زبور 1:118-9
زبور 1:118-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ کیونکہ وہ بھلےہیں؛ اَور اُن کی شفقت اَبدی ہے۔ اِسرائیل کہے: ”اُن کی شفقت اَبدی ہے۔“ اَہرونؔ کا گھرانا کہے: ”اُن کی شفقت اَبدی ہے۔“ یَاہوِہ کا خوف ماننے والے کہیں: ”اُن کی شفقت اَبدی ہے۔“ مَیں نے مُصیبت میں یَاہوِہ کو پُکارا، اُنہُوں نے میری سُنی اَور مُجھے چھُڑایا۔ یَاہوِہ میرے ساتھ ہیں، میں خوف نہ کروں گا۔ اِنسان میرا کیا بِگاڑ سَکتا ہے؟ یَاہوِہ میرے ساتھ ہیں، وہ میرے مددگار ہیں۔ اِس لیٔے میں فتح پاؤں گا اَور اَپنے دُشمنوں کا زوال دیکھوں گا۔ یَاہوِہ میں پناہ لینا اِنسان پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔ یَاہوِہ میں پناہ لینا اُمرا پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔
زبور 1:118-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب کا شکر کرو، کیونکہ وہ بھلا ہے، اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔ اسرائیل کہے، ”اُس کی شفقت ابدی ہے۔“ ہارون کا گھرانا کہے، ”اُس کی شفقت ابدی ہے۔“ رب کا خوف ماننے والے کہیں، ”اُس کی شفقت ابدی ہے۔“ مصیبت میں مَیں نے رب کو پکارا تو رب نے میری سن کر میرے پاؤں کو کھلے میدان میں قائم کر دیا ہے۔ رب میرے حق میں ہے، اِس لئے مَیں نہیں ڈروں گا۔ انسان میرا کیا بگاڑ سکتا ہے؟ رب میرے حق میں ہے اور میرا سہارا ہے، اِس لئے مَیں اُن کی شکست دیکھ کر خوش ہوں گا جو مجھ سے نفرت کرتے ہیں۔ رب میں پناہ لینا انسان پر اعتماد کرنے سے کہیں بہتر ہے۔ رب میں پناہ لینا شرفا پر اعتماد کرنے سے کہیں بہتر ہے۔
زبور 1:118-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔ اِسرائیل اب کہے اُس کی شفقت ابدی ہے۔ ہارُون کا گھرانا اب کہے اُس کی شفقت ابدی ہے۔ خُداوند سے ڈرنے والے اب کہیں اُس کی شفقت ابدی ہے۔ مَیں نے مُصِیبت میں خُداوند سے دُعا کی۔ خُداوند نے مُجھے جواب دِیا اور کُشادگی بخشی۔ خُداوند میری طرف ہے مَیں نہیں ڈرنے کا۔ اِنسان میرا کیا کر سکتا ہے؟ خُداوند میری طرف میرے مددگاروں میں ہے۔ اِس لِئے مَیں اپنے عداوت رکھنے والوں کو دیکھ لُوں گا۔ خُداوند پر توکُّل کرنا اِنسان پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔ خُداوند پر توکُّل کرنا اُمرا پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔