زبور 7:106-21
زبور 7:106-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب ہمارے آباؤاَجداد مِصر میں تھے، تَب اُنہُوں نے آپ کے عجائبات کی طرف غور نہ کیا؛ نہ ہی آپ کی شفقت و مَحَبّت کو یاد کیا، اَور اُنہُوں نے سمُندر یعنی بحرِقُلزمؔ کے کنارے بغاوت کی۔ تو بھی خُدا نے اَپنے نام کی خاطِر اُنہیں بچا لیا، تاکہ اَپنی عظیم قُدرت ظاہر فرمائیں۔ تَب خُدا نے بحرِقُلزمؔ کو ڈانٹا اَور وہ خشک ہو گیا؛ اَور وہ اُنہیں گہراؤ میں سے اَیسے لے گئے گویا وہ کویٔی بیابان تھا۔ خُدا نے اُنہیں کینہ ور کے ہاتھ سے بچا لیا؛ اَور دُشمن کے ہاتھ سے چھُڑا لیا۔ پانی نے اُن کے حریفوں کو نگل لیا؛ اَور اُن میں سے ایک بھی نہ بچا۔ تَب خُدا کے لوگوں نے اُن کے وعدوں کا یقین کیا اَور اُن کی مدح سرائی کی۔ لیکن وہ بہت جلد بھُول گیٔے کہ خُدا نے کیا کیا تھا اَور اُن کی مشورت کا اِنتظار نہ کیا۔ وہ بیابان میں حِرص کے شِکار ہو گئے؛ اَور صحرا میں خُدا کو آزمایا۔ تَب خُدا نے اُن لوگوں کو اُن کی مُنہ مانگی چیز تو دے دی، لیکن ساتھ ہی اُن پر لاغر کرنے والی وَبا بھی نازل کر دی۔ وہ خیمہ گاہ میں مَوشہ پر اَور اَہرونؔ پرجو یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کئےگئے تھے، حَسد کرنے لگے۔ لہٰذا زمین پھٹی اَور داتنؔ کو نگل گئی؛ اَور ابیرامؔ کی جماعت کو کھا گئی۔ اَور اُن کے پیروکاروں کی جماعت کے درمیان آگ بھڑکی؛ اَور ایک شُعلے نے بدکار لوگوں کو بھسم کر دیا۔ کوہِ حورِبؔ میں اُنہُوں نے ایک بچھڑا بنایا اَور ڈھالے ہُوئے بچھڑے کے بُت کی پرستش کی۔ اُنہُوں نے اَپنے جلالی خُدا کو محض ایک گھاس کھانے والے بَیل کی شکل سے بدل دیا۔ اُنہُوں نے اُس خُدا کو فراموش کر دیا جِس نے اُنہیں نَجات بخشی تھی، اَور جِس نے مِصر میں بڑے بڑے کام کئے تھے،
زبور 7:106-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
جب ہمارے باپ دادا مصر میں تھے تو اُنہیں تیرے معجزوں کی سمجھ نہ آئی اور تیری متعدد مہربانیاں یاد نہ رہیں بلکہ وہ سمندر یعنی بحرِ قُلزم پر سرکش ہوئے۔ توبھی اُس نے اُنہیں اپنے نام کی خاطر بچایا، کیونکہ وہ اپنی قدرت کا اظہار کرنا چاہتا تھا۔ اُس نے بحرِ قُلزم کو جھڑکا تو وہ خشک ہو گیا۔ اُس نے اُنہیں سمندر کی گہرائیوں میں سے یوں گزرنے دیا جس طرح ریگستان میں سے۔ اُس نے اُنہیں نفرت کرنے والے کے ہاتھ سے چھڑایا اور عوضانہ دے کر دشمن کے ہاتھ سے رِہا کیا۔ اُن کے مخالف پانی میں ڈوب گئے۔ ایک بھی نہ بچا۔ تب اُنہوں نے اللہ کے فرمانوں پر ایمان لا کر اُس کی مدح سرائی کی۔ لیکن جلد ہی وہ اُس کے کام بھول گئے۔ وہ اُس کی مرضی کا انتظار کرنے کے لئے تیار نہ تھے۔ ریگستان میں شدید لالچ میں آ کر اُنہوں نے وہیں بیابان میں اللہ کو آزمایا۔ تب اُس نے اُن کی درخواست پوری کی، لیکن ساتھ ساتھ مہلک وبا بھی اُن میں پھیلا دی۔ خیمہ گاہ میں وہ موسیٰ اور رب کے مُقدّس امام ہارون سے حسد کرنے لگے۔ تب زمین کھل گئی، اور اُس نے داتن کو ہڑپ کر لیا، ابیرام کے جتھے کو اپنے اندر دفن کر لیا۔ آگ اُن کے جتھے میں بھڑک اُٹھی، اور بےدین نذرِ آتش ہوئے۔ وہ کوہِ حورب یعنی سینا کے دامن میں بچھڑے کا بُت ڈھال کر اُس کے سامنے اوندھے منہ ہو گئے۔ اُنہوں نے اللہ کو جلال دینے کے بجائے گھاس کھانے والے بَیل کی پوجا کی۔ وہ اللہ کو بھول گئے، حالانکہ اُسی نے اُنہیں چھڑایا تھا، اُسی نے مصر میں عظیم کام کئے تھے۔
زبور 7:106-21 کِتابِ مُقادّس (URD)
ہمارے باپ دادا مِصرؔ میں تیرے عجائِب نہ سمجھے۔ اُنہوں نے تیری شفقت کی کثرت کو یاد نہ کِیا۔ بلکہ سمُندر پر یعنی بحرِ قُلزؔم پر باغی ہُوئے۔ تَو بھی اُس نے اُن کو اپنے نام کی خاطِر بچایا تاکہ اپنی قُدرت ظاہِر کرے۔ اُس نے بحرِ قُلزم کو ڈانٹا اور وہ سُوکھ گیا۔ وہ اُن کو گہراؤ میں سے اَیسے نِکال لے گیا جَیسے بیابان میں سے اور اُس نے اُن کو عداوت رکھنے والے کے ہاتھ سے بچایا اور دُشمن کے ہاتھ سے چُھڑایا۔ سمُندر نے اُن کے مُخالِفوں کو چِھپا لِیا۔ اُن میں سے ایک بھی نہ بچا۔ تب اُنہوں نے اُس کے قَول کا یقِین کِیا اور اُس کی مدح سرائی کرنے لگے۔ پِھر وہ جلد اُس کے کاموں کو بُھول گئے اور اُس کی مشوَرت کا اِنتظار نہ کِیا بلکہ بیابان میں بڑی حِرص کی۔ اور صحرا میں خُدا کو آزمایا۔ سو اُس نے اُن کی مُراد تو پُوری کر دی پر اُن کی جان کو سُکھا دِیا۔ اُنہوں نے خَیمہ گاہ میں مُوسیٰ پر اور خُداوند کے مُقدّس مَرد ہارُون پر حسد کِیا۔ سو زمِین پھٹی اور داتن کو نِگل گئی اور اَبِیرامؔ کی جماعت کو کھا گئی اور اُن کے جتھے میں آگ بھڑک اُٹھی اور شُعلوں نے شرِیروں کو بھسم کر دِیا۔ اُنہوں نے حورِب میں ایک بچُھڑا بنایا اور ڈھالی ہُوئی مُورت کو سِجدہ کِیا۔ یُوں اُنہوں نے خُدا کے جلال کو گھاس کھانے والے بَیل کی شکل سے بدل دِیا۔ وہ اپنے مُنّجی خُدا کو بُھول گئے جِس نے مِصرؔ میں بڑے بڑے کام کِئے