زبور 16:106-30
زبور 16:106-30 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
خیمہ گاہ میں وہ موسیٰ اور رب کے مُقدّس امام ہارون سے حسد کرنے لگے۔ تب زمین کھل گئی، اور اُس نے داتن کو ہڑپ کر لیا، ابیرام کے جتھے کو اپنے اندر دفن کر لیا۔ آگ اُن کے جتھے میں بھڑک اُٹھی، اور بےدین نذرِ آتش ہوئے۔ وہ کوہِ حورب یعنی سینا کے دامن میں بچھڑے کا بُت ڈھال کر اُس کے سامنے اوندھے منہ ہو گئے۔ اُنہوں نے اللہ کو جلال دینے کے بجائے گھاس کھانے والے بَیل کی پوجا کی۔ وہ اللہ کو بھول گئے، حالانکہ اُسی نے اُنہیں چھڑایا تھا، اُسی نے مصر میں عظیم کام کئے تھے۔ جو معجزے حام کے ملک میں ہوئے اور جو جلالی واقعات بحرِ قُلزم پر پیش آئے تھے وہ سب اللہ کے ہاتھ سے ہوئے تھے۔ چنانچہ اللہ نے فرمایا کہ مَیں اُنہیں نیست و نابود کروں گا۔ لیکن اُس کا چنا ہوا خادم موسیٰ رخنے میں کھڑا ہو گیا تاکہ اُس کے غضب کو اسرائیلیوں کو مٹانے سے روکے۔ صرف اِس وجہ سے اللہ اپنے ارادے سے باز آیا۔ پھر اُنہوں نے کنعان کے خوش گوار ملک کو حقیر جانا۔ اُنہیں یقین نہیں تھا کہ اللہ اپنا وعدہ پورا کرے گا۔ وہ اپنے خیموں میں بڑبڑانے لگے اور رب کی آواز سننے کے لئے تیار نہ ہوئے۔ تب اُس نے اپنا ہاتھ اُن کے خلاف اُٹھایا تاکہ اُنہیں وہیں ریگستان میں ہلاک کرے اور اُن کی اولاد کو دیگر اقوام میں پھینک کر مختلف ممالک میں منتشر کر دے۔ وہ بعل فغور دیوتا سے لپٹ گئے اور مُردوں کے لئے پیش کی گئی قربانیوں کا گوشت کھانے لگے۔ اُنہوں نے اپنی حرکتوں سے رب کو طیش دلایا تو اُن میں مہلک بیماری پھیل گئی۔ لیکن فینحاس نے اُٹھ کر اُن کی عدالت کی۔ تب وبا رُک گئی۔
زبور 16:106-30 کِتابِ مُقادّس (URD)
اُنہوں نے خَیمہ گاہ میں مُوسیٰ پر اور خُداوند کے مُقدّس مَرد ہارُون پر حسد کِیا۔ سو زمِین پھٹی اور داتن کو نِگل گئی اور اَبِیرامؔ کی جماعت کو کھا گئی اور اُن کے جتھے میں آگ بھڑک اُٹھی اور شُعلوں نے شرِیروں کو بھسم کر دِیا۔ اُنہوں نے حورِب میں ایک بچُھڑا بنایا اور ڈھالی ہُوئی مُورت کو سِجدہ کِیا۔ یُوں اُنہوں نے خُدا کے جلال کو گھاس کھانے والے بَیل کی شکل سے بدل دِیا۔ وہ اپنے مُنّجی خُدا کو بُھول گئے جِس نے مِصرؔ میں بڑے بڑے کام کِئے اور حام کی سرزمِین میں عجائِب اور بحرِ قُلزؔم پر دہشت انگیز کام کِئے۔ اِس لِئے اُس نے فرمایا مَیں اُن کو ہلاک کر ڈالتا اگر میرا برگُزِیدہ مُوسیٰ میرے حضُور بِیچ میں نہ آتا کہ میرے قہر کو ٹال دے تا نہ ہو کہ مَیں اُن کو ہلاک کرُوں۔ اور اُنہوں نے اُس سہانے مُلک کو حقِیر جانا اور اُس کے قَول کا یقِین نہ کِیا۔ بلکہ وہ اپنے ڈیروں میں بُڑبُڑائے اور خُداوند کی بات نہ مانی۔ تب اُس نے اُن کے خِلاف قَسم کھائی کہ مَیں اُن کو بیابان میں پست کرُوں گا۔ اور اُن کی نسل کو قَوموں کے درمیان گِرا دُوں گا اور اُن کو مُلک مُلک میں تِتربِتر کرُوں گا۔ وہ بعل فغُور کو پُوجنے لگے اور بُتوں کی قُربانِیاں کھانے لگے۔ یُوں اُنہوں نے اپنے اعمال سے اُس کو خشم ناک کِیا اور وبا اُن میں پُھوٹ نِکلی۔ تب فِینحاس اُٹھا اور بِیچ میں آیا اور وبا رُک گئی۔