو توڑتا ہے وَیسے ہی ہماری ہڈِّیاں پاتال کے مُنہ پر بِکھری پڑی ہیں۔ کیونکہ اَے مالِک خُداوند! میری آنکھیں تیری طرف ہیں۔ میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔ میری جان کو بیکس نہ چھوڑ۔ مُجھے اُس پھندے سے جو انہوں نے میرے لِئے لگایا ہے اور بدکرداروں کے دام سے بچا۔ شرِیر آپ اپنے جال میں پھنسیں اور مَیں سلامت بچ نِکلُوں۔
زبور 1:141-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ اے رب، مَیں تجھے پکار رہا ہوں، میرے پاس آنے میں جلدی کر! جب مَیں تجھے آواز دیتا ہوں تو میری فریاد پر دھیان دے! میری دعا تیرے حضور بخور کی قربانی کی طرح قبول ہو، میرے تیری طرف اُٹھائے ہوئے ہاتھ شام کی غلہ کی نذر کی طرح منظور ہوں۔ اے رب، میرے منہ پر پہرہ بٹھا، میرے ہونٹوں کے دروازے کی نگہبانی کر۔ میرے دل کو غلط بات کی طرف مائل نہ ہونے دے، ایسا نہ ہو کہ مَیں بدکاروں کے ساتھ مل کر بُرے کام میں ملوث ہو جاؤں اور اُن کے لذیذ کھانوں میں شرکت کروں۔ راست باز شفقت سے مجھے مارے اور مجھے تنبیہ کرے۔ میرا سر اِس سے انکار نہیں کرے گا، کیونکہ یہ اُس کے لئے شفابخش تیل کی مانند ہو گا۔ لیکن مَیں ہر وقت شریروں کی حرکتوں کے خلاف دعا کرتا ہوں۔ جب وہ گر کر اُس چٹان کے ہاتھ میں آئیں گے جو اُن کا منصف ہے تو وہ میری باتوں پر دھیان دیں گے، اور اُنہیں سمجھ آئے گی کہ وہ کتنی پیاری ہیں۔ اے اللہ، ہماری ہڈیاں اُس زمین کی مانند ہیں جس پر کسی نے اِتنے زور سے ہل چلایا ہے کہ ڈھیلے اُڑ کر اِدھر اُدھر بکھر گئے ہیں۔ ہماری ہڈیاں پاتال کے منہ تک بکھر گئی ہیں۔ اے رب قادرِ مطلق، میری آنکھیں تجھ پر لگی رہتی ہیں، اور مَیں تجھ میں پناہ لیتا ہوں۔ مجھے موت کے حوالے نہ کر۔ مجھے اُس جال سے محفوظ رکھ جو اُنہوں نے مجھے پکڑنے کے لئے بچھایا ہے۔ مجھے بدکاروں کے پھندوں سے بچائے رکھ۔ بےدین مل کر اُن کے اپنے جالوں میں اُلجھ جائیں جبکہ مَیں بچ کر آگے نکلوں۔