زبور 105:119-112
زبور 105:119-112 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
آپ کا کلام میرے قدموں کے لیٔے چراغ، اَور میری راہ کے لیٔے رَوشنی ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے اَور اُس پر قائِم ہُوں، کہ مَیں آپ کے آئین کی صداقت کے اَحکام پر عَمل کروں گا۔ اَے یَاہوِہ، مَیں نے بہت دُکھ سہا ہے؛ اَپنے کلام کے مُطابق میری زندگی کو محفوظ رکھیں۔ اَے یَاہوِہ، میرے مُنہ سے رضا کی قُربانی قبُول فرمائیں، اَور مُجھے اَپنی آئین کی تعلیم عطا کریں۔ حالانکہ میری جان ہر وقت میری ہتھیلی پر ہے، تو بھی مَیں آپ کے آئین کو فراموش نہیں کرتا۔ بدکار لوگوں نے میرے لیٔے پھندا لگایا ہے، لیکن مَیں آپ کے فرمانوں سے نہیں بھٹکا۔ آپ کی شہادتیں میری اَبدی مِیراث ہیں؛ وہ میرے دِل کا سُرور ہیں۔ میں آخِر تک پُورے دِل سے آپ کے قوانین کو مانتا رہُوں گا۔
زبور 105:119-112 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تیرا کلام میرے پاؤں کے لئے چراغ ہے جو میری راہ کو روشن کرتا ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے کہ تیرے راست فرمانوں کی پیروی کروں گا، اور مَیں یہ وعدہ پورا بھی کروں گا۔ مجھے بہت پست کیا گیا ہے۔ اے رب، اپنے کلام کے مطابق میری جان کو تازہ دم کر۔ اے رب، میرے منہ کی رضاکارانہ قربانیوں کو پسند کر اور مجھے اپنے آئین سکھا! میری جان ہمیشہ خطرے میں ہے، لیکن مَیں تیری شریعت نہیں بھولتا۔ بےدینوں نے میرے لئے پھندا تیار کر رکھا ہے، لیکن مَیں تیرے فرمانوں سے نہیں بھٹکا۔ تیرے احکام میری ابدی میراث بن گئے ہیں، کیونکہ اُن سے میرا دل خوشی سے اُچھلتا ہے۔ مَیں نے اپنا دل تیرے احکام پر عمل کرنے کی طرف مائل کیا ہے، کیونکہ اِس کا اجر ابدی ہے۔
زبور 105:119-112 کِتابِ مُقادّس (URD)
(نون) تیرا کلام میرے قدموں کے لِئے چراغ اور میری راہ کے لِئے رَوشنی ہے۔ مَیں نے قَسم کھائی ہے اور اِس پر قائِم ہُوں کہ تیری صداقت کے احکام پر عمل کرُوں گا۔ مَیں بڑی مُصِیبت میں ہُوں۔ اَے خُداوند! اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔ اَے خُداوند! میرے مُنہ سے رضا کی قُربانِیاں قبُول فرما اور مُجھے اپنے احکام کی تعلِیم دے۔ میری جان ہمیشہ ہتھیلی پر ہے تَو بھی مَیں تیری شرِیعت کو نہیں بُھولتا۔ شرِیروں نے میرے لِئے پھندا لگایا ہے تَو بھی مَیں تیرے قوانِین سے نہیں بھٹکا۔ مَیں نے تیری شہادتوں کو اپنی ابدی مِیراث بنایا ہے کیونکہ اُن سے میرے دِل کو شادمانی ہوتی ہے۔ مَیں نے ہمیشہ کے لِئے آخِر تک تیرے آئِین ماننے پر دِل لگایا ہے۔