زبور 12:10-18
زبور 12:10-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَے یَاہوِہ، اُٹھیں، اَپنا ہاتھ اُٹھائیں، اَے خُدا! اَور مظلوموں کو فراموش نہ کریں۔ بدکار آدمی خُدا کی ناقدری کرتے ہُوئے اَپنے دِل میں اِنسان کیوں کہتا رہتاہے، ”خُدا مُجھ سے بازپُرس نہ کریں گے؟“ اَے خُدا، لیکن آپ شرارت اَور غم کو دیکھ رہے ہیں؛ آپ اُن کے غموں پر غور کریں اَور اِسے اَپنے ہاتھ میں لے لیں۔ بےکس خُود کو آپ کی پناہ میں دیتے ہیں؛ آپ ہی یتیموں کے مددگار ہیں۔ سنگدل اَور بدکار اِنسان کا بازو توڑ دیں؛ اَور اُس کی ساری پوشیدہ شرارت کا اُس سے حِساب لیں۔ جَب تک کہ بدکار کی شرارت باقی نہ رہے۔ یَاہوِہ ابدُالآباد بادشاہ ہیں؛ قومیں اُن کے مُلک میں سے نابود ہو جایٔیں گی۔ اَے یَاہوِہ، آپ مظلوموں کی استدعا سُنتے ہیں؛ اُن کے دِلوں کو تیّار کرتے ہیں اَور اُن کی فریاد پر کان لگاتے ہیں، یتیموں اَور مظلوموں کا اِنصاف کرتے ہیں، تاکہ خاک سے بنا اِنسان پھر دہشت نہ پھیلایٔے۔
زبور 12:10-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، اُٹھ! اے اللہ، اپنا ہاتھ اُٹھا کر ناچاروں کی مدد کر اور اُنہیں نہ بھول۔ بےدین اللہ کی تحقیر کیوں کرے، وہ دل میں کیوں کہے، ”اللہ مجھ سے جواب طلب نہیں کرے گا“؟ اے اللہ، حقیقت میں تُو یہ سب کچھ دیکھتا ہے۔ تُو ہماری تکلیف اور پریشانی پر دھیان دے کر مناسب جواب دے گا۔ ناچار اپنا معاملہ تجھ پر چھوڑ دیتا ہے، کیونکہ تُو یتیموں کا مددگار ہے۔ شریر اور بےدین آدمی کا بازو توڑ دے! اُس سے اُس کی شرارتوں کی جواب طلبی کر تاکہ اُس کا پورا اثر مٹ جائے۔ رب ابد تک بادشاہ ہے۔ اُس کے ملک سے دیگر اقوام غائب ہو گئی ہیں۔ اے رب، تُو نے ناچاروں کی آرزو سن لی ہے۔ تُو اُن کے دلوں کو مضبوط کرے گا اور اُن پر دھیان دے کر یتیموں اور مظلوموں کا انصاف کرے گا تاکہ آئندہ کوئی بھی انسان ملک میں دہشت نہ پھیلائے۔
زبور 12:10-18 کِتابِ مُقادّس (URD)
اُٹھ اَے خُداوند! اَے خُدا اپنا ہاتھ بُلند کر! غرِیبوں کو نہ بُھول۔ شرِیر کِس لِئے خُدا کی اِہانت کرتا ہے اور اپنے دِل میں کہتا ہے کہ تُو بازپرس نہ کرے گا؟ تُو نے دیکھ لِیا ہے کیونکہ تُو شرارت اور بُغض دیکھتا ہے تاکہ اپنے ہاتھ سے بدلہ دے۔ بیکس اپنے آپ کو تیرے سپُرد کرتا ہے۔ تُو ہی یتِیم کا مددگار رہا ہے۔ شرِیر کا بازُو توڑ دے۔ اور بدکار کی شرارت کو جب تک نابُود نہ ہو ڈھُونڈ ڈھُونڈ کر نِکال۔ خُداوند ابدُالآباد بادشاہ ہے۔ قَومیں اُس کے مُلک میں سے نابُود ہو گئِیں۔ اَے خُداوند! تُو نے حلِیموں کا مُدّعا سُن لِیا ہے۔ تُو اُن کے دِل کو تیّار کرے گا۔ تُو کان لگا کر سُنے گا کہ یتِیم اور مظلُوم کا اِنصاف کرے تاکہ اِنسان جو خاک سے ہے پِھر نہ ڈرائے۔