YouVersion Logo
تلاش

زبور 9:119-39

زبور 9:119-39 کِتابِ مُقادّس (URD)

(بیتھ) جوان اپنی روِش کِس طرح پاک رکھّے؟ تیرے کلام کے مُطابِق اُس پر نِگاہ رکھنے سے۔ مَیں پُورے دِل سے تیرا طالِب ہُؤا ہُوں مُجھے اپنے فرمان سے بھٹکنے نہ دے۔ مَیں نے تیرے کلام کو اپنے دِل میں رکھ لِیا ہے تاکہ مَیں تیرے خِلاف گُناہ نہ کرُوں۔ اَے خُداوند! تُو مُبارک ہے۔ مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔ مَیں نے اپنے لبوں سے تیرے فرمُودہ احکام کو بیان کِیا۔ مُجھے تیری شہادتوں کی راہ سے اَیسی شادمانی ہُوئی جَیسی ہر طرح کی دَولت سے ہوتی ہے۔ مَیں تیرے قوانِین پر غَور کرُوں گا۔ اور تیری راہوں کا لِحاظ رکھُّوں گا۔ مَیں تیرے آئِین میں مسرُور رہُوں گا۔ مَیں تیرے کلام کو نہ بُھولُوں گا۔ (گِیمل) اپنے بندہ پر اِحسان کر تاکہ مَیں جِیتا رہُوں اور تیرے کلام کو مانتا رہُوں۔ میری آنکھیں کھول دے تاکہ مَیں تیری شرِیعت کے عجائِب دیکھوں۔ مَیں زمِین پر مُسافِر ہُوں۔ اپنے فرمان مُجھ سے پوشِیدہ نہ رکھ۔ میرا دِل تیرے احکام کے اِشتیاق میں ہر وقت تڑپتا رہتا ہے۔ تُو نے اُن ملعُون مغرُوروں کو جِھڑک دِیا جو تیرے فرمان سے بھٹکتے رہتے ہیں۔ ملامت اور حقارت کو مُجھ سے دُور کر دے کیونکہ مَیں نے تیری شہادتیں مانی ہیں اُمرا بھی بَیٹھ کر میرے خِلاف باتیں کرتے رہے لیکن تیرا بندہ تیرے آئِین پر دِھیان لگائے رہا۔ تیری شہادتیں مُجھے مرغُوب اور میری مُشِیر ہیں۔ (دالتھ) میری جان خاک میں مِل گئی۔ تُو اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ مَیں نے اپنی روِشوں کا اِظہار کِیا اور تُو نے مُجھے جواب دِیا۔ مُجھے اپنے آئِین کی تعلِیم دے۔ اپنے قوانِین کی راہ مُجھے سمجھا دے اور مَیں تیرے عجائِب پر دِھیان کرُوں گا۔ غم کے مارے میری جان گُھلی جاتی ہے۔ اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے تقوِیت دے۔ جُھوٹ کی راہ سے مُجھے دُور رکھ اور مُجھے اپنی شرِیعت عِنایت فرما۔ مَیں نے وفاداری کی راہ اِختیار کی ہے۔ مَیں نے تیرے احکام اپنے سامنے رکھّے ہیں۔ مَیں تیری شہادتوں سے لِپٹا ہُؤا ہُوں۔ اَے خُداوند! مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔ جب تُو میرا حَوصلہ بڑھائے گا تو مَیں تیرے فرمان کی راہ میں دَوڑُوں گا۔ (ھے) اَے خُداوند! مُجھے اپنے آئِین کی راہ بتا اور مَیں آخِر تک اُس پر چلُوں گا۔ مُجھے فہم عطا کر اور مَیں تیری شرِیعت پر چلُوں گا۔ بلکہ مَیں پُورے دِل سے اُس کو مانُوں گا۔ مُجھے اپنے فرمان کی راہ پر چلا کیونکہ اِسی میں میری خُوشی ہے۔ میرے دِل کو اپنی شہادتوں کی طرف رجُوع دِلا نہ کہ لالچ کی طرف۔ میری آنکھوں کو بُطلان پر نظر کرنے سے باز رکھ اور مُجھے اپنی راہوں میں زِندہ کر۔ اپنے بندہ کے لِئے اپنا وہ قَول پُورا کر جِس سے تیرا خَوف پَیدا ہوتا ہے۔ میری ملامت کو جِس سے مَیں ڈرتا ہُوں دُور کر دے کیونکہ تیرے احکام بھلے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 119

زبور 9:119-39 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

نوجوان اپنی راہ کو کس طرح پاک رکھے؟ اِس طرح کہ تیرے کلام کے مطابق زندگی گزارے۔ مَیں پورے دل سے تیرا طالب رہا ہوں۔ مجھے اپنے احکام سے بھٹکنے نہ دے۔ مَیں نے تیرا کلام اپنے دل میں محفوظ رکھا ہے تاکہ تیرا گناہ نہ کروں۔ اے رب، تیری حمد ہو! مجھے اپنے احکام سکھا۔ اپنے ہونٹوں سے مَیں دوسروں کو تیرے منہ کی تمام ہدایات سناتا ہوں۔ مَیں تیرے احکام کی راہ سے اُتنا لطف اندوز ہوتا ہوں جتنا کہ ہر طرح کی دولت سے۔ مَیں تیری ہدایات میں محوِ خیال رہوں گا اور تیری راہوں کو تکتا رہوں گا۔ مَیں تیرے فرمانوں سے لطف اندوز ہوتا ہوں اور تیرا کلام نہیں بھولتا۔ اپنے خادم سے بھلائی کر تاکہ مَیں زندہ رہوں اور تیرے کلام کے مطابق زندگی گزاروں۔ میری آنکھوں کو کھول تاکہ تیری شریعت کے عجائب دیکھوں۔ دنیا میں مَیں پردیسی ہی ہوں۔ اپنے احکام مجھ سے چھپائے نہ رکھ! میری جان ہر وقت تیری ہدایات کی آرزو کرتے کرتے نڈھال ہو رہی ہے۔ تُو مغروروں کو ڈانٹتا ہے۔ اُن پر لعنت جو تیرے احکام سے بھٹک جاتے ہیں! مجھے لوگوں کی توہین اور تحقیر سے رِہائی دے، کیونکہ مَیں تیرے احکام کے تابع رہا ہوں۔ گو بزرگ میرے خلاف منصوبے باندھنے کے لئے بیٹھ گئے ہیں، تیرا خادم تیرے احکام میں محوِ خیال رہتا ہے۔ تیرے احکام سے ہی مَیں لطف اُٹھاتا ہوں، وہی میرے مشیر ہیں۔ میری جان خاک میں دب گئی ہے۔ اپنے کلام کے مطابق میری جان کو تازہ دم کر۔ مَیں نے اپنی راہیں بیان کیں تو تُو نے میری سنی۔ مجھے اپنے احکام سکھا۔ مجھے اپنے احکام کی راہ سمجھنے کے قابل بنا تاکہ تیرے عجائب میں محوِ خیال رہوں۔ میری جان دُکھ کے مارے نڈھال ہو گئی ہے۔ مجھے اپنے کلام کے مطابق تقویت دے۔ فریب کی راہ مجھ سے دُور رکھ اور مجھے اپنی شریعت سے نواز۔ مَیں نے وفا کی راہ اختیار کر کے تیرے آئین اپنے سامنے رکھے ہیں۔ مَیں تیرے احکام سے لپٹا رہتا ہوں۔ اے رب، مجھے شرمندہ نہ ہونے دے۔ مَیں تیرے فرمانوں کی راہ پر دوڑتا ہوں، کیونکہ تُو نے میرے دل کو کشادگی بخشی ہے۔ اے رب، مجھے اپنے آئین کی راہ سکھا تو مَیں عمر بھر اُن پر عمل کروں گا۔ مجھے سمجھ عطا کر تاکہ تیری شریعت کے مطابق زندگی گزاروں اور پورے دل سے اُس کے تابع رہوں۔ اپنے احکام کی راہ پر میری راہنمائی کر، کیونکہ یہی مَیں پسند کرتا ہوں۔ میرے دل کو لالچ میں آنے نہ دے بلکہ اُسے اپنے فرمانوں کی طرف مائل کر۔ میری آنکھوں کو باطل چیزوں سے پھیر لے، اور مجھے اپنی راہوں پر سنبھال کر میری جان کو تازہ دم کر۔ جو وعدہ تُو نے اپنے خادم سے کیا وہ پورا کر تاکہ لوگ تیرا خوف مانیں۔ جس رُسوائی سے مجھے خوف ہے اُس کا خطرہ دُور کر، کیونکہ تیرے احکام اچھے ہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 119