زبور 24:104-30
زبور 24:104-30 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، تیرے اَن گنت کام کتنے عظیم ہیں! تُو نے ہر ایک کو حکمت سے بنایا، اور زمین تیری مخلوقات سے بھری پڑی ہے۔ سمندر کو دیکھو، وہ کتنا بڑا اور وسیع ہے۔ اُس میں بےشمار جاندار ہیں، بڑے بھی اور چھوٹے بھی۔ اُس کی سطح پر جہاز اِدھر اُدھر سفر کرتے ہیں، اُس کی گہرائیوں میں لِویاتان پھرتا ہے، وہ اژدہا جسے تُو نے اُس میں اُچھلنے کودنے کے لئے تشکیل دیا تھا۔ سب تیرے انتظار میں رہتے ہیں کہ تُو اُنہیں وقت پر کھانا مہیا کرے۔ تُو اُن میں خوراک تقسیم کرتا ہے تو وہ اُسے اکٹھا کرتے ہیں۔ تُو اپنی مٹھی کھولتا ہے تو وہ اچھی چیزوں سے سیر ہو جاتے ہیں۔ جب تُو اپنا چہرہ چھپا لیتا ہے تو اُن کے حواس گم ہو جاتے ہیں۔ جب تُو اُن کا دم نکال لیتا ہے تو وہ نیست ہو کر دوبارہ خاک میں مل جاتے ہیں۔ تُو اپنا دم بھیج دیتا ہے تو وہ پیدا ہو جاتے ہیں۔ تُو ہی رُوئے زمین کو بحال کرتا ہے۔
زبور 24:104-30 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! تیری صنعتیں کَیسی بے شُمار ہیں! تُو نے یہ سب کُچھ حِکمت سے بنایا۔ زمِین تیری مخلُوقات سے معمُور ہے۔ دیکھو یہ بڑا اور چَوڑا سمُندر جِس میں بے شُمار رینگنے والے جاندار ہیں۔ یعنی چھوٹے اور بڑے جانور۔ جہاز اِسی میں چلتے ہیں۔ اِسی میں لویاتان ہے جِسے تُو نے اِس میں کھیلنے کو پَیدا کِیا۔ اِن سب کو تیرا ہی آسرا ہے تاکہ تُو اُن کو وقت پر خُوراک دے۔ جو کُچھ تُو دیتا ہے یہ لے لیتے ہیں۔ تُو اپنی مُٹھّی کھولتا ہے اور یہ اچھّی چِیزوں سے سیر ہوتے ہیں۔ تُو اپنا چہرہ چِھپا لیتا ہے اور یہ پریشان ہو جاتے ہیں۔ تُو اِن کا دَم روک لیتا ہے اور یہ مَر جاتے ہیں اور پِھر مِٹّی میں مِل جاتے ہیں۔ تُو اپنی رُوح بھیجتا ہے اور یہ پَیدا ہوتے ہیں اور تُو رُویِ زمِین کو نیا بنا دیتا ہے۔