زبور 1:103-14
زبور 1:103-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ اے میری جان، رب کی ستائش کر! میرا رگ و ریشہ اُس کے قدوس نام کی حمد کرے! اے میری جان، رب کی ستائش کر اور جو کچھ اُس نے تیرے لئے کیا ہے اُسے بھول نہ جا۔ کیونکہ وہ تیرے تمام گناہوں کو معاف کرتا، تجھے تمام بیماریوں سے شفا دیتا ہے۔ وہ عوضانہ دے کر تیری جان کو موت کے گڑھے سے چھڑا لیتا، تیرے سر کو اپنی شفقت اور رحمت کے تاج سے آراستہ کرتا ہے۔ وہ تیری زندگی کو اچھی چیزوں سے سیر کرتا ہے، اور تُو دوبارہ جوان ہو کر عقاب کی سی تقویت پاتا ہے۔ رب تمام مظلوموں کے لئے راستی اور انصاف قائم کرتا ہے۔ اُس نے اپنی راہیں موسیٰ پر اور اپنے عظیم کام اسرائیلیوں پر ظاہر کئے۔ رب رحیم اور مہربان ہے، وہ تحمل اور شفقت سے بھرپور ہے۔ نہ وہ ہمیشہ ڈانٹتا رہے گا، نہ ابد تک ناراض رہے گا۔ نہ وہ ہماری خطاؤں کے مطابق سزا دیتا، نہ ہمارے گناہوں کا مناسب اجر دیتا ہے۔ کیونکہ جتنا بلند آسمان ہے، اُتنی ہی عظیم اُس کی شفقت اُن پر ہے جو اُس کا خوف مانتے ہیں۔ جتنی دُور مشرق مغرب سے ہے اُتنا ہی اُس نے ہمارے قصور ہم سے دُور کر دیئے ہیں۔ جس طرح باپ اپنے بچوں پر ترس کھاتا ہے اُسی طرح رب اُن پر ترس کھاتا ہے جو اُس کا خوف مانتے ہیں۔ کیونکہ وہ ہماری ساخت جانتا ہے، اُسے یاد ہے کہ ہم خاک ہی ہیں۔
زبور 1:103-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میری جان! خُداوند کو مُبارک کہہ اور جو کُچھ مُجھ میں ہے اُس کے قُدُّوس نام کو مُبارک کہے۔ اَے میری جان! خُداوند کو مُبارک کہہ اور اُس کی کِسی نِعمت کو فراموش نہ کر۔ وہ تیری ساری بدکاری کو بخشتا ہے۔ وہ تُجھے تمام بِیماریوں سے شِفا دیتا ہے۔ وہ تیری جان ہلاکت سے بچاتا ہے۔ وہ تیرے سر پر شفقت و رحمت کا تاج رکھتا ہے۔ وہ تُجھے عُمر بھر اچھّی اچھّی چِیزوں سے آسُودہ کرتا ہے۔ تُو عُقاب کی مانِند ازسرِ نَوجوان ہوتا ہے۔ خُداوند سب مظلُوموں کے لِئے صداقت اور عدل کے کام کرتا ہے۔ اُس نے اپنی راہیں مُوسیٰ پر اور اپنے کام بنی اِسرائیل پر ظاہِر کِئے خُداوند رحِیم اور کرِیم ہے۔ قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی۔ وہ سدا جِھڑکتا نہ رہے گا۔ وہ ہمیشہ غضب ناک نہ رہے گا۔ اُس نے ہمارے گُناہوں کے مُوافِق ہم سے سلُوک نہیں کِیا اور ہماری بدکارِیوں کے مُطابِق ہم کو بدلہ نہیں دِیا۔ کیونکہ جِس قدر آسمان زمِین سے بُلند ہے اُسی قدر اُس کی شفقت اُن پر ہے جو اُس سے ڈرتے ہیں۔ جَیسے پُورب پچھم سے دُور ہے وَیسے ہی اُس نے ہماری خطائیں ہم سے دُور کر دِیں جَیسے باپ اپنے بیٹوں پر ترس کھاتا ہے وَیسے ہی خُداوند اُن پر جو اُس سے ڈرتے ہیں ترس کھاتا ہے۔ کیونکہ وہ ہماری سرِشت سے واقِف ہے۔ اُسے یاد ہے کہ ہم خاک ہیں۔