YouVersion Logo
تلاش

زبور 1:107-22

زبور 1:107-22 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب کا شکر کرو، کیونکہ وہ بھلا ہے، اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔ رب کے نجات یافتہ جن کو اُس نے عوضانہ دے کر دشمن کے قبضے سے چھڑایا ہے سب یہ کہیں۔ اُس نے اُنہیں مشرق سے مغرب تک اور شمال سے جنوب تک دیگر ممالک سے اکٹھا کیا ہے۔ بعض ریگستان میں صحیح راستہ بھول کر ویران راستے پر مارے مارے پھرے، اور کہیں بھی آبادی نہ ملی۔ بھوک اور پیاس کے مارے اُن کی جان نڈھال ہو گئی۔ تب اُنہوں نے اپنی مصیبت میں رب کو پکارا، اور اُس نے اُنہیں اُن کی تمام پریشانیوں سے چھٹکارا دیا۔ اُس نے اُنہیں صحیح راہ پر لا کر ایسی آبادی تک پہنچایا جہاں رہ سکتے تھے۔ وہ رب کا شکر کریں کہ اُس نے اپنی شفقت اور اپنے معجزے انسان پر ظاہر کئے ہیں۔ کیونکہ وہ پیاسی جان کو آسودہ کرتا اور بھوکی جان کو کثرت کی اچھی چیزوں سے سیر کرتا ہے۔ دوسرے زنجیروں اور مصیبت میں جکڑے ہوئے اندھیرے اور گہری تاریکی میں بستے تھے، کیونکہ وہ اللہ کے فرمانوں سے سرکش ہوئے تھے، اُنہوں نے اللہ تعالیٰ کا فیصلہ حقیر جانا تھا۔ اِس لئے اللہ نے اُن کے دل کو تکلیف میں مبتلا کر کے پست کر دیا۔ جب وہ ٹھوکر کھا کر گر گئے اور مدد کرنے والا کوئی نہ رہا تھا تو اُنہوں نے اپنی مصیبت میں رب کو پکارا، اور اُس نے اُنہیں اُن کی تمام پریشانیوں سے چھٹکارا دیا۔ وہ اُنہیں اندھیرے اور گہری تاریکی سے نکال لایا اور اُن کی زنجیریں توڑ ڈالیں۔ وہ رب کا شکر کریں کہ اُس نے اپنی شفقت اور اپنے معجزے انسان پر ظاہر کئے ہیں۔ کیونکہ اُس نے پیتل کے دروازے توڑ ڈالے، لوہے کے کنڈے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے ہیں۔ کچھ لوگ احمق تھے، وہ اپنے سرکش چال چلن اور گناہوں کے باعث پریشانیوں میں مبتلا ہوئے۔ اُنہیں ہر خوراک سے گھن آنے لگی، اور وہ موت کے دروازوں کے قریب پہنچے۔ تب اُنہوں نے اپنی مصیبت میں رب کو پکارا، اور اُس نے اُنہیں اُن کی تمام پریشانیوں سے چھٹکارا دیا۔ اُس نے اپنا کلام بھیج کر اُنہیں شفا دی اور اُنہیں موت کے گڑھے سے بچایا۔ وہ رب کا شکر کریں کہ اُس نے اپنی شفقت اور معجزے انسان پر ظاہر کئے ہیں۔ وہ شکرگزاری کی قربانیاں پیش کریں اور خوشی کے نعرے لگا کر اُس کے کاموں کا چرچا کریں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 107

زبور 1:107-22 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔ خُداوند کے چُھڑائے ہُوئے یہی کہیں۔ جِن کو اُس نے فِدیہ دے کر مُخالِف کے ہاتھ سے چُھڑا لِیا اور اُن کو مُلک مُلک سے جمع کِیا۔ پُورب سے اور پچھم سے۔ اُتّر سے اور دکھِّن سے۔ وہ بیابان میں صحرا کے راستہ پر بھٹکتے پِھرے۔ اُن کو بسنے کے لِئے کوئی شہر نہ مِلا۔ وہ بُھوکے اور پیاسے تھے اور اُن کا دِل بَیٹھا جاتا تھا۔ تب اپنی مُصِیبت میں اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی اور اُس نے اُن کو اُن کے دُکھوں سے رہائی بخشی۔ وہ اُن کو سیدھی راہ سے لے گیا تاکہ بسنے کے لِئے کِسی شہر میں جا پُہنچیں۔ کاش کہ لوگ خُداوند کی شفقت کی خاطِر اور بنی آدمؔ کے لِئے اُس کے عجائِب کی خاطِر اُس کی سِتایش کرتے! کیونکہ وہ ترستی جان کو سیر کرتا ہے اور بُھوکی جان کو نِعمتوں سے مالا مال کرتا ہے۔ جو اندھیرے اور مَوت کے سایہ میں بَیٹھے مُصِیبت اور لوہے سے جکڑے ہُوئے تھے۔ چُونکہ اُنہوں نے خُدا کے کلام سے سرکشی کی اور حق تعالیٰ کی مشوَرت کو حقِیر جانا اِس لِئے اُس نے اُن کا دِل مشقّت سے عاجِز کر دِیا۔ وہ گِر پڑے اور کوئی مددگار نہ تھا۔ تب اپنی مُصِیبت میں اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی اور اُس نے اُن کو اُن کے دُکھوں سے رہائی بخشی۔ وہ اُن کو اندھیرے اور مَوت کے سایہ سے نِکال لایا اور اُن کے بندھن توڑ ڈالے۔ کاش کہ لوگ خُداوند کی شفقت کی خاطِر اور بنی آدمؔ کے لِئے اُس کے عجائِب کی خاطِر اُس کی سِتایش کرتے! کیونکہ اُس نے پِیتل کے پھاٹک توڑ دِئیے اور لوہے کے بینڈوں کو کاٹ ڈالا۔ احمق اپنی خطاؤں کے سبب سے اور اپنی بدکاری کے باعِث مُصِیبت میں پڑتے ہیں۔ اُن کے جی کو ہر طرح کے کھانے سے نفرت ہو جاتی ہے اور وہ مَوت کے پھاٹکوں کے نزدِیک پُہنچ جاتے ہیں۔ تب وہ اپنی مُصِیبت میں خُداوند سے فریاد کرتے ہیں اور وہ اُن کو اُن کے دُکھوں سے رہائی بخشتا ہے۔ وہ اپنا کلام نازِل فرما کر اُن کو شِفا دیتا ہے اور اُن کو اُن کی ہلاکت سے رہائی بخشتا ہے۔ کاش کہ لوگ خُداوند کی شفقت کی خاطِر اور بنی آدمؔ کے لِئے اُس کے عجائِب کی خاطِر اُس کی سِتایش کرتے! وہ شُکرگُذاری کی قُربانِیاں گُذرانیں اور گاتے ہُوئے اُس کے کاموں کا بیان کریں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں زبور 107