زبور 65:119-80
زبور 65:119-80 کِتابِ مُقادّس (URD)
(طیتھ) اَے خُداوند! تُو نے اپنے کلام کے مُطابِق اپنے بندہ کے ساتھ بھلائی کی ہے۔ مُجھے صحیح اِمتیاز اور دانِش سِکھا کیونکہ مَیں تیرے فرمان پر اِیمان لایا ہُوں۔ مَیں مُصِیبت اُٹھانے سے پہلے گُمراہ تھا پر اب تیرے کلام کو مانتا ہُوں۔ تُو بھلا ہے اور بھلائی کرتا ہے۔ مُجھے اپنے آئین سِکھا۔ مغرُوروں نے مُجھ پر بُہتان باندھا ہے۔ مَیں پُورے دِل سے تیرے قوانِین کو مانُوں گا۔ اُن کے دِل چِکنائی سے فربہ ہو گئے لیکن مَیں تیری شرِیعت میں مسرُور ہُوں۔ اچھّا ہُؤا کہ مَیں نے مُصِیبت اُٹھائی تاکہ تیرے آئِین سِیکھ لُوں۔ تیرے مُنہ کی شرِیعت میرے لِئے سونے چاندی کے ہزاروں سِکّوں سے بہتر ہے۔ (یود) تیرے ہاتھوں نے مُجھے بنایا اور ترتِیب دی۔ مُجھے فہم عطا کر تاکہ تیرے فرمان سِیکھ لُوں۔ تُجھ سے ڈرنے والے مُجھے دیکھ کر خُوش ہوں گے۔ اِس لِئے کہ مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔ اَے خُداوند! مَیں تیرے احکام کی صداقت کو جانتا ہُوں اور یہ کہ وفاداری ہی سے تُو نے مُجھے دُکھ میں ڈالا۔ اُس کلام کے مُطابِق جو تُو نے اپنے بندہ سے کِیا تیری شفقت میری تسلّی کا باعِث ہو۔ تیری رحمت مُجھے نصِیب ہو تاکہ مَیں زِندہ رہُوں۔ کیونکہ تیری شرِیعت میری خُوشنُودی ہے۔ مغرُور شرمِندہ ہوں کیونکہ اُنہوں نے ناحق مُجھے گِرایا۔ لیکن مَیں تیرے قوانِین پر دِھیان کرُوں گا۔ تُجھ سے ڈرنے والے میری طرف رجُوع ہوں تو وہ تیری شہادتوں کو جان لیں گے۔ میرا دِل تیرے آئِین ماننے میں کامِل رہے تاکہ مَیں شرمِندگی نہ اُٹھاؤُں۔
زبور 65:119-80 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے یَاہوِہ، اَپنے کلام کے مُطابق، اَپنے خادِم کا بھلا کریں، مُجھے علم اَور صحیح اِمتیاز سکھائیں، کیونکہ آپ کے اَحکام پر میرا توکّل ہے۔ مُصیبت میں پڑنے سے پہلے میں گُمراہ تھا، لیکن اَب مَیں آپ کے کلام کو مانتا ہُوں۔ آپ بھلےہیں اَور آپ جو کچھ کرتے ہیں وہ بھی بھلا ہے؛ مُجھے اَپنے قوانین سکھائیں۔ حالانکہ مغروُروں نے مُجھ پر بہتان باندھا ہے، تو بھی میں صَاف دِلی سے آپ کے قوانین کو مانتا ہُوں۔ اُن کے دِل سخت اَور بے حِس ہو گئے ہیں، لیکن مَیں آپ کے آئین میں مسرُور رہتا ہُوں۔ مُصیبت میں مُبتلا ہونا میرے حق میں اَچھّا ہے تاکہ مَیں آپ کے قوانین سیکھ سکوں۔ آپ کے مُنہ کے آئین میرے لیٔے چاندی اَور سونے کے ہزاروں سِکّوں سے زِیادہ افضل ہے۔ آپ کے ہاتھوں نے مُجھے بنایا اَور تشکیل کیا؛ مُجھے فہم عطا فرمائیں تاکہ آپ کے فرمان سیکھ سکوں۔ آپ کا خوف ماننے والے جَب مُجھے دیکھیں تو خُوش ہوں، کیونکہ میری اُمّید آپ کے کلام پر ہے۔ اَے یَاہوِہ، میں جانتا ہُوں کہ آپ کے آئین راست ہے، اَور وفاداری ہی سے آپ نے مُجھے دُکھ پہُنچایا۔ اَپنے خادِم سے کئے ہُوئے وعدہ کے مُطابق، آپ کی لافانی مَحَبّت میری تسلّی کا باعث ہو۔ آپ کی رحمت مُجھے نصیب ہو تاکہ میں زندہ رہُوں، کیونکہ آپ کے آئین میری خُوشنودی ہے۔ مغروُر شرمندہ ہُوں کیونکہ وہ میرے ساتھ ناحق بُرائی کرتے ہیں؛ لیکن مَیں آپ کے فرمانوں پر دھیان کروں گا۔ جو آپ سے ڈرتے ہیں، اَورجو آپ کی شہادتیں سمجھتے ہیں، میری طرف رُجُوع ہُوں۔ میرا دِل آپ کے قوانین پر کامل طور سے عَمل کرے، تاکہ مُجھے شرمندہ نہ ہونا پڑے۔
زبور 65:119-80 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، تُو نے اپنے کلام کے مطابق اپنے خادم سے بھلائی کی ہے۔ مجھے صحیح امتیاز اور عرفان سکھا، کیونکہ مَیں تیرے احکام پر ایمان رکھتا ہوں۔ اِس سے پہلے کہ مجھے پست کیا گیا مَیں آوارہ پھرتا تھا، لیکن اب مَیں تیرے کلام کے تابع رہتا ہوں۔ تُو بھلا ہے اور بھلائی کرتا ہے۔ مجھے اپنے آئین سکھا! مغروروں نے جھوٹ بول کر مجھ پر کیچڑ اُچھالی ہے، لیکن مَیں پورے دل سے تیری ہدایات کی فرماں برداری کرتا ہوں۔ اُن کے دل اکڑ کر بےحس ہو گئے ہیں، لیکن مَیں تیری شریعت سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ میرے لئے اچھا تھا کہ مجھے پست کیا گیا، کیونکہ اِس طرح مَیں نے تیرے احکام سیکھ لئے۔ جو شریعت تیرے منہ سے صادر ہوئی ہے وہ مجھے سونے چاندی کے ہزاروں سِکوں سے زیادہ پسند ہے۔ تیرے ہاتھوں نے مجھے بنا کر مضبوط بنیاد پر رکھ دیا ہے۔ مجھے سمجھ عطا فرما تاکہ تیرے احکام سیکھ لوں۔ جو تیرا خوف مانتے ہیں وہ مجھے دیکھ کر خوش ہو جائیں، کیونکہ مَیں تیرے کلام کے انتظار میں رہتا ہوں۔ اے رب، مَیں نے جان لیا ہے کہ تیرے فیصلے راست ہیں۔ یہ بھی تیری وفاداری کا اظہار ہے کہ تُو نے مجھے پست کیا ہے۔ تیری شفقت مجھے تسلی دے، جس طرح تُو نے اپنے خادم سے وعدہ کیا ہے۔ مجھ پر اپنے رحم کا اظہار کر تاکہ میری جان میں جان آئے، کیونکہ مَیں تیری شریعت سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ جو مغرور مجھے جھوٹ سے پست کر رہے ہیں وہ شرمندہ ہو جائیں۔ لیکن مَیں تیرے فرمانوں میں محوِ خیال رہوں گا۔ کاش جو تیرا خوف مانتے اور تیرے احکام جانتے ہیں وہ میرے پاس واپس آئیں! میرا دل تیرے آئین کی پیروی کرنے میں بےالزام رہے تاکہ میری رُسوائی نہ ہو جائے۔