زبور 1:115-8
زبور 1:115-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
ہمیں نہیں، اَے یَاہوِہ، ہمیں نہیں، بَلکہ آپ اَپنے ہی نام کو اَپنی شفقت و مَحَبّت اَور سچّائی کے باعث جلال عطا فرمائیں۔ قومیں کیوں کہتی ہیں، ”اُن کا خُدا کہاں ہے؟“ ہمارے خُدا تو آسمان پر ہیں؛ وہ جو چاہتاہے وُہی کرتے ہیں۔ لیکن اُن کے بُت تو چاندی اَور سونا ہیں، جو آدمی کی دستکاری ہیں۔ اُن بُتوں کے مُنہ ہیں لیکن وہ بول نہیں سکتے، آنکھیں ہیں لیکن وہ دیکھ نہیں سکتے؛ اُن کے کان ہیں لیکن وہ سُن نہیں سکتے، نتھنے ہیں لیکن وہ سونگھ نہیں سکتے؛ اُن کے ہاتھ ہیں لیکن وہ چھُو نہیں سکتے، پاؤں ہیں لیکن وہ چل نہیں سکتے؛ نہ وہ اَپنے گلے سے آواز نکال سکتے ہیں۔ جو اُنہیں بناتے ہیں وہ اُن ہی کی مانند ہو جایٔیں گے، اَور وہ سَب بھی جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں۔
زبور 1:115-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، ہماری ہی عزت کی خاطر کام نہ کر بلکہ اِس لئے کہ تیرے نام کو جلال ملے، اِس لئے کہ تُو مہربان اور وفادار خدا ہے۔ دیگر اقوام کیوں کہیں، ”اُن کا خدا کہاں ہے؟“ ہمارا خدا تو آسمان پر ہے، اور جو جی چاہے کرتا ہے۔ اُن کے بُت سونے چاندی کے ہیں، انسان کے ہاتھ نے اُنہیں بنایا ہے۔ اُن کے منہ ہیں لیکن وہ بول نہیں سکتے۔ اُن کی آنکھیں ہیں لیکن وہ دیکھ نہیں سکتے۔ اُن کے کان ہیں لیکن وہ سن نہیں سکتے، اُن کی ناک ہے لیکن وہ سونگھ نہیں سکتے۔ اُن کے ہاتھ ہیں، لیکن وہ چھو نہیں سکتے۔ اُن کے پاؤں ہیں، لیکن وہ چل نہیں سکتے۔ اُن کے گلے سے آواز نہیں نکلتی۔ جو بُت بناتے ہیں وہ اُن کی مانند ہو جائیں، جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں وہ اُن جیسے بےحس و حرکت ہو جائیں۔
زبور 1:115-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
ہم کو نہیں! اَے خُداوند! ہم کو نہیں بلکہ تُو اپنے ہی نام کو اور اپنی شفقت اور سچّائی کی خاطِر جلال بخش۔ قَومیں کیوں کہیں اب اُن کا خُدا کہاں ہے؟ ہمارا خُدا تو آسمان پر ہے۔ اُس نے جو کُچھ چاہا وُہی کِیا۔ اُن کے بُت چاندی اور سونا ہیں یعنی آدمی کی دست کاری۔ اُن کے مُنہ ہیں پر وہ بولتے نہیں۔ آنکھیں ہیں پر وہ دیکھتے نہیں۔ اُن کے کان ہیں پر وہ سُنتے نہیں۔ ناک ہیں پر وہ سُونگھتے نہیں۔ اُن کے ہاتھ ہیں پر وہ چُھوتے نہیں۔ پاؤں ہیں پر وہ چلتے نہیں اور اُن کے گلے سے آواز نہیں نِکلتی۔ اُن کے بنانے والے اُن ہی کی مانِند ہو جائیں گے۔ بلکہ وہ سب جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں۔