زبور 1:116-14
زبور 1:116-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مَیں رب سے محبت رکھتا ہوں، کیونکہ اُس نے میری آواز اور میری التجا سنی ہے۔ اُس نے اپنا کان میری طرف جھکایا ہے، اِس لئے مَیں عمر بھر اُسے پکاروں گا۔ موت نے مجھے اپنی زنجیروں میں جکڑ لیا، اور پاتال کی پریشانیاں مجھ پر غالب آئیں۔ مَیں مصیبت اور دُکھ میں پھنس گیا۔ تب مَیں نے رب کا نام پکارا، ”اے رب، مہربانی کر کے مجھے بچا!“ رب مہربان اور راست ہے، ہمارا خدا رحیم ہے۔ رب سادہ لوگوں کی حفاظت کرتا ہے۔ جب مَیں پست حال تھا تو اُس نے مجھے بچایا۔ اے میری جان، اپنی آرام گاہ کے پاس واپس آ، کیونکہ رب نے تیرے ساتھ بھلائی کی ہے۔ کیونکہ اے رب، تُو نے میری جان کو موت سے، میری آنکھوں کو آنسو بہانے سے اور میرے پاؤں کو پھسلنے سے بچایا ہے۔ اب مَیں زندوں کی زمین میں رہ کر رب کے حضور چلوں گا۔ مَیں ایمان لایا اور اِس لئے بولا، ”مَیں شدید مصیبت میں پھنس گیا ہوں۔“ مَیں سخت گھبرا گیا اور بولا، ”تمام انسان دروغ گو ہیں۔“ جو بھلائیاں رب نے میرے ساتھ کی ہیں اُن سب کے عوض مَیں کیا دوں؟ مَیں نجات کا پیالہ اُٹھا کر رب کا نام پکاروں گا۔ مَیں رب کے حضور اُس کی ساری قوم کے سامنے ہی اپنی مَنتیں پوری کروں گا۔
زبور 1:116-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
مَیں خُداوند سے مُحبّت رکھتا ہُوں کیونکہ اُس نے میری فریاد اور مِنّت سُنی ہے۔ چُونکہ اُس نے میری طرف کان لگایا اِس لِئے مَیں عُمر بھر اُس سے دُعا کرُوں گا۔ مَوت کی رسِیّوں نے مُجھے جکڑ لِیا اور پاتال کے درد مُجھ پر آ پڑے۔ مَیں دُکھ اور غم میں گرِفتار ہُؤا۔ تب مَیں نے خُداوند سے دُعا کی کہ اَے خُداوند! مَیں تیری منّت کرتا ہُوں میری جان کو رہائی بخش۔ خُداوند صادِق اور کرِیم ہے۔ ہمارا خُدا رحِیم ہے۔ خُداوند سادہ لوگوں کی حِفاظت کرتا ہے۔ مَیں پست ہو گیا تھا۔ اُسی نے مُجھے بچا لِیا۔ اَے میری جان! پِھر مُطمِئن ہو کیونکہ خُداوند نے تُجھ پر اِحسان کِیا ہے۔ اِس لِئے کہ تُو نے میری جان کو مَوت سے میری آنکھوں کو آنسُو بہانے سے اور میرے پاؤں کو پِھسلنے سے بچایا ہے۔ مَیں زِندوں کی زمِین میں خُداوند کے حضُور چلتا رہُوں گا۔ مَیں اِیمان رکھتا ہُوں۔ اِس لِئے یہ کہُوں گا مَیں بڑی مُصِیبت میں تھا۔ مَیں نے جلد بازی سے کہہ دِیا کہ سب آدمی جُھوٹے ہیں۔ خُداوند کی سب نِعمتیں جو مُجھے مِلیں مَیں اُن کے عِوض میں اُسے کیا دُوں؟ مَیں نجات کا پیالہ اُٹھا کر خُداوند سے دُعا کرُوں گا۔ مَیں خُداوند کے حضُور اپنی مَنّتیں اُس کی ساری قَوم کے سامنے پُوری کرُوں گا۔