YouVersion Logo
تلاش

زبور 49:119-72

زبور 49:119-72 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اُس بات کا خیال رکھ جو تُو نے اپنے خادم سے کی اور جس سے تُو نے مجھے اُمید دلائی ہے۔ مصیبت میں یہی تسلی کا باعث رہا ہے کہ تیرا کلام میری جان کو تازہ دم کرتا ہے۔ مغرور میرا حد سے زیادہ مذاق اُڑاتے ہیں، لیکن مَیں تیری شریعت سے دُور نہیں ہوتا۔ اے رب، مَیں تیرے قدیم فرمان یاد کرتا ہوں تو مجھے تسلی ملتی ہے۔ بےدینوں کو دیکھ کر مَیں آگ بگولا ہو جاتا ہوں، کیونکہ اُنہوں نے تیری شریعت کو ترک کیا ہے۔ جس گھر میں مَیں پردیسی ہوں اُس میں مَیں تیرے احکام کے گیت گاتا رہتا ہوں۔ اے رب، رات کو مَیں تیرا نام یاد کرتا ہوں، تیری شریعت پر عمل کرتا رہتا ہوں۔ یہ تیری بخشش ہے کہ مَیں تیرے آئین کی پیروی کرتا ہوں۔ رب میری میراث ہے۔ مَیں نے تیرے فرمانوں پر عمل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ مَیں پورے دل سے تیری شفقت کا طالب رہا ہوں۔ اپنے وعدے کے مطابق مجھ پر مہربانی کر۔ مَیں نے اپنی راہوں پر دھیان دے کر تیرے احکام کی طرف قدم بڑھائے ہیں۔ مَیں نہیں جھجکتا بلکہ بھاگ کر تیرے احکام پر عمل کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ بےدینوں کے رسّوں نے مجھے جکڑ لیا ہے، لیکن مَیں تیری شریعت نہیں بھولتا۔ آدھی رات کو مَیں جاگ اُٹھتا ہوں تاکہ تیرے راست فرمانوں کے لئے تیرا شکر کروں۔ مَیں اُن سب کا ساتھی ہوں جو تیرا خوف مانتے ہیں، اُن سب کا دوست جو تیری ہدایات پر عمل کرتے ہیں۔ اے رب، دنیا تیری شفقت سے معمور ہے۔ مجھے اپنے احکام سکھا! اے رب، تُو نے اپنے کلام کے مطابق اپنے خادم سے بھلائی کی ہے۔ مجھے صحیح امتیاز اور عرفان سکھا، کیونکہ مَیں تیرے احکام پر ایمان رکھتا ہوں۔ اِس سے پہلے کہ مجھے پست کیا گیا مَیں آوارہ پھرتا تھا، لیکن اب مَیں تیرے کلام کے تابع رہتا ہوں۔ تُو بھلا ہے اور بھلائی کرتا ہے۔ مجھے اپنے آئین سکھا! مغروروں نے جھوٹ بول کر مجھ پر کیچڑ اُچھالی ہے، لیکن مَیں پورے دل سے تیری ہدایات کی فرماں برداری کرتا ہوں۔ اُن کے دل اکڑ کر بےحس ہو گئے ہیں، لیکن مَیں تیری شریعت سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ میرے لئے اچھا تھا کہ مجھے پست کیا گیا، کیونکہ اِس طرح مَیں نے تیرے احکام سیکھ لئے۔ جو شریعت تیرے منہ سے صادر ہوئی ہے وہ مجھے سونے چاندی کے ہزاروں سِکوں سے زیادہ پسند ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 119

زبور 49:119-72 کِتابِ مُقادّس (URD)

(زَین) جو کلام تُو نے اپنے بندہ سے کِیا اُسے یاد کر کیونکہ تُو نے مُجھے اُمّید دِلائی ہے۔ میری مُصِیبت میں یہی میری تسلّی ہے کہ تیرے کلام نے مُجھے زِندہ کِیا ہے۔ مغرُوروں نے مُجھے بُہت ٹھٹھّوں میں اُڑایا۔ تَو بھی مَیں نے تیری شرِیعت سے کنارہ نہیں کِیا۔ اَے خُداوند! مَیں تیرے قدِیم احکام کو یاد کرتا اور اِطمِینان پاتا رہا ہُوں۔ اُن شرِیروں کے سبب سے جو تیری شرِیعت کو ترک کرتے ہیں۔ مَیں سخت طَیش میں آ گیا ہُوں۔ میرے مُسافرخانہ میں تیرے آئِین میرا گِیت رہے ہیں۔ اَے خُداوند! رات کو مَیں نے تیرا نام یاد کِیا ہے اور تیری شرِیعت پر عمل کِیا ہے۔ یہ میرے واسطے اِس لِئے ہُؤا کہ مَیں نے تیرے قوانِین کو مانا۔ (خیتھ) خُداوند میرا بخرہ ہے۔ مَیں نے کہا ہے مَیں تیری باتیں مانُوں گا۔ مَیں پُورے دِل سے تیرے کرم کا خواہاں ہُؤا۔ اپنے کلام کے مُطابِق مُجھ پر رحم کر۔ مَیں نے اپنی راہوں پر غَور کِیا اور تیری شہادتوں کی طرف اپنے قدم موڑے۔ مَیں نے تیرے فرمان ماننے میں جلدی کی اور دیر نہ لگائی۔ شرِیروں کی رسِّیوں نے مُجھے جکڑ لِیا۔ پر مَیں تیری شرِیعت کو نہ بُھولا۔ تیری صداقت کے احکام کے لِئے مَیں آدھی رات کو تیرا شُکر کرنے کو اُٹُھوں گا۔ مَیں اُن سب کا ساتھی ہُوں جو تُجھ سے ڈرتے ہیں اور اُن کا جو تیرے قوانِین کو مانتے ہیں۔ اَے خُداوند! زمِین تیری شفقت سے معمُور ہے۔ مُجھے اپنے آئین سِکھا۔ (طیتھ) اَے خُداوند! تُو نے اپنے کلام کے مُطابِق اپنے بندہ کے ساتھ بھلائی کی ہے۔ مُجھے صحیح اِمتیاز اور دانِش سِکھا کیونکہ مَیں تیرے فرمان پر اِیمان لایا ہُوں۔ مَیں مُصِیبت اُٹھانے سے پہلے گُمراہ تھا پر اب تیرے کلام کو مانتا ہُوں۔ تُو بھلا ہے اور بھلائی کرتا ہے۔ مُجھے اپنے آئین سِکھا۔ مغرُوروں نے مُجھ پر بُہتان باندھا ہے۔ مَیں پُورے دِل سے تیرے قوانِین کو مانُوں گا۔ اُن کے دِل چِکنائی سے فربہ ہو گئے لیکن مَیں تیری شرِیعت میں مسرُور ہُوں۔ اچھّا ہُؤا کہ مَیں نے مُصِیبت اُٹھائی تاکہ تیرے آئِین سِیکھ لُوں۔ تیرے مُنہ کی شرِیعت میرے لِئے سونے چاندی کے ہزاروں سِکّوں سے بہتر ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 119