YouVersion Logo
تلاش

زبور 97:119-112

زبور 97:119-112 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

تیری شریعت مجھے کتنی پیاری ہے! دن بھر مَیں اُس میں محوِ خیال رہتا ہوں۔ تیرا فرمان مجھے میرے دشمنوں سے زیادہ دانش مند بنا دیتا ہے، کیونکہ وہ ہمیشہ تک میرا خزانہ ہے۔ مجھے اپنے تمام اُستادوں سے زیادہ سمجھ حاصل ہے، کیونکہ مَیں تیرے آئین میں محوِ خیال رہتا ہوں۔ مجھے بزرگوں سے زیادہ سمجھ حاصل ہے، کیونکہ مَیں وفاداری سے تیرے احکام کی پیروی کرتا ہوں۔ مَیں نے ہر بُری راہ پر قدم رکھنے سے گریز کیا ہے تاکہ تیرے کلام سے لپٹا رہوں۔ مَیں تیرے فرمانوں سے دُور نہیں ہوا، کیونکہ تُو ہی نے مجھے تعلیم دی ہے۔ تیرا کلام کتنا لذیذ ہے، وہ میرے منہ میں شہد سے زیادہ میٹھا ہے۔ تیرے احکام سے مجھے سمجھ حاصل ہوتی ہے، اِس لئے مَیں جھوٹ کی ہر راہ سے نفرت کرتا ہوں۔ تیرا کلام میرے پاؤں کے لئے چراغ ہے جو میری راہ کو روشن کرتا ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ تیرے راست فرمانوں کی پیروی کروں گا، اور مَیں یہ وعدہ پورا بھی کروں گا۔ مجھے بہت پست کیا گیا ہے۔ اے رب، اپنے کلام کے مطابق میری جان کو تازہ دم کر۔ اے رب، میرے منہ کی رضاکارانہ قربانیوں کو پسند کر اور مجھے اپنے آئین سکھا! میری جان ہمیشہ خطرے میں ہے، لیکن مَیں تیری شریعت نہیں بھولتا۔ بےدینوں نے میرے لئے پھندا تیار کر رکھا ہے، لیکن مَیں تیرے فرمانوں سے نہیں بھٹکا۔ تیرے احکام میری ابدی میراث بن گئے ہیں، کیونکہ اُن سے میرا دل خوشی سے اُچھلتا ہے۔ مَیں نے اپنا دل تیرے احکام پر عمل کرنے کی طرف مائل کیا ہے، کیونکہ اِس کا اجر ابدی ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 119

زبور 97:119-112 کِتابِ مُقادّس (URD)

(میم) آہ! مَیں تیری شرِیعت سے کَیسی مُحبّت رکھتا ہُوں۔ مُجھے دِن بھر اُسی کا دِھیان رہتا ہے۔ تیرے فرمان مُجھے میرے دُشمنوں سے زِیادہ دانِش مند بناتے ہیں۔ کیونکہ وہ ہمیشہ میرے ساتھ ہیں۔ مَیں اپنے سب اُستادوں سے عقل مند ہُوں کیونکہ تیری شہادتوں پر میرا دِھیان رہتا ہے۔ مَیں عُمر رسِیدہ لوگوں سے زِیادہ سمجھ رکھتا ہُوں کیونکہ مَیں نے تیرے قوانِین کو مانا ہے۔ مَیں نے ہر بُری راہ سے اپنے قدم روک رکھّے ہیں تاکہ تیری شرِیعت پر عمل کرُوں۔ مَیں نے تیرے احکام سے کنارہ نہیں کِیا کیونکہ تُو نے مُجھے تعلِیم دی ہے۔ تیری باتیں میرے لِئے کَیسی شِیرین ہیں! وہ میرے مُنہ کو شہد سے بھی مِیٹھی معلُوم ہوتی ہیں۔ تیرے قوانِین سے مُجھے فہم حاصِل ہوتا ہے اِس لِئے مُجھے ہر جُھوٹی راہ سے نفرت ہے۔ (نون) تیرا کلام میرے قدموں کے لِئے چراغ اور میری راہ کے لِئے رَوشنی ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے اور اِس پر قائِم ہُوں کہ تیری صداقت کے احکام پر عمل کرُوں گا۔ مَیں بڑی مُصِیبت میں ہُوں۔ اَے خُداوند! اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ اَے خُداوند! میرے مُنہ سے رضا کی قُربانِیاں قبُول فرما اور مُجھے اپنے احکام کی تعلِیم دے۔ میری جان ہمیشہ ہتھیلی پر ہے تَو بھی مَیں تیری شرِیعت کو نہیں بُھولتا۔ شرِیروں نے میرے لِئے پھندا لگایا ہے تَو بھی مَیں تیرے قوانِین سے نہیں بھٹکا۔ مَیں نے تیری شہادتوں کو اپنی ابدی مِیراث بنایا ہے کیونکہ اُن سے میرے دِل کو شادمانی ہوتی ہے۔ مَیں نے ہمیشہ کے لِئے آخِر تک تیرے آئِین ماننے پر دِل لگایا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 119