زبور 1:1-4
زبور 1:1-4 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
وہ آدمی مُبارک ہے جو بدکار لوگوں کی صلاح پر نہیں چلتا، اَور نہ گُنہگاروں کی راہ میں قدم رکھتا ہے اَور نہ ٹھٹّھے بازوں کی صحبت میں بیٹھتا ہے، بَلکہ یَاہوِہ کے آئین میں اُس کی مسرّت ہے، اَورجو اُس کی شَریعت پر دِن رات غوروخوض کرتا رہتاہے۔ وہ اُس درخت کی مانند ہے جو پانی کی نہروں کے کنارے لگایا گیا ہو، جو اَپنے موسم میں پھلتا ہے۔ اَور جِس کے پتّے مُرجھاتے نہیں۔ لہٰذا اَیسا آدمی جو کچھ کرتا ہے بارآور ہوتاہے۔ لیکن بدکار لوگ اَیسے نہیں ہوتے! وہ اُس بھُوسے کی مانند ہوتے ہیں، جسے ہَوا اُڑا لے جاتی ہے۔
زبور 1:1-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مبارک ہے وہ جو نہ بےدینوں کے مشورے پر چلتا، نہ گناہ گاروں کی راہ پر قدم رکھتا، اور نہ طعنہ زنوں کے ساتھ بیٹھتا ہے بلکہ رب کی شریعت سے لطف اندوز ہوتا اور دن رات اُسی پر غور و خوض کرتا رہتا ہے۔ وہ نہروں کے کنارے پر لگے درخت کی مانند ہے۔ وقت پر وہ پھل لاتا، اور اُس کے پتے نہیں مُرجھاتے۔ جو کچھ بھی کرے اُس میں وہ کامیاب ہے۔ بےدینوں کا یہ حال نہیں ہوتا۔ وہ بھوسے کی مانند ہیں جسے ہَوا اُڑا لے جاتی ہے۔
زبور 1:1-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
مُبارک ہے وہ آدمی جو شرِیروں کی صلاح پر نہیں چلتا اور خطاکاروں کی راہ میں کھڑا نہیں ہوتا اور ٹھٹّھابازوں کی مجلِس میں نہیں بَیٹھتا بلکہ خُداوند کی شرِیعت میں اُس کی خُوشنُودی ہے اور اُسی کی شرِیعت پر دِن رات اُس کا دِھیان رہتا ہے۔ وہ اُس درخت کی مانِند ہو گا جو پانی کی ندیوں کے پاس لگایا گیا ہے۔ جو اپنے وقت پر پھلتا ہے اور جِس کا پتّا بھی نہیں مُرجھاتا۔ سو جو کُچھ وہ کرے باروَر ہو گا۔ شرِیر اَیسے نہیں بلکہ وہ بُھوسے کی مانِند ہیں جِسے ہوا اُڑا لے جاتی ہے۔