زبور 1:108-5
زبور 1:108-5 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے خُدا، میرا دِل ثابت قدم ہے؛ میں گاؤں گا اَور اَپنی ساری جان سے نغمہ سرائی کروں گا۔ اَے بربط اَور سِتار، بیدار ہو! میں صُبح کو بیدار کر دُوں گا۔ اَے یَاہوِہ، مَیں قوموں میں آپ کی سِتائش کروں گا؛ اَور مُختلف مُلکوں میں آپ کی حَمد کروں گا۔ کیونکہ آپ کی شفقت و مَحَبّت آسمانوں سے بھی بُلند ہے؛ اَور آپ کی صداقت فَضا تک پہُنچتی ہے۔ اَے خُدا، آپ آسمان کے اُوپر سرفراز ہوں، اَور آپ کا جلال ساری زمین پر چھا جائے۔
زبور 1:108-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ گیت۔ اے اللہ، میرا دل مضبوط ہے۔ مَیں ساز بجا کر تیری مدح سرائی کروں گا۔ اے میری جان، جاگ اُٹھ! اے ستار اور سرود، جاگ اُٹھو! مَیں طلوعِ صبح کو جگاؤں گا۔ اے رب، مَیں قوموں میں تیری ستائش، اُمّتوں میں تیری مدح سرائی کروں گا۔ کیونکہ تیری شفقت آسمان سے کہیں بلند ہے، تیری وفاداری بادلوں تک پہنچتی ہے۔ اے اللہ، آسمان پر سرفراز ہو! تیرا جلال پوری دنیا پر چھا جائے۔
زبور 1:108-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُدا! میرا دِل قائِم ہے۔ مَیں گاؤُں گا اور دِل سے مدح سرائی کرُوں گا۔ اَے بربط اور سِتار جاگو! مَیں خُود بھی صُبح سویرے جاگ اُٹھوں گا۔ اَے خُداوند! مَیں لوگوں میں تیرا شُکر کرُوں گا۔ مَیں اُمّتوں میں تیری مدح سرائی کرُوں گا۔ کیونکہ تیری شفقت آسمان سے بُلند ہے اور تیری سچّائی افلاک کے برابر ہے۔ اَے خُدا! تُو آسمانوں پر سرفراز ہو اور تیرا جلال ساری زمِین پر ہو۔